اہم خبریں: ضلع راجوری میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے پولیس ہیڈ کانسٹبل فوت

بجلی، تصویر آئی اے این ایس
بجلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

25 Aug 2021, 3:29 PM

ضلع راجوری میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے پولیس ہیڈ کانسٹبل فوت

جموں: ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں بدھ کے روز ایک پولیس ہیڈ کانسٹبل کی بجلی کا کرنٹ لگنے سے موت واقع ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تھنہ منڈی علاقے میں دوران ڈیوٹی ایک پولیس ایک ہیڈ کانسٹبل کو بجلی کا کرنٹ لگ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹبل کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا، لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔ متوفی ہیڈ کانسٹبل کی شناخت محمد عارف خان ولد حاجی عبدالرشید ساکن تھنہ منڈی کے بطور ہوئی ہے جو پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی میں ہی تعینات تھا۔ دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

25 Aug 2021, 2:29 PM

ملک میں ٹیکہ کاری 60 کروڑ، کورونا ٹیسٹ 50 کروڑ سے تجاوز

نئی دہلی: ملک میں اب تک تقریباً 60 کروڑ لوگوں کی ٹیکہ کاری کی گئی ہے، جبکہ ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 50 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں منگل کو 1792755 افراد کی کورونا جانچ کی گئی، جس کے ساتھ اب تک کی گئی جانچ کی تعداد 51 کروڑ 11 لاکھ 84 ہزار 547 ہو گئی ہے۔ وزارت کے مطابق ملک میں ویکسینیشن کا کام بھی جنگی بنیادوں پر جاری ہے جو اب 60 کروڑ کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ملک میں منگل کو 61 لاکھ 90 ہزار 930 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک 59 کروڑ 55 لاکھ 04 ہزار 593 افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔

25 Aug 2021, 1:30 PM

پنجاب میں کسان خوشحال اوراتر پردیش میں بے حال... پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی اتر پردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے کہا ہے کہ جہاں اتر پردیش کے گنا کسان پریشان ہیں، وہیں پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر کی پالیسیوں کی وجہ سے ریاست کے کسان خوشحال ہیں۔ پرینکا گاندھی نے پنجاب سرکارکی تعریف کر تے ہوئے ٹوئٹ کیا ’’پنجاب کی کانگریس حکومت نے کسانوں کی بات سنی اور گنے کی قیمت 360 روپے فی کوئنٹل کی۔ انہوں نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ’’گنے کا 400 روپے فی کوئنٹل کا وعدہ کر آئی اترپردیش سرکار نے تین برسوں سے گنے کے نام پر ایک پھوٹی کوڑی نہیں بڑھائی ہے اور کسانوں کی جانب سے آواز اٹھاتے پر یہ ’دیکھ لینے‘ جیسی دھمکی دیتے ہیں ‘‘۔


25 Aug 2021, 12:04 PM

چرنجیوی کے ساتھ ’لوسیفر‘ کے ریمیک میں کام کریں گے سلمان خان

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان سپرہٹ ملیالم فلم لوسیفر کے ریمیک میں جنوبی ہند کے سپر اسٹار چرنجیوی کے ساتھ کام کرتے نظر آ سکتے ہیں۔ چرنجیوی نے فلم لوسیفر کا تیلگو ری میک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوسیفر کے ری میک میں چرنجیوی مرکزی کردار میں نظر آنے والے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس فلم میں سلمان خان بھی چرنجیوی کے ساتھ نظر آسکتے ہیں۔ اس فلم میں چرنجیوی اور سلمان خان کا ایک طویل اور شاندار ایکشن سیکوینس دیکھنے کو ملے گا۔ سلمان فلم میں ایک بہت اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

فلم 'لوسیفر' کے ہدایت کار موہن راجہ ہیں۔ فلم کی شوٹنگ جنوری میں شروع ہوئی تھی۔ یہ اسی نام کی 2019 کی کامیاب ملیالم فلم کا ری میک ہے۔ یہ فلم این وی پرساد اور کونڈیلا پروڈکشن کے بینر تلے تخلیق کی جارہی ہے۔ اداکار ستیہ دیو بھی اس فلم میں خاص کردار نبھانے والے ہیں۔ 'لوسیفر' ایک سیاسی ڈرامہ فلم تھی جس نے باکس آفس پر شاندار مظاہرہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔