اہم خبریں: سپریم کورٹ کے چھ جج سوائن فلو سے متاثر! جسٹس چندرچوڑ

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

25 Feb 2020, 10:41 PM

سپریم کورٹ کے چھ جج سوائن فلو سے متاثر! جسٹس چندرچوڑ

نئی دہلی: سریم کورٹ کے چھ جج ایچ1 این1 (سوائن فلو) سے متاثر ہیں۔ یہ اطلاع سپریم کورٹ کے ہی ایک جج ڈی وائی چندر چوڑ نے کھلی عدالت میں منگل کو دی۔

جسٹس چندر چوڑ نے دہلی میں تشدد کے معاملے میں ہوئی سماعت کے دوران کہا کہ عدالت عظمیٰ کے چھ ججوں کو سائن فلو ہوگیا ہے۔اس لئے کئی معاملوں کی سماعت نہیں ہو پارہی ہے۔ جسٹس چندرچوڑ نے وکلاء اور سپریم کورٹ کے اسٹاف کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا،’’ہمارے چھ ساتھی جج سوائن فلو میں مبتلا ہیں۔ ججوں نے چیف جسٹس سے اس بارے میں بات کی ہے اور ان سے سپریم کورٹ کےججوں، اسٹاف کی ٹیکہ کاری کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘

جسٹس چندرچوڑ نے کہاکہ چیف جسٹس نے اس مسئلے پر بات کرنے کے لئے سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کے ساتھ میٹنگ بلائی ہے۔اس دوران اتنا ہی نہیں جسٹس سنجیو کھنہ نے عدالت میں منگل کو ماسک پہن کر کام کیا۔

25 Feb 2020, 5:03 PM

دہلی: کیجریوال اور سسودیا تشدد میں زخمی افراد سے ملنے گرو تیغ بہادر اسپتال پہنچے

شمال مشرقی دہلی میں شہریت ترمیمی قانون کو لے کر دو گروپ کے درمیان ہوئے تصادم میں اب تک درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بیشتر کا علاج گرو تیغ بہادر اسپتال میں چل رہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور منیش سسودیا آج زخمیوں کا حال چال لینے اسپتال پہنچے اور بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں امن بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

25 Feb 2020, 4:10 PM

بہار میں 2010 کے فارمیٹ پر ہوگا این پی آر، اسمبلی میں قرارداد پاس

بہار اسمبلی میں آج اس سلسلے میں ایک قرار داد پاس کیا گیا کہ ریاست میں مردم شماری نئے فارمیٹ پر نہیں بلکہ 2010 کے فارمیٹ پر ہوگی۔ ساتھ ہی بہار اسمبلی میں یہ بھی قرارداد پاس ہوا کہ ریاست میں این آر سی کو نافذ نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بہار میں بھی دہلی کے شاہین باغ کی طرز پر کئی اضلاع میں غیر معینہ مدت کے دھرنے و مظاہرے جاری ہیں۔ یہ مظاہرے سی اے اے کے ساتھ ساتھ این آر سی و این پی آر کے خلاف بھی ہو رہے ہیں۔ ایسی صورت میں جب کہ این آر سی بہار میں نافذ نہیں کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور این پی آر کا فارمیٹ بھی 2010 کا ہوگا، تو اب صرف سی اے اے ایک ایسا ایشو رہ گیا ہے جس پر نتیش کمار کمزور نظر آ رہے ہیں۔


25 Feb 2020, 3:12 PM

دفاعی معاہدہ پر ہم متفق ہو گئے، جلد تجارتی معاہدہ پر بات شروع ہوگی: ڈونالڈ ٹرمپ

ڈونالڈ ٹرمپ نے پی ایم نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ کے بعد کہا کہ ’’دونوں ملک ڈیفنس ڈیل کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔ جلد ہی ہم ٹریڈ ڈیل پر بھی بات چیت شروع کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایک محفوظ 5 جی وائرلیس نیٹورک کی اہمیت پر بات چیت کی اور اس ابھرتی ہوئی تکنیک کے لیے آزادی، ترقی، خوشحالی کے لیے ایک ادارہ ہونے کی ضرورت ہے۔

ٹرمپ نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’ہماری ٹیموں نے ایک وسیع تجارتی معاہدہ کے لیے شاندار پیش قدمی کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم دونوں ممالک کے لیے اہم معاہدہ کر سکتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جب سے میں نے عہدہ سنبھالا ہے، ہندوستان میں امریکی درآمد تقریباً 60 فیصد اور اعلیٰ معیار والی امریکی توانائی کی درآمد 500 فیصد بڑھی ہے۔‘‘

25 Feb 2020, 2:07 PM

کرناٹک: اسکول کی دیوار اور دروازوں پر لکھا گیا ’پاکستان زندہ باد‘، کیس درج

کرناٹک سے ایک بار پھر حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہاں کے ایک سرکاری اسکول کی دیوار اور دروازوں پر کچھ بدمعاشوں نے ’پاکستان زندہ باد‘ لکھ دیا۔ معاملہ کرناٹک کے ہبلی ضلع واقع گورنمنٹ ہائر پرائمری اسکول کا بتایا جا رہا ہے جہاں اسکول کی دیوار پر چاک سے پاکستان کی حمایت میں نعرہ لکھ دیا گیا۔ جب لوگوں پیر کی صبح یہ نعرہ لکھا ہوا دیکھا تو ہنگامہ برپا ہو گیا اور وہاں دیکھتے ہی دیکھتے بھیڑ جمع ہو گئی۔ اسکول انتظامیہ نے اس سلسلے میں مقامی تھانہ میں ایک شکایت درج کرائی ہے اور جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔


25 Feb 2020, 1:27 PM

دہلی: وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں کل جماعتی میٹنگ ختم

دہلی میں موجودہ حالات کو لے کر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں کل جماعتی میٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’ہر کوئی چاہتا ہے کہ تشدد رکے۔ وزیر داخلہ نے آج میٹنگ بلائی تھی، یہ مثبت تھی۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ سبھی سیاسی پارٹی یہ یقینی کریں گے کہ شہر میں امن برقرار رہے۔‘‘

25 Feb 2020, 12:29 PM

شمال مشرقی دہلی میں کشیدہ حالات پر امت شاہ کی کیجریوال کے ساتھ میٹنگ شروع

دہلی میں موجودہ حالات پر وزیر داخلہ امت شاہ کل جماعتی میٹنگ کر رہے ہیں۔ اس میٹنگ میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، کانگریس پارٹی کے لیڈر سبھاش چوپڑا اور بی جے پی لیڈر منوج تیواری سمیت کئی پارٹیوں کے لیڈران موجود ہیں۔ اس میٹنگ میں پولس کمشنر امولیہ پٹنایک بھی موجود ہیں۔


25 Feb 2020, 12:06 PM

میلانیا ٹرمپ نے کیا دہلی کے موتی باغ سروودے اسکول کا دورہ

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بیوی میلانیا ٹرمپ موتی باغ واقع سروودے ودیالیہ پہنچی ہوئی ہیں اور وہ یہاں ’ہپینس کلاس‘ کے بارے میں جانکاری لے رہی ہیں۔ میلانیا کا اسکول میں اساتذہ نے استقبال کیا اور انھیں کلاسز میں لے جا کر بچوں سے ملوایا۔ اس دوران میلانیا ٹرمپ کو ’ہپی نیس کلاسز‘ کے بارے میں تفصیلی جانکاری بھی دی گئی۔

میلانیا کے اسکول دورہ سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اسکول کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ امریکہ کی خاتون اول کا اسکول دورہ ہمارے اساتذہ کے لیے یادگار دن ہوگا۔ کیجریوال نے کہا کہ یہ اسکولی طلبا اور دہلی باشندوں کے لیے بھی یادگار موقع ہوگا۔

25 Feb 2020, 11:10 AM

دہلی: امت شاہ 12 بجے کریں گے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے میٹنگ

دہلی کے موجودہ حالات پر وزیر داخلہ امت شاہ آج دوپہر 12 بجے ایک میٹنگ کریں گے۔ اس میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ساتھ دوسری پارٹیوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔


25 Feb 2020, 10:23 AM

ممبئی میں ہائی الرٹ، اب نہیں ہو سکے گا آزاد میدان میں سی اے اے مخالف مظاہرہ!

شہریت ترمیمی قانون پر دہلی میں ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کی وزارت داخلہ نے ممبئی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس الرٹ کے بعد ممبئی کے آزاد میدان میں کسی بھی طرح کے مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

25 Feb 2020, 9:53 AM

ٹرمپ کے ساتھ ڈنر میں شامل نہیں ہوں گے منموہن، آزاد اور ادھیر

کانگریس لیڈران نے ٹرمپ کے اعزاز میں منعقد ڈنر میں شامل ہونے کا دعوت نامہ ٹھکرا دیا ہے۔ ادھیر رنجن چودھری اور غلام نبی آزاد کے بعد سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی ڈنر میں شامل نہیں ہوں گے۔ ادھیر رنجن چودھری اور غلام نبی آزاد دونوں راشٹرپتی بھون میں ہونے والے ڈنر میں سونیا گاندھی کو بلانے پر ناخوشی ظاہر کرتے ہوئے دعوت نامہ ٹھکرایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */