اہم خبریں: دوسری اننگ میں ہندوستان کی اچھی شروعات، بغیر کسی نقصان بنے 43 رن

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

03 Sep 2021, 11:10 PM

کرکٹ: دوسری اننگ میں ہندوستان کی اچھی شروعات، اسکور 43/0

ہندوستان اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے دن آج انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 99 رنوں کی اہم سبقت حاصل کی، لیکن اس کے بعد ہندوستان نے دوسری اننگ میں اچھی شروعات کی ہے۔ آج دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر ہندوستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 43 رن بنا لیے ہیں۔ ایک طرف روہت شرما 20 رن بنا کر کھیل رہے ہیں، اور دوسری طرف کے ایل راہل نے 22 رن بنائے ہیں۔

03 Sep 2021, 9:46 PM

کرکٹ: ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی پہلی اننگ 290 رن پر ختم، 99 رنوں کی ملی سبقت

ہندوستان کے ذریعہ پہلی اننگ میں بنائے گئے 191 رنوں کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں 290 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح سے انگلینڈ کو پہلی اننگ میں 99 رنوں کی ایک اچھی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ ایک وقت انگلینڈ کی حالت کافی خراب نظر آ رہی تھی، لیکن جانی بیرسٹو، اولی پوپ اور پھر آخر میں کرس ووکس کی تیز بلے بازی نے انگلینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

03 Sep 2021, 8:50 PM

کیرالہ کے 6 اضلاع میں کووی شیلڈ ویکسین کی خوراک ختم

کیرالہ میں ایک طرف کورونا کا قہر جاری ہے اور دوسری طرف کووڈ ویکسین کی خوراک ختم ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ ریاست کی وزیر صحت وینا جارج نے جمعہ کے روز بتایا کہ ریاست کے 6 اضلاع میں کووی شیلڈ ویکسین کی کمی ہو گئی ہے جب کہ ریاست بھر میں ٹیکوں کا اسٹاک صرف 1.4 لاکھ خوراک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے مرکز سے جلد از جلد ٹیکوں کے اسٹاک کو بھرنے کے لیے کہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ بہت جلد آ جائے گا۔


03 Sep 2021, 7:49 PM

کانگریس نے مودی حکومت میں دہشت گردانہ واقعات بڑھنے کا لگایا الزام

کانگریس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت قومی سیکورٹی کے نام پر ووٹ بٹورنے کا کام کرتی ہے، لیکن گزشتہ سالوں میں دہشت گردانہ واقعات بڑھے ہیں۔ ٹوئٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کے دوران ملک میں دہشت گردانہ حملے بڑھے ہیں، ملک غیر محفوظ ہوا ہے۔ مودی حکومت کے لیے قومی سیکورٹی سے زیادہ نیشنلزم صرف ووٹ بٹورنے کا ذریعہ بھر ہے۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ کانگریس نے ایک گراف بھی پیش کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں 2020 میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں پہلے مقام پر افغانستان ہے اور دوسرے پر ہندوستان ہے۔ پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال ہندوستان سے بہت پیچھے ہیں۔

03 Sep 2021, 7:07 PM

مودی حکومت نے سرکاری اثاثوں کی لگائی میگا ڈسکاؤنٹ سیل: اجے ماکن

رائے پور: کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر اجے ماکن نے مودی حکومت پر مونیٹائیزیشن کے ذریعے آزادی کے بعد 70 برسوں میں بنائے گئے ملک کے سرکاری اثاثوں کا میگا ڈسکاؤنٹ سیل لگانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ماکن نے آج یہاں چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کی موجودگی میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ مونوٹائیزیشن کے ذریعے ملک کی وراثت کو لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑی بڑی باتیں کر کے اقتدار میں آئی مودی حکومت نے ترقی کے نام پر سات برسوں میں دو جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے جس میں ایک کا نام مونیٹائزیشن اور دوسرے کا نام ڈیمونیٹائزیشن ہے۔


03 Sep 2021, 5:31 PM

’متروں کی نہیں، ملک کی سوچو‘، مودی حکومت پر راہل گاندھی کا حملہ

راہل گاندھی نے بے روزگاری کو ملک کے لیے سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے اور مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بڑھتی بے روزگاری کا کوئی حل نکالنا ہی نہیں چاہتی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’سب سے بڑا قومی ایشو بے روزگاری ہے جس کے کچھ سیدھے حل ہیں: پی ایس یو-پی ایس بی مت بیچو، ایم ایس ایم ای کو معاشی مدد دو، متروں کی نہیں، ملک کی سوچو۔ لیکن مرکزی حکومت ایشو کا حل نکالنا ہی نہیں چاہتی۔‘‘

03 Sep 2021, 4:39 PM

کیرالہ حکومت کے 11 ویں کے امتحان کرانے کے فیصلہ پر سپریم کورٹ کی روک

کیرالہ میں کووڈ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کے 6 ستمبر سے جسمانی طور پر درجہ 11 کے امتحان لینے کے فیصلے پر عبوری روک لگا دی۔ اس معاملہ کی اگلی سماعت 13 ستمبر کو ہوگی۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ کیرالہ میں صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ یہاں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نیز، ریاست میں ہر روز 35000 نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، لہذا بچوں کو کو خطرے سے دوچار نہیں کیا جا سکتا۔


03 Sep 2021, 3:25 PM

دہلی فسادات سے متعلق کانسٹیبل رتن لال قتل معاملہ میں 5 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

سال 2020 میں ہونے والے دہلی فسادات سے متعلق کانسٹیبل رتن لال قتل اور ڈی سی پی کو زخمی کئے جانے کے معاملہ میں 5 ملزمان کی درخواست ضمانت آج دہلی ہائی کورٹ سے منظور کر لی گئی۔

جسٹس سبرامنیم پرساد نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا، "عدالت کا موقف ہے کہ درخواست گزاروں کو طویل عرصے تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے نہیں رکھا جا سکتا اور یہ کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی صداقت کو مقدمے کی سماعت کے دوران پرکھا جا سکتا ہے۔"

03 Sep 2021, 2:07 PM

عبدالغنی برادر نئی افغان حکومت کی قیادت کریں گے

کابل: طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ عبدالغنی برادر نئی افغان حکومت کی قیادت کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان تحریک کے بانی کے بیٹے ملا محمد یعقوب اور طالبان کے ترجمان شیر محمد عباس ستانکزئی حکومت میں اعلیٰ عہدے سنبھالیں گے۔ اس سے قبل طالبان ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ برادر کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ یعقوب وزیر دفاع بنیں گے۔


03 Sep 2021, 1:06 PM

یوپی حکومت نے کورونا بحران کوئی سبق نہیں سیکھا، وائرل بخار سے اموات پر پرینکا گاندھی کا بیان

یوپی میں وائرل بخار کے سبب 100 سے زیادہ اموات واقع ہونے پر پرینکا گاندھی نے صوبہ کی یوگی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں حکومت کی جانب سے توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کیا یوپی حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران بدتر انتظامات اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی تباہ کاریوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا؟ تمام ممکنہ وسائل کو استعمال کرتے ہوئے متاثرین کو بہتر علاج فراہم کئے جانے اور اس بیماری کی روک تھام کئے جانے کی ضرورت ہے۔‘‘

03 Sep 2021, 11:45 AM

پیرا شوٹر اونی لیکھرا نے رقم کی تاریخ، پیرالمپکس میں ہندوستان کو دلایا کانسہ کا تمغہ 

ہندوستان کی پیرا شوٹر اونی لیکھرا نے ٹوکیو پیرالمپکس میں کانسہ کا تمغہ حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے 50 میٹر رائفل مقابلہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو 12واں تمغہ دلایا۔


03 Sep 2021, 10:52 AM

ٹوکیو پیرالمپکس میں پروین کمار نے اونچی کود کے مقابلہ میں جیتا چاندی کا تمغہ

ہندوستانی پیرالمپک کھلاڑی پروین کمار نے اونچی کود میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ ان مقابلوں میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد اب 11 ہو گئی ہے۔

03 Sep 2021, 9:59 AM

ہندوستان میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد پھر 45 ہزار سے زیادہ، مزید 366 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 45352 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی اثنا میں 34791 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 366 مریضوں کی موت ہو گئی ہے۔ ملک میں ریکوری ریٹ 97.45 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔