اہم خبریں:دہلی فساد معاملہ میں عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت 20 اگست کو

عمر خالد
عمر خالد
user

قومی آوازبیورو

07 Aug 2021, 10:07 PM

دہلی فساد معاملہ: عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت 20 اگست تک ملتوی

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے دہلی فسادات کے معاملے میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے سابق طلبا لیڈر عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے ہفتہ کے روز معاملے کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی۔ عمر خالد کو 13 ستمبر 2020 کو شمال مشرقی دہلی کے فسادات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف انسداد غیر قانونی سرگرمی کے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عمر خالد کے علاوہ پولس نے جے این یو کی ديگر طالبات نتاشا نروال اور دیوانگنا کلیتا، جامعہ رابطہ کمیٹی کی رکن صفورہ زرگر، جامعہ کے طالب علم آصف اقبال تنہا اور کئی دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے ہیں۔ دہلی پولس نے عدالت کے سامنے اپنے جواب میں کہا کہ عمرخالد کی درخواست میں کوئی دم نہیں ہے۔ پولس نے ان کی درخواست خارج کرنے کی اپیل کی ہے۔

07 Aug 2021, 8:55 PM

مدھیہ پردیش: مرکزی وزیر نریندر تومر کو سیلاب متاثرین کی مخالفت کا سامنا

مدھیہ پردیش کے سیلاب متاثرہ شیوپور کا دورہ کرنے کے دوران مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو مقامی لوگوں کی زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں نے نامناسب راحت رسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی وزیر کے سامنے مظاہرہ کیا۔ بعد میں نریندر تومر نے کہا کہ گوالیر اور چمبل جیسے علاقے سیلاب سے متاثر ہیں اور میں سیلاب متاثرین و افسران سے ملا ہوں۔ ہم پہلے کھانا اور صاف پانی دستیاب کرائیں گے تاکہ انھیں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ مرکزی حکومت، ریاستی حکومت اور بی جے پی ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

07 Aug 2021, 7:04 PM

ٹوکیو اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا کو راہل گاندھی نے دی مبارکباد

ٹوکیو اولمپکس میں آج ہندوستان کے لیے نیرج چوپڑا نے اس وقت فخر کا موقع فراہم کیا جب انھوں نے بھالا پھینک مقابلہ میں طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔ اس کامیابی کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے انھیں سوشل میڈیا پر مبارکباد پیش کی ہے اور لکھا ہے ’’نیرج چوپڑا کو سلام! آج آپ کے لیے ایک ارب دل دھڑک رہے ہیں۔ اور ہم میں سے سبھی آپ کی کامیابی پر فخر کر رہے ہیں۔‘‘


07 Aug 2021, 6:19 PM

ٹوکیو اولمپک میں نیرج چوپڑا نے رقم کی تاریخ، ہندوستان کی جھولی میں ڈالا طلائی تمغہ

ٹوکیو اولمپک میں نیرج چوپڑا نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ نیرج نے جیولن تھرو میں 87.58 میٹر دور تک بھالا پھینک کر ملک کو اتھلیٹکس میں اس بار پہلا طلائی تمغہ دلایا۔ اولمپک کے انفرادی مقابلے میں ہندوستان کو 13 سال بعد کوئی طلائی تمغہ حاصل ہوا ہے۔ نیرج چوپڑا کی اس کامیابی پر صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارکباد پیش کی ہے۔ نریندر مودی نے اس موقع پر ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’ٹوکیو میں تاریخ رقم کی گئی ہے! نیرج چوپڑا نے آج جو حاصل کیا ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘

07 Aug 2021, 5:10 PM

ٹوکیو اولمپکس، امریکہ نے مسلسل چوتھی مرتبہ باسکیٹ بال میں طلائی تمغہ جیتا

ٹوکیو: امریکہ نے ہفتے کے روز فرانس کو دلچسپ مقابلے میں 82-87 سے شکست دے کر مسلسل چوتھی مرتبہ ٹوکیو اولمپکس میں مردوں کے باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا طلائی تمغہ جیتا۔ امریکہ کی جیت میں کیون ڈیورنٹ نے سب سے زیادہ 29 پوائنٹس حاصل کیے۔ امریکہ کی ٹیم شروعات میں چھ۔ بارہ سے پیچھے رہی تھی لیکن ڈورنٹ کے پہلے تین پوائنٹر نے امریکہ کو 15-15 سے برابری دلا دی۔ امریکہ نے پہلے کوارٹر میں 18-22 کی برتری حاصل کی تھی اور پھر 26-39 سے آگے ہوگیا۔ نصف وقت تک اس نے 39-44 کی سبقت بنالی تھی۔ ڈیورنٹ نے پہلے ہاف میں 21 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ فرانس نے تیسرے کوارٹر کی سبقت کو کم کرکے 71-63 کردیا۔ اس کے بعد فرانس نے اس فرق کو مزید کم کر کے 73-70 کر دیا لیکن امریکہ اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔