اہم خبریں LIVE: بہار میں جنتا دل یو کو پھر لگا جھٹکا، ابھئے کشواہا نے پارٹی کے سبھی عہدوں سے دیا استعفیٰ

جنتا دل یو، تصویر آئی اے این ایس
جنتا دل یو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

20 Mar 2024, 8:54 PM

بہار: ابھئے کشواہا نے جنتا دل یو کے سبھی عہدوں سے دیا استعفیٰ

لوک سبھا انتخاب سے ٹھیک پہلے سابق مرکزی وزیر علی اشرف فاطمی نے جنتا دل یو چھوڑ کر نتیش کمار کو بڑا جھٹکا دیا تھا، اور اب آج سینئر لیڈر ابھے کشواہا نے بھی جنتا دل یو کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ انھوں نے پارٹی کے سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے اور جلد ہی آر جے ڈی میں شمولیت کا اشارہ دیا ہے۔

20 Mar 2024, 6:57 PM

رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کانگریس کی رکنیت اختیار کی

لوک سبھا انتخاب سے ٹھیک پہلے کانگریس کو ایک اور بڑی خوشخبری ملی ہے۔ جئے پرکاش پٹیل اور پپو یادو جیسی شخصیتوں کے بعد دانش علی نے بھی کانگریس کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ اتر پردیش کے امروہہ سے رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ دانش علی کو بی ایس پی نے گزشتہ سال دسمبر میں پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔ اب ان کے کانگریس میں شامل ہونے سے نہ صرف پارٹی کو مضبوطی ملے گی، بلکہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں امروہہ اور اس کے آس پاس کی پارلیمانی سیٹوں پر بھی اس کا اثر دکھائی دے گا۔ دانش علی نے اتر پردیش میں کانگریس کو مضبوط کرنے کا عزم بھی ظاہر کر دیا ہے۔

20 Mar 2024, 4:00 PM

پپو یادو نے اپنی پارٹی ’جن ادھیکار پارٹی‘ کو کانگریس میں ضم کردیا

 بہار کی سیاست میں سرگرم اور سیمانچل میں مضبوط اثر رکھنے والے راجیش رنجن عرف پپو یادو نے اپنی سیاسی پارٹی ’جن ادھیکار پارٹی‘ کو کانگریس میں ضم کر دیا ہے۔ اس سے قبل وہ خو د کو کانگریس کی نظریات کا حامل بتاتے رہے ہیں۔ آج دہلی میں کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے انہیں کانگریس میں شامل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔


20 Mar 2024, 3:04 PM

مرکزی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں سی ای سی ایکٹ پر روک لگانے کی درخواستوں پر پرحلف نامہ داخل

مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں سی ای سی و دیگر الیکشن کمشنرز ایکٹ 2023 پر روک لگانے کی درخواستوں پر حلف نامہ داخل کیا۔ اس ایکٹ پر روک لگانے کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مرکز کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن یا کسی دوسرے ادارے یا اتھارٹی کی آزادی کا سلیکشن کمیٹی میں کسی عدالتی رکن کی موجودگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

20 Mar 2024, 1:31 PM

مرکزی وزیر کرن رجیجو نے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی وزارت کا اضافی چارج سنبھالا

مرکزی وزیر کرن رجیجو نے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی وزارت کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔ راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ پشوپتی کمار پارس نے حال ہی میں لوک سبھا انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم پر وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد یہ عہدہ خالی ہو گیا تھا۔


20 Mar 2024, 11:24 AM

سپریم کورٹ دہلی جل بورڈ سے متعلق دہلی حکومت کی عرضی پر یکم اپریل کو سماعت کرے گا

سپریم کورٹ نے یکم اپریل کو دہلی حکومت کی اس درخواست کو سننے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دہلی جل بورڈ کے فنڈز جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ دہلی حکومت کے لیے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے اس معاملے پر فوری سماعت کی درخواست کی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ یکم اپریل کو اس معاملے کو فہرست میں شامل کرے گی اور اگر کوئی چیز قابل غور ہوئی تو فیصلہ پلٹا جا سکتا ہے۔

20 Mar 2024, 10:27 AM

لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری، 120 سیٹوں پر 19 اپریل کو ہوگی ووٹنگ

الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے آج نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں۔ اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، اتراکھنڈ اور اروناچل پردیش سمیت 21 ریاستوں کے امیدوار آج سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کریں گے۔ پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو ہی کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔