اہم خبریں: دھماکہ خیز مواد کے ساتھ دو نکسلی گرفتار
دھماکہ خیز مواد کے ساتھ دو نکسلی گرفتار
بیجا پور: سیکورٹی فورسز نے چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلع میں چرپال اور پڈیرا کے درمیان واقع جنگل میں دو نکسلیوں کو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ ضلع میں چلائے جانے والے اینٹی نکسل آپریشن کے تحت تھانہ کوتوالی اور چیرپال سی آر پی ایف کیمپ سے 85 ویں بٹالین اور 241 ویں بٹالین کی مشترکہ پارٹی کل چرپل اور پیڈا کے درمیان گشت پر تھی۔ پھر دو مشکوک افراد نے انہیں دیکھ کر جنگل کی طرف بھاگنا شروع کیا، جنہیں سیکورٹی فورسز نے گھیر کر پکڑ لیا۔ پولیس تفتیش کے دوران ساونار کے رہنے والے دونوں نکسلیوں کی شناخت رمیش ہیملا (20) اور ارجن پونم کے طور پر ہوئی ہے۔ ان نکسلیوں کے بیگ کی تلاشی لینے پر اس میں کیڈیکس وائر اور ڈیٹونیٹر ملے۔ یہ دھماکہ خیز مواد چیرپل پلٹ میں آئی ای ڈی لگانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ گرفتار نکسلیوں کو راستے کے جائزے کا ٹاسک بھی دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں دونوں نکسلیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
اورنگ آباد میں سبزی فروش کا گولی مار کرقتل
اورنگ آباد: بہار میں اورنگ آباد ضلع کے نگر تھانہ علاقہ میں بدمعاشوں نے سموار کو ایک سبزی فروش کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ چتر گپت نگر محلہ میں بدمعاشوں نے سبزی فروش جیتو مہتا کا گولی مار کرقتل کر دیا۔ سب ڈویژنل پولیس افسر منیش کمار نے بتایا کہ قتل کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کر کے پولیس واقعے میں شامل بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے ماری کر رہی ہے۔
آسارام کو سپریم کورٹ سے جھٹکا، علاج کے لئے سزا کی معطلی کی عرضی خارج
عصمت دری کے معاملہ میں سزایافتہ خود ساختہ بابا آسارام کی سزا کی عارضی طور پر معطلی کی عرضی سپریم کورٹ سے خارج ہو گئی۔ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی اپنی عرضی میں آسارام نے آیوروید سے اترکھنڈ میں علاج کرانے کی اجازت طلب کی تھی۔
آن لائن ٹھگی کرنے والے گروہ کا پردہ فاش، 14 افراد گرفتار
دہلی پولیس نے آن لائن ٹھگی کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 36 معاملوں میں تقریباً 1.2 کروڑ روپے کی ٹھگی کی ہے۔ ڈی سی پی دہلی پولیس سائبر سیل انییش روئے نے کہا کہ گرفتار شدگان نے ہر روز 4 سے 5 افراد کو ٹھگی کا شکار بنانے کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان پہلے ٹیکنالوجی کا بہت زیادہ استعمال کیا کرتے تھے اس کے بعد انہوں نے لوگوں سے فون کر کے ان کی بینک تفصیلات وغیرہ مانگنی شروع کی اور اب یہ طریقہ بھی بند کر دیا تھا۔ اب یہ لوگ عارضی ویب سائٹ بنا کر شارٹ یو آر ایل کے ساتھ میسیج کے ذریعے لنک بھیجا کرتے تھے۔
ہمیں قوم کے تنوع کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے، فاروق عبداللہ
ہم سیاستدان (ملی ٹینٹوں کے) نشانہ پر ہوتے ہیں۔ جو قوم کے ساتھ کھڑے ہیں انہیں اس طرح کے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہندوستان ایک متنوع قوم ہے، پھر کیا چیز ہے جو ہمیں متحد کرتی ہے؟ وہ ہے اس ملک کو ایک متنوع قوم بنانے کا عزم۔ ہمیں اپنے تنوع کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔
سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، سپرٹیک کے 40 منزلہ ’ٹوئن ٹاورس‘ منہدم کرنے کا حکم
سپریم کورٹ نے ریئل اسٹیٹ کمپنی سپرٹیک کے ایک پروجیکٹ کے 40 منزلہ جڑواں ٹاوروں کو منہدم کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ تعمیراتی کام نوئیڈا اتھارٹی اور کمپنی کے عہدیداران اتحاد کے بعد کرایا گیا تھا۔
قومی راجدھانی دہلی کے کئی علاقوں میں بارش
قومی راجدھانی دہلی میں منگل کی صبح کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ اکشر دھام مندر کے قریب سڑکوں پر بارشوں کا پانی بھرا ہوا نظر آ رہا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے نئے معاملوں کی تعداد 30941 تک گری، 350 افراد کی موت
ہندوستان میں کورونا کے نئے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے اور پیر کے روز ملک بھر سے تقریباً 31 ہزار نئے معاملے رپورٹ ہوئے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 30941 نئے معاملے رپورٹ ہوئے۔ اس دوران 36275 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 350 افراد کی جان چلی گئی۔
نئے کیسز کے بعد ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملوں کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار 640 ہو گئی، جبکہ مجموعی طور پر 3 کروڑ 19 لاکھ 59 ہزار سے زیادہ افراد شفایابی حاصل کر چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کی زد میں آنے والے 4 لاکھ 38 ہزار 560 افراد دم توڑ چکے ہیں۔
ادھر، ہندوستان میں تاحال 64 کروڑ سے زیادہ افراد کی ٹیکہ کاری مکمل کی جا چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔