اہم خبریں LIVE: اتر پردیش– موہن لال گنج پارلیمانی سیٹ سے سماجوادی پارٹی نے اپنے امیدوار کا اعلان کیا

سماج وادی پارٹی
سماج وادی پارٹی
user

قومی آوازبیورو

17 Feb 2024, 6:10 PM

اتر پردیش: موہن لال گنج پارلیمانی سیٹ سے سماجوادی پارٹی نے اپنے امیدوار کا اعلان کیا

لکھنؤ: لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے سماجوادی پارٹی نے اتر پردیش کی موہن لال سیٹ سے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سیٹ سے اس نے اپنے قدآور لیڈر اور سابق کابینی وزیر آر کے چودھری کو امیدوار بنایا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کارکنان کی میٹنگ میں آر کے چودھری کے نام کا اعلان کیا۔ اس سے قبل پارٹی کے ریاستی نائب صدر سی ایل ورما نے گھریلو مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے انتخاب لڑنے سے منع کر دیا تھا۔ ان کے انکار کرنے کے بعد آر کے چودھری کو پارٹی کا امیدوار بنایا گیا ہے۔

17 Feb 2024, 4:46 PM

منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پرفیصلہ 21 فروری کو

نئی دہلی: دہلی شراب گھوٹالے کے الزام میں جیل میں بند منیش سسودیا کی باقاعدہ درخواست ضمانت پر فیصلہ کرنے سے قبل عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ کیا سپریم کورٹ میں کیوریٹو پٹیشن کے زیر التوا ہونے کی صورت میں نچلی عدالت ضمانت پر فیصلہ کر سکتی ہے؟ اس پر غور کرنے کے لیے عدالت نے 21 فروری کی تارخ مقرر کی ہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران ای ڈی نے یہ اعتراض کیا کہ ایک ہی معاملے میں ایک ہی وقت میں دو مختلف عدالتوں میں سماعت نہیں کی جا سکتی۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ کیوریٹیو پٹیشن پر سماعت کے لیے راضی ہو جاتی ہے تو اس پر کھلی عدالت میں سماعت کی جائے گی اور ضمانت کی درخواست پر صرف سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ منیش سسودیا نے راؤز اوینیو کورٹ میں باقاعدہ ضمانت کی درخواست داخل کر رکھی ہے۔

17 Feb 2024, 1:44 PM

دہلی میں ریل حادثہ، مال گاڑی کی 10 بوگیاں پٹری سے اتریں

نئی دہلی: دہلی کے ذخیرہ فلائی اوور کے قریب ہفتہ (17 فروری) کی صبح 11.52 بجے کے قریب ایک ریل حادثہ ہوا ہے، جس میں مال گاڑی کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔ ریلوے اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہیں۔ مال گاڑی میں لوہے کی شیٹ کے رول لوڈ تھے۔ ریلوے کی ٹیمیں مال گاڑی کو ٹریک پر سیدھا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ٹریک کی مرمت بھی شروع ہوگئی ہے۔ اس حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


17 Feb 2024, 11:47 AM

مودی حکومت نے کسانوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا: کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کو ملک کے کسانوں کے لیے لعنت قرار دیا۔ کھڑگے نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی کسانوں کو کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کا قانونی حق فراہم کر سکتی ہے۔

کھڑگے نے کہا، ’’مسلسل جھوٹی 'مودی کی گارنٹی' کی وجہ سے پہلے 750 کسان جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اب کل ربڑ کی گولی لگنے سے ایک کسان شہید ہو گئے اور 3 بینائی سے محروم ہو چکے۔ مودی حکومت نے کسانوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا۔ صرف کانگریس ہی انہیں ایم ایس پی کا قانونی حق فراہم کر سکتی ہے۔‘‘

17 Feb 2024, 10:32 AM

بھارت جوڑو نیائے یاترا اتر پردیش میں تقریباً آٹھ دن رہے گی: جئے رام رمیش

کانگریس کے جنرل سیکرٹری شعبہ مواصلات جئے رام رمیش نے بھارت جوڑونیائے یاترا کے بارے میں کہا کہ آج یاترا کا پینتیسواں دن ہے۔ آج راہل گاندھی کاشی وشوناتھ مندرمیں درشن کریں گے۔ اس کے بعد یہاں روڈ شو اور عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ آج رات ہم بھدوہی میں قیام کریں گے۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا اتر پردیش میں تقریباً آٹھ دن رہے گی۔


17 Feb 2024, 10:23 AM

کسان تحریک کا آج پانچواں دن، آرڈیننس لانے کا مطالبہ

کسانوں کی تحریک کا آج پانچواں دن ہے۔ اس موقع پر کسان رہنما سرونت سنگھ پنڈھیر نے پنجاب ہریانہ کے شمبھو بارڈر پر اپنے بیان میں کہا کہ ممکن ہے آرڈیننس کے ذریعے قانون لایا جائے۔ کسان مظاہرین کا یہ مطالبہ ہے کہ فصل پر ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔