اہم خبریں: طالبانی لیڈروں کا انٹرویو لینے والی خاتون صحافی نے بھی چھوڑا افغانستان

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 Aug 2021, 11:10 PM

طالبانی لیڈروں کا انٹرویو لینے والی خاتون صحافی پر بھی خوف کا عالم، چھوڑا افغانستان

افغانستان پر طالبان کے قبضہ کے بعد تنظیم کے ترجمان کا پہلا ٹی وی انٹرویو لینے والی افغانی ٹی وی اینکر بہشت ارغند نے ملک چھوڑ دیا ہے۔ سی این این کے مطابق ارگند کا کہنا ہے کہ ’’میں نے ملک چھوڑ دیا، کیونکہ لاکھوں لوگوں کی طرح مجھے بھی طالبان سے ڈر لگتا ہے۔‘‘ ایک نیوز چینل سے بات چیت میں بہشت نے بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ قطر چلی گئی ہیں اور اگر افغانستان میں حالات بہتر ہوتے ہیں تبھی ملک واپسی کے بارے میں سوچیں گی۔

30 Aug 2021, 9:39 PM

پاکستان-نیوزی لینڈ سیریز کے لئے 25 فیصد شائقین کی اجازت

کراچی: پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئندہ سیریز کے دوران میدان پر 25 فیصد شائقین کی موجودگی کی منظوری دے دی ہے۔ این سی او سی کے اس اعلان کے مطابق تقریبا 4500 شائقین کو ون ڈے میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تقریبا 5500 کو میدان میں بیٹھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، حالانکہ میدان میں صرف انہیں لوگوں کو داخلہ دیاجائے گا جنہیں کورونا ویکسین کے دونوں ڈوز لگے ہوں گےاوران کے پاس کورونا ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ ہوگا۔

30 Aug 2021, 9:10 PM

ٹوکیو پیرالمپک: سمت انتل نے گولڈ میڈل حاصل کر کیا خوشی کا اظہار

ٹوکیو پیرالمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے جیولن تھروور سمت انتل نے اپنی کارکردگی پر بے انتہا خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں بہت خوش ہوں، میں نے ایک ہی مقابلے میں تین بار عالمی ریکارڈ توڑا۔ یہ میرا پہلا پیرالمپک تھا اس لیے میرے اوپر بہت دباؤ تھا، لوگوں کو مجھ سے بہت امید تھی۔ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔‘‘


30 Aug 2021, 7:10 PM

افغانستان: کابل ائیرپورٹ پر راکٹ حملہ کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی

پیر کے روز کابل ائیرپورٹ پر ہوئے ایک راکٹ حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی ہے۔ نیوز ایجنسی رائٹرس کے مطابق اسلامک اسٹیٹ کے ناشر نیوز نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر اس کی جانکاری دی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ کچھ دنوں پہلے کابل ائیرپورٹ کے باہر ہوئے دھماکے کی بھی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی۔

30 Aug 2021, 6:32 PM

ملک کو بانے کے لیے کسان ہر قربانی دینے کو تیار ہے: راکیش ٹکیت

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے مہینوں سے جاری مظاہرہ کی قیادت کر رہے کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ملک کو بچانے کے لیے کسان ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔‘‘ راکیش ٹکیت کا یہ بیان ہریانہ میں کسانوں پر ہوئی لاٹھی چارج سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے جہاں پرامن مظاہرہ کر رہے کسانوں پر پولیس نے بربریت والی کارروائی کی جس میں درجنوں کسان زخمی ہو گئے۔


30 Aug 2021, 6:08 PM

ہریانہ میں جان بوجھ کر کسانوں کا سر پھوڑا گیا: راکیش ٹکیت

گزشتہ روز ہریانہ میں کسانوں پر ہوئی ظالمانہ لاٹھی چارج کے تعلق سے کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ایک بیان دیا ہے جس میں کہا ہے کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کی گیا۔ کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے غازی آباد واقع لونی میں کسان مہاپنچایت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’افسر ہونے کے بعد بھی حکم دے رہا ہے کہ سر پھوٹے بغیر کوئی نہیں جانا چاہیے۔ اس کی فیملی اور وہ آر ایس ایس سے جڑے ہیں۔ جان بوجھ کر کسانوں کا سر پھوڑا گیا، ہڈیاں توڑی گئیں۔‘‘

30 Aug 2021, 5:40 PM

رائے گڑھ پولیس کے سامنے نارائن رانے حاضر نہیں ہوئے

پونے: بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے مرکزی وزیر نارائن رانے پیر کے روز مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔ نارائن رانے کے وکیل نے بتایا کہ خراب صحت کی وجہ سے مرکزی وزیر پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں حاضر نہیں ہو سکے۔ نارائن رانے کی جگہ ان کے وکیل سندیش چکنے مقامی کرائم برانچ انسپکٹر دیانند گووڑے کے دفتر میں حاضر ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ نرائن رانے نہیں آ سکے کیونکہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ گوڑے نے بتایا کہ نرائن رانے کے صبح آنے کی امید میں پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفترکے قریب پولیس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات معمول پر ہیں۔ مقامی رہنما بھی سندیش شکنے کے ساتھ تھے۔ نرائن رانے کو منگل کے روز وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو تھپڑ مارنے سے متعلق متنازعہ بیان کے بعد منگل کے روز گرفتار کیا گیا تھا اور دیر رات انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔