اہم خبریں: تشدد زدہ شیو وِہار پہنچا اقلیتی کمیشن کہا- ’دونوں فرقوں پر ظلم ہوا‘

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

29 Feb 2020, 7:13 PM

تشدد زدہ شیو وِہار پہنچا اقلیتی کمیشن کہا- ’دونوں فرقوں پر ظلم ہوا‘

قومی اقلیتی کمیشن نے سنیچر کے روز دہلی کے تشدد زدہ علاقہ شیو وہار کا دورہ کیا۔کمیشن کے ایک رکن عاطف راشد نے کہا ’’تشدد کے دوران دونوں فرقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہم نے پولیس سے بات کی ہے اور ان سے شکایات کو ایف آئی آر میں تبدیل کرنے کو کہا ہے۔ پولیس کے پاس دونوں فرقوں کی جانب سے کم از کم 500 شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ ہم لوگوں سے اپنے گھروں کو لوٹ جانے کی گزارش کر رہے ہیں۔‘‘

29 Feb 2020, 5:08 PM

ایسی پارٹی میں نہیں رہ سکتی جس میں انوراگ ٹھاکر اور کپل مشرا جیسے لیڈر ہوں: سبھدرا مکھرجی

دہلی کے شمال مشرقی علاقے میں سی اے اے مظاہرہ کے درمیان تشدد بھڑکنے سے 42 لوگوں کی موت اب تک ہو گئی ہے۔ اس درمیان 2013 میں بی جے پی میں شامل ہوئی ایک مشہور اداکارہ سبھدرا مکھرجی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سبھدرا مکھرجی نے کئی فلموں اور ٹی وی سیریل جیسے بوؤ کوتھا کوؤ، سدھارن میئے، کھلاڑی، رومیو اینڈ جولیٹ میں کام کیا ہے۔ انھوں نے اپنے اس فیصلے کے بارے میں کہا کہ یہ کافی انتظار کرنے کے بعد اٹھایا گیا قدم ہے۔

سبھدرا مکھرجی نے کہا کہ ’’میں نے 2013 میں بی جے پی جوائن کی تھی اور مجھے پارٹی کے کام نے متاثر کیا تھا۔ لیکن گزشتہ کچھ سالوں میں میں نے غور کیا کہ کچھ چیزیں ٹھیک نہیں ہو رہی ہیں۔ میں نے محسوس کیا کہ لوگوں سے مذہب کی بنیاد پر نفرت کرنا اور ان کے لیے رائے بنانا بی جے پی کے نظریہ پر حاوی ہو رہا ہے۔ اس پر کئی بار غور کرنے کے بعد میں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ جس پارٹی میں انوراگ ٹھاکر اور کپل مشرا جیسے لیڈر ہوں اس پارٹی میں رہنا مجھے منظور نہیں۔‘‘

29 Feb 2020, 3:54 PM

دہلی: راجیو چوک میٹرو پر کچھ لڑکوں نے لگایا ’گولی مارو ... کو‘ نعرہ، 6 حراست میں

دہلی کے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر ہفتہ کے روز کچھ لڑکوں نے ’گولی مارو ... کو‘ نعرہ لگا کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکے بھگوا رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ ان لڑکوں کو سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ فی الحال ان سبھی لڑکوں کی شناخت نہیں کی جا سکی ہے اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا ہے کہ ان لڑکوں نے ایسا کس مقصد سے کیا۔

خبر رساں ادارہ اے این آئی نے ڈی سی پی میٹرو کے حوالے سے بتایا کہ ’’دوپہر تقریباً 12 بجے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر 6 لڑکے ’دیش کے غداروں کو، گولی مارو ... کو‘ نعرہ لگا رہے تھے۔ ہم نے انھیں وہیں سے حراست میں لے لیا گیا تھا اور فی الحال ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔‘‘


29 Feb 2020, 3:10 PM

محی الدین یٰسین ہوں گے ملیشیا کے اگلے وزیر اعظم

خبر رساں ادارہ رائٹرس سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ملیشیا کے اگلے وزیر اعظم محی الدین یٰسین ہوں گے۔

29 Feb 2020, 2:01 PM

اناؤ عصمت دری متاثرہ کے والد کی حراست میں ہوئی موت پر 4 مارچ کو آئے گا فیصلہ

اناؤ عصمت دری واقعہ میں متاثر کے والد کی عدالتی حراست میں مبینہ قتل معاملے میں دہلی کے تیس ہزاری کورٹ نے ہفتہ کو فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔ اب عدالت 4 مارچ کو فیصلہ سنا سکتی ہے۔ عصمت دری متاثرہ کے والد کے قتل کا الزام بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر ہے۔ اس معاملے میں کلدیپ سمیت کل 10 لوگوں پر الزام طے کیے گئے ہیں۔


29 Feb 2020, 1:05 PM

مدھیہ پردیش: جھولا جھولتے وقت پھندا لگنے سے بچے کی موت

ستنا: مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع کے کولگواں تھانہ علاقے میں جھولا جھولتے وقت گلے میں پھندا لگنے سے ایک بچے کی موت ہوگئی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق بڑلا کالونی کا رہنے والا 13 سالہ بچہ ردراکش مالوئے کل شام رسّی ڈال کر جھولا جھول رہا تھا۔ تبھی اچانک رسی سے اس کے گلے میں پھندا لگ گیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ پولس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کردی ہے۔

29 Feb 2020, 12:11 PM

کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ نے آسیان سمیلن کیا ملتوی

کورونا وائرس کے قہر کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیموں کے لیڈران کے ساتھ ایک خصوصی اعلیٰ سطحی میٹنگ کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ میٹنگ مارچ کے دوسرے ہفتے میں لاس ویگاس میں منعقد ہونے والی تھی۔ اس تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور آسیان ممالک کے لیڈروں کے درمیان دو فریقی میٹنگ کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔


29 Feb 2020, 11:11 AM

شمال مشرقی دہلی میں پولس کا پہرہ اب بھی سخت، دفعہ 144 نافذ

شمال مشرقی دہلی میں تشدد کے بعد حالات دھیرے دھیرے معمول پر آ رہے ہیں، لیکن پولس کا پہرہ یہاں اب بھی سخت ہے۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے یہاں دفعہ 144 اب بھی نافذ ہے۔

29 Feb 2020, 10:06 AM

جیل سے سماعت کے لیے جا رہے اعظم خان نے کہا ’دہشت گرد کی طرح کیا جا رہا سلوک‘

اتر پردیش کے سیتا پور سے رام پور سماعت کے لیے جا رہے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان نے کہا کہ میرے ساتھ ایک دہشت گرد کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے۔


29 Feb 2020, 8:53 AM

پاکستان: سندھ میں ٹرین اور بس کے درمیان زبردست ٹکر، 30 افراد ہلاک، متعدد زخمی

پاکستان کے سندھ علاقہ میں ایک ریلوے کراسنگ کو پار کرنے کی کوشش کرتے وقت مسافر بس ٹرین کی زد میں آ گئی۔ اس اندوہناک حادثہ میں کم و بیش 30 لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ پاکستانی میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہ حادثہ سندھ کے روہری علاقہ میں ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔