اہم خبریں: کیرالہ حکومت ’الگ مذہب‘ میں شادی کرنے والوں کو مہیا کرائے گی ’محفوظ گھر‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

06 Mar 2020, 5:05 PM

کیرالہ حکومت ’الگ مذہب‘ میں شادی کرنے والوں کو مہیا کرائے گی ’محفوظ گھر‘

ایک طرف جہاں الگ مذاہب مین شادی کرنے والوں، خصوصاً ہندو طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو ہندوتوا تنظیموں کے ظلم کا خوف لگا رہتا ہے، وہیں کیرالہ حکومت نے ایک نئی پیش قدمی کا فیصلہ کیا ہے۔ کیرالہ حکومت نے الگ مذاہب میں شادی کرنے والوں کی دقتیں ختم کرنے کے لیے ایک محفوظ گھر مہیا کرانے کا اعلان کیا ہے۔ صحت اور سماجی انصاف کی وزیر کے. شیلجا نے اس پروجیکٹ کو پیش کرتے ہوئے اسمبلی میں بتایا کہ اس پروجیکٹ کو لوگوں کی حمایت ملی ہے اور اس پروجیکٹ کی شروعات کرنے کے لیے ضروری قدم بھی اٹھائے جا چکے ہیں۔ اس منصوبہ کو نافذ کرنے کے لیے حکومت کئی اداروں کے ساتھ ہاتھ بھی ملا چکی ہے۔ دراصل الگ مذاہب میں شادی کرنے والوں کی دقتوں کو دیکھتے ہوئے کیرالہ حکومت یہ قدم اٹھا رہی ہے اور انھیں ایک سال کے لیے محفوظ گھر مہیا کرانے کا منصوبہ ہے۔

06 Mar 2020, 4:11 PM

لکھنؤ کے بعد مظفر نگر میں بھی کھلی جگہوں پر گوشت-مچھلی فروخت کرنے پر پابندی

مظفر نگر کی ضلع مجسٹریٹ سیلوا کماری نے ضلع میں کھلی جگہوں پر گوشت، نیم پکے ہوئے گوشت اور مچھلی کے ساتھ ساتھ کٹی ہوئی سبزی اور پھلوں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے لکھنؤ میں بھی گوشت، نیم پکے گوشت اور مچھلی کی فروخت کھلی جگہوں پر کرنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

06 Mar 2020, 3:07 PM

شاہین باغ مظاہرہ میں نمازِ جمعہ کے بعد مظاہرہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

شاہین باغ مظاہرہ میں خواتین کی تعداد ضرور پہلے کے مقابلے کچھ کم نظر آ رہی ہے لیکن جو یہاں موجود ہیں ان کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ آج شاہین باغ مظاہرہ میں نمازِ جمعہ کے بعد خواتین کا یہ عزم دیکھنے کو ملا جب وہ ہندوستانی آئین کی حفاظت کے لیے پرعزم نظر آئیں۔ نماز جمعہ کے بعد دعا سے پہلے ایک تقریر بھی ہوئی جس میں مقرر نے کہا کہ شاہین باغ مظاہرہ کو کامیاب بنانے کے لیے نہ ہی کسی تلوار کی ضرورت ہے اور نہ ہی گولی کی، بلکہ اس کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کی ضرورت ہے جن کا تعاون یہاں لگاتار دیکھنے کو ملتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جمعرات کی شب دہلی میں موسلادھار بارش ہوئی ہے اور شاہین باغ مظاہرہ میں بیٹھی خواتین کو بھی کافی مشقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ نماز جمعہ سے پہلے کئی خواتین و مرد صاف صفائی کرتے ہوئے نظر آئے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے ٹینٹ کو نقصان بھی پہنچا ہے لیکن مظاہرہ کے مقام پر موجود مرد و خواتین سب مل کر اس کو ٹھیک کر رہے ہیں اور اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ ہر حال میں یہ مظاہرہ جاری رہے گا۔


06 Mar 2020, 1:55 PM

کورونا وائرس کی وجہ سے آئیفا ایوارڈ ملتوی

کورونا وائرس کا قہر اس وقت پوری دنیا پر برپا ہے۔ اس وائرس کی وجہ سے ملک و بیرون ممالک میں ہونے والے کئی پروگرام رد ہو گئے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق مدھیہ پردیش میں 27 سے 29 مارچ تک ہونے والا انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی آئیفا ایوارڈس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

06 Mar 2020, 12:25 PM

یو پی کے گریٹر نوئیڈا میں کورونا وائرس کی دہشت، چینی کمپنی نے اپنے ملازمین کو یرغمال بنایا

اتر پردیش میں لوگ کورونا وائرس سے دہشت میں ہیں۔ گریٹر نوئیڈا میں چین کی ایک کمپنی نے اپنے یہاں کام کر رہے مزدوروں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ اس کے بعد مزدوروں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ خبر ملنے کے بعد وہاں پولس پہنچی۔ اس دوران اس بات پر اتفاق بنا کہ جو لوگ باہر جانا چاہتے ہیں وہ جائیں۔


06 Mar 2020, 11:55 AM

دہلی تشدد پر پارلیمنٹ احاطہ میں کانگریس کا مظاہرہ، امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ

دہلی تشدد پر کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ راہل گاندھی سمیت کانگریس کے کئی اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ احاطہ میں گاندھی جی کی مورتی کے سامنے آج مظاہرہ کیا اور وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ کانگریس لگاتار پارلیمنٹ میں دہلی تشدد پر بحث کرانے کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ہولی کے بعد اس پر بحث کرائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے 7 لوک سبھا اراکین کو موجودہ سیشن سے معطل بھی کر دیا گیا ہے، کانگریس اس وجہ سے بھی ناراض ہے۔

06 Mar 2020, 11:13 AM

بارش کے بعد مصطفیٰ آباد راحتی کیمپ کی حالت ہوئی خراب

دہلی تشدد کے بعد متاثر لوگوں کو مصطفیٰ آباد میں جس راحتی کیمپ میں رکھا گیا تھا، اس کی حالت آج رات سے ہوئی موسلادھار بارش کے بعد انتہائی خراب ہو گئی ہے۔ بارش کے بعد اس بات کی قلعی کھل گئی ہے کہ یہ راحتی کیمپ منظم انداز میں تیار نہیں کیے گئے تھے۔ راحتی کیمپ میں پناہ لیے ہوئے لوگوں کے لیے اب پریشانیاں کھڑی ہو گئی ہیں اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے انھیں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تصویر ایشلن میتھیو
تصویر ایشلن میتھیو

06 Mar 2020, 10:03 AM

شیئر بازار میں زبردست گراوٹ، سنسیکس 1200 سے زیادہ پوائنٹ نیچے

شیئر بازار کھلتے ہی زبردست گراوٹ کا شکار ہو گیا ہے۔ سنسیکس میں 1206.64 پوائنٹ کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ گراوٹ کے بعد سنسیکس 37263.97 پوائنٹ پر پہنچ گیا ہے۔

06 Mar 2020, 9:27 AM

دہلی: تشدد میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 53 ہوئی، درجنوں افراد اب بھی زیر علاج

شمال مشرقی دہلی میں تشدد کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 53 ہو گئی ہے۔ اس بات کی تصدیق مختلف اسپتالوں کے افسران کے ذریعہ دی گئی تعداد سے ہوئی ہے۔ گرو تیغ بہادر اسپتال میں جمعرات کو کل 6 اموات ہوئیں جس سے اس اسپتال میں ہی مہلوکین کی تعداد 44 ہو گئی۔ اس کے علاوہ رام منوہر لوہیا اسپتال میں 5، ایل این جے پی اسپتال میں 3 اور جگ پرویش چندر اسپتال میں ایک موت ہوئی ہے۔ مہلوکین میں دہلی پولس کے ہیڈ کانسٹیبل رتن لال اور آئی بی افسر انکت شرما کا نام بھی شامل ہے۔


06 Mar 2020, 8:43 AM

دہلی-این سی آر میں موسلادھار بارش سے ٹھنڈ میں اضافہ

دہلی اور این سی اآر میں ایک بار پھر موسم کا مزاج بدل گیا ہے۔ دیر رات سے بارش جاری ہے۔ لگاتار ہو رہی بارش سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔ ایسے میں آنے جانے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔