اہم خبریں: ادھیر رنجن کی رہائش پر شرپسندوں کا حملہ، عملہ سے مار پیٹ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

03 Mar 2020, 6:43 PM

ادھیر رنجن کی رہائش پر شرپسندوں کا حملہ، عملہ سے مار پیٹ

لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے قائد ادھیر رنجن چودھری کے گھر پر شرپسندوں نے حملہ کیا ہے۔ ادھیر رنجن کے آفس کی طرف سے یہ اطلاع دی گئی ہے۔

ادھیر رجن کے آفس کی طرف سے کہا گیا، ’’ادھیر رنجن چودھری کی دہلی واقع رہائش پر تقریباً 5.30 بجے کچھ شرپسندوں کی طرف سے حملہ کیا ہے۔ ساتھ ہی وہاں پر موجود عملہ سے بھی مار پیٹ کی گئی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ منگل کے روز پارلیمنٹ میں کانگریس کی طرف سے دہلی میں ہونے والے مسلم مخالف فسادات پر زبردست احتجاج کیا گیا اور حکومت سے بحث کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ادھیر رنجن چودھری نے لوک سبھا میں زوردار طریقہ سے اس معاملہ کو اٹھایا تھا۔ تبھی سے سوشل میڈیا پر ادھیر رنجن کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ بعد ازاں شام کے وقت شرپسند حملہ کرنے ان کے گھر تک جا پہنچے۔

03 Mar 2020, 4:57 PM

7 مارچ کو ایودھیا میں ’رام للا کا دَرشن‘ کرنے جائیں گے ادھو ٹھاکرے

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے بھگوان رام کا دَرشن کرنے 7 مارچ کو ایودھیا جانے والے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کے اس ایودھیا دورہ کو لے کر سیاست شروع ہو گئی ہے۔ ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ اس ’تیرتھ یاترا‘ میں کسی طرح کی سیاست لانا مناسب نہیں ہے، جب کہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ دورہ کسی بھی طرح مذہبی نہیں ہے بلکہ سیاست سے ہی متاثر ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ شیوسینا کو ہندوتوا کی اپنی زمین کھسکتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے، اسی لیے ادھو ٹھاکرے رام للا کا دَرشن کرنے ایودھیا جا رہے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ادھو ٹھاکرے 7 مارچ کو اپنی پوری فیملی کے ساتھ ایودھیا جائیں گے۔ یہاں پہلے وہ رام للا کا دَرشن کریں گے، پھر شام میں سریو ندی کی آرتی کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا الیکشن سے پہلے ادھو ٹھاکرے ایودھیا گئے تھے اور پھر انھوں نے لوک سبھا انتخاب میں ملی جیت کے بعد پھر ایودھیا کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت ادھو ٹھاکرے بی جے پی کے ساتھ تھے، لیکن اب انھوں نے اپنا الگ راستہ اختیار کر لیا ہے۔ مہاراشٹر میں شیوسینا نے این سی پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر حکومت سازی کی ہے۔

03 Mar 2020, 3:52 PM

پی ایم مودی سوشل میڈیا پر وقت برباد نہ کریں، کورونا وائرس پر دھیان دیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے سوشل میڈیا والے بیان پر زبردست تنقید کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’محترم وزیر اعظم مودی، ملک ایمرجنسی کا سامنا کر رہا ہے اور ایسے میں آپ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا نام لے کر ملک کا وقت برباد نہ کریں۔ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہر ہندوستان کی توجہ مرکوز کریں۔ یہ کیسے کیا جاتا ہے، نیچے دیے گئے ویڈیو میں دیکھیں۔‘‘


03 Mar 2020, 3:00 PM

لوک سبھا میں دہلی تشدد پر زبردست ہنگامہ، کارروائی کل 11 بجے تک ملتوی

لوک سبھا میں آج اپوزیشن نے دہلی تشدد پر بحث کا مطالبہ کیا جس کی منظوری نہیں ملنے پر ایوان میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ ہنگامہ کی وجہ سے پہلے کارروائی 11 بجے تک ملتوی ہوئی اور پھر 2 بجے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ بعد ازاں جب دوپہر 2 بجے لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو ایک بار پھر دہلی تشدد کو لے کر ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اس ایشو پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خوب ہنگامہ کیا۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی بدھ کی صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

03 Mar 2020, 2:16 PM

یوم خواتین پر خواتین کے نام ہوگا میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ: پی ایم مودی

اس یوم خاتون پر وزیر اعظم نریندر مودی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو خواتین کے نام کرنے والے ہیں۔ پی ایم مودی نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس یوم خواتین پر میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو خاتون کے نام کروں گا۔ یہ لاکھوں خواتین کو ترغیب دینے میں مدد کرے گا، جن کے کام نے مجھے ترغیب دی ہے۔ کیا آپ ایسی خواتین میں سے ہیں یا آپ ایسی حوصلہ مند خاتون کو جانتے ہیں؟ SheInspiresUs# کا استعمال کرتے ہوئے ایسی کہانیوں کو شیئر کریں۔‘‘


03 Mar 2020, 12:50 PM

دہلی تشدد: فائرنگ کرنے والا شاہ رخ اتر پردیش سے گرفتار، 3.30 بجے پریس کانفرنس

دہلی تشدد کے دوران جعفر آباد میں کئی راؤنڈ فائرنگ کرنے والا شاہ رخ آج اتر پردیش سے گرفتار کر لیا گیا۔ شاہ رخ کا فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو 24 فروری کو سامنے آیا تھا اور اس دن سے ہی وہ فرار تھا۔ آج دہلی پولس کرائم برانچ نے اسے اتر پردیش سے گرفتار کیا اور وہ اسے دہلی لے کر آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولس 3.30 بجے اس سلسلے میں پریس کانفرنس کرے گی۔

03 Mar 2020, 12:11 PM

بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو کسی طرح کی سیکورٹی نہیں دی گئی: پولس جوائنٹ کمشنر

دہلی پولس کے جوائنٹ کمشنر آلوک کمار نے کپل مشرا کو ’وائی کیٹگری‘ سیکورٹی دیے جانے کی خبروں پر بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو کسی طرح کی سیکورٹی نہیں دی گئی ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پہلے اس طرح کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ دہلی پولس نے کپل مشرا کو لاحق خطرہ کے پیش نظر انھیں وائی کیٹگری کی سیکورٹی دی ہے۔


03 Mar 2020, 11:43 AM

سی اے اے-این آر سی کی مخالفت کرنے پر دہلی پولس نے 100 لوگوں کو حراست میں لیا

دہلی کے رام لیلا میدان سے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی کی مخالفت کر رہے لوگوں کو دہلی پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے لوگوں کی تعداد 100 سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

03 Mar 2020, 11:10 AM

کولکاتا: ’گولی مارو‘ نعرہ لگانے کے الزام میں مزید ایک بی جے پی حامی گرفتار

’دیش کے غداروں کو، گولی مارو ... کو‘ نعرہ لگانے کے الزام میں کولکاتا میں مزید ایک بی جے پی حامی کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اب متنازعہ نعرہ لگانے والے گرفتار ملزمین کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں بی جے پی حامیوں نے یہ متنازعہ نعرہ لگایا تھا۔


03 Mar 2020, 9:59 AM

پولس نے کپل مشرا کو وائی کیٹگری کی سیکورٹی دینے کا کیا اعلان

دہلی میں تشدد پھیلانے کے الزامات کا سامنا کر رہے بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو دہلی پولس نے وائی کیٹگری کی سیکورٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے اشتعال انگیز بیان دینے کے لیے کپل شرما پر مقدمہ درج کرنے کے لیے کہا ہے، لیکن فی الحال اس پر عمل کرنے کی جگہ انھیں سیکورٹی دیے جانے سے کچھ لوگ حیران ہیں۔ کپل مشرا کے علاوہ سیلم پور سے بی جے پی امیدوار رہے کوشل مشرا کو بھی وائی کیٹگری کی سیکورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوشل مشرا کو بدنام زمانہ گینگسٹر ناصر سے پہلے ہی دھمکی ملی ہوئی ہے۔

03 Mar 2020, 9:12 AM

آج پارلیمنٹ میں اروند کیجریوال پی ایم مودی سے کریں گے ملاقات!

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آج دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پی ایم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ موصولہ خبروں کے مطابق کیجریوال یہ ملاقات آج پارلیمنٹ میں کریں گے۔


03 Mar 2020, 8:43 AM

کورونا وائرس کی دہشت، کرناٹک کے وزیر صحت نے طلب کی ایمرجنسی میٹنگ

تلنگانہ میں ایک پازیٹو کورونا وائرس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد کرناٹک کے وزیر صحت بی. شری رامولو نے آج بنگلورو میں افسروں کی ایک ایمرجنسی میٹنگ طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں کورونا وائرس سے تحفظ اور ضروری اقدامات کے تعلق سے بات چیت ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں بھی کورونا وائرس کا ایک پازیٹیو معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کے بعد ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔