اہم خبریں: موج پور تشدد... شمال مشرقی دہلی میں سی آر پی ایف کی 8 کمپنیاں تعینات

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Feb 2020, 8:13 PM

موج پور تشدد: شمال مشرقی دہلی میں سی آر پی ایف کی 8 کمپنیاں تعینات

موج پور علاقے میں کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے سی آر پی ایف کی کل 8 کمپنیاں تعینات کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ان میں دو ریپڈ ایکشن فورس کی کمپنیاں اور خاتون سیکورٹی اہلکاروں کی ایک کمپنی بھی شامل ہے۔

24 Feb 2020, 6:47 PM

دہلی: سی اے اے پر ہنگامہ بڑھا، میونسپل کونسلر محمد طاہر کے گھر میں گھسی پرتشدد بھیڑ

دہلی میں سی اے اے کو لے کر ہنگامہ کافی بڑھ گیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبروں کے مطابق مصطفیٰ آباد واقع نہرو وِہار سے عام آدمی پارٹی کے میونسپل کونسلر محمد طاہر حسین کے گھر میں پرتشدد بھیڑ گھس گئی ہے۔ کونسلر کا کہنا ہے کہ بھیڑ نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی۔

24 Feb 2020, 6:10 PM

دہلی تشدد: جعفر آباد، موج پور-بابر پور، گوکل پور، جوہری انکلیو اور شیو وہار میٹرو اسٹیشن بند

دہلی میں کئی علاقوں میں بگڑتے نظامِ قانون اور ہنگامہ کے بعد دہلی میٹرو نے کئی میٹرو اسٹیشنوں کو بند کر دیا ہے۔ حالات بگڑتا دیکھ دہلی میٹرو نے جعفر آباد، موج پور-بابر پور، گوکل پوری، جوہری انکلیو اور شیو وہار اسٹیشنوں کی انٹری اور ایگزٹ گیٹوں کو بند کر دیا ہے۔ اب اس راستے پر میٹرو ٹرینیں ویلکم میٹرو اسٹیشن تک ہی جائیں گی۔


24 Feb 2020, 5:11 PM

دہلی: موج پور میں ہنگامہ کے بعد شمال مشرقی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں اور قانون کی حمایت میں سڑکوں پر نکلے لوگوں کے درمیان تصادم کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ کشیدہ حالات کے پیش نظر شمال مشرقی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

24 Feb 2020, 4:02 PM

موج پور میں شرپسندوں کے پتھراؤ سے زخمی ایک پولس اہلکار کی موت!

کچھ میڈیا ذرائع سے ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ موج پور میں دو گروپوں کے درمیان ہوئے تصادم اور شر پسندوں کے ذریعہ کی گئی پتھر بازی میں ایک پولس اہلکار زخمی ہو گیا جس کی بعد میں موت واقع ہو گئی۔ اس بات کی فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، لیکن موج پور علاقہ میں حالات کشیدہ ہیں۔ اس درمیان ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں پولس اہلکار کے سامنے ایک شخص فائرنگ کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ پولس اہلکار اس شخص کو پکڑنا تو دور، اس سے کچھ کہتا بھی نہیں ہے۔


24 Feb 2020, 3:07 PM

’نمستے ٹرمپ‘ بول کر پی ایم مودی نے امریکی صدر کا کیا استقبال

’نمستے ٹرمپ‘ پروگرام میں پی ایم مودی نے کہا کہ ’’اس پروگرام کا جو نام ہے... نمستے... اس کا مطلب بہت گہرا ہے۔ یہ دنیا کی قدیم زبانوں میں سے ایک سنسکرت کا لفظ ہے۔ اس کا مطلب صرف شخص کو ہی نہیں بلکہ اس کے اندرون میں موجود اچھائی کو بھی سلام۔‘‘

24 Feb 2020, 2:09 PM

دہلی: موج پور میں سی اے اے معاملہ پر دو گروپوں میں پھر تصادم، پتھراؤ کے بعد پولس فورس تعینات

دہلی کے موج پور میں ایک بار پھر سی اے اے حامیوں اور اس کے خلاف احتجاج کر رہے لوگوں کے درمیان تصادم ہو گیا ہے۔ دونوں گروپ کے درمیان پتھراؤ کی بھی خبریں ہیں۔ تصادم کے بعد موقع پر بڑی تعداد میں پولس تعینات کی گئی ہے۔ اتوار کو بھی دو گروپ کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد پولس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑ کر حالات پر قابو پایا تھا۔ آج بھی حالات پر قابو پانے کے لیے پولس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔


24 Feb 2020, 12:31 PM

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف تلنگانہ کے تانڈور میں احتجاجی جلسہ

حیدرآباد: سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف تلنگانہ کے شہر تانڈور کے مصروف ترین کاروباری علاقہ ”قدیم ترکاری بازار‘‘ میں شہر کے تاجرین نے پرامن احتجاج درج کروایا۔ اس موقع پر نور الہی چوک ترکاری بازار میں تاجرین شہر کی جانب سے احتجاجی جلسہ کا اہتمام کیا گیا، جس سے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این پی آر کے متعلق حکومت تلنگانہ کے موقف پرعوام میں بے چینی پائی جارہی ہے اور حکومت کی جانب سے کوئی واضح پیغام بھی نہیں دیا گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت اپنے آپ کو اقلیتوں کے حقوق کی محافظ کہتی ہے تو اس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی بے چینی اور غم وغصہ کو دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کی جائے تاکہ عوام کا حکومت پر بھروسہ برقرار رہے۔ اس موقع پر بابر، طاہر قریشی، عابد، عبدالمجید، بہاؤ الدین، عبدالرحیم،عبدالقدیر قریشی،عبدالصمد، قاسم، ریاض قریشی،مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی، حافظ محمد رئیس الدین، اقبال قریشی، محمد پاشاہ قریشی، صادق قریشی کے علاوہ سماجی شخصیات،قریش برادری،کرانہ تاجرین اور دیگر تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

24 Feb 2020, 12:08 PM

شاہین باغ معاملے میں اگلی سماعت 26 فروری کو

شاہین باغ معاملے میں سڑک کھولنے سے متعلق لگی عرضیوں پر سپریم کورٹ نے اگلی سنوائی کی تاریخ 26 فروری طے کی ہے۔ آج مذاکرات کار نے بند لفافہ میں اپنی رپورٹ عدالت کو پیش کر دی ہے۔ واضح رہے سنجے ہیگڑے اور سادھنا رام چندرن کو سپریم کورٹ نے مظاہرین سے بات کرنے کے لئے مذاکرات کار منتخب کیا تھا۔ ان دونوں نے کئی مرتبہ شاہین باغ جا کر مظاہرین کے خیالات سنے ہیں۔


24 Feb 2020, 11:51 AM

شاہین باغ مظاہرہ کی وجہ سے نہیں ہو رہی کسی کو پریشانی، وجاہت حبیب اللہ

وجاہت حبیب اللہ جو شاہین باغ میں مظاہرہ کی وجہ سے ہونے والی پریشانی کو دیکھنے کے لئے مذکرات کی مدد کر رہے ہیں، انہوں نے اپنے حلف نامہ میں کہا ہے کہ مظاہرہ کی وجہ سے کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہو رہی۔

آج سپریم کورٹ میں مذاکرات شاہین باغ سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور اس کے بعد سپریم کورٹ اس پر فیصلہ لے گا کہ سڑک کھلوانے کی عرضیوں سے متعلق کیا فیصلہ لیا جائے۔ دریں اثنا اس سارے معاملہ میں مدد کرنے والے وجاہت حبیب اللہ نے سپریم کورٹ میں اپنا حلف نامہ داخل کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ شاہین باغ کا مظاہرہ پر امن ہے اور جو لوگ ان پر پریشان کرنے کا الزام لگا رہے ہیں وہ غلط ہے۔ انہوں کہا ہے کہ 19 فروری کو اپنے ذاتی معائنہ کے بعد میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ پولیس نے غیر ضروری طور پر مختلف سڑکیں بند کی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے دشواری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں نے دیکھا کہ وہاں مختلف سڑکیں ہیں جن کا مظاہرہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کو پولیس نے بند کر رکھا ہے اور مظاہرین پر اس کے لئے غلط الزام لگایا جا رہا ہے۔‘‘

24 Feb 2020, 11:31 AM

سعودی عرب میں گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت

ریاض: سعودی عرب میں سب سے بڑے گیس ذخائر کا افتتاح جلد کردیا جائے گا۔ سعودی میڈیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سپریم ہائیڈرو کاربنز کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سعودی عرب کے مشرق میں الجافورہ گیس فیلڈ کو ترقی دینے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ گیس فیلڈ ملک میں گیس کا اب تک دریافت کیا گیا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جس کی لمبائی 170 کلومیٹر ہے اور چوڑائی 100 کلو میٹر ہے۔ واضح رہے کہ ذخیرے میں قدرتی گیس کے ذخائر کے حجم کا تخمینہ 200 ٹریلین مکعب فٹ لگایا گیا ہے۔


24 Feb 2020, 10:47 AM

اسرائیلی فوج کا شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ

یروشلم: اسرائیلی سیکورٹی فورسز نے شام کے ساتھ ساتھ غزہ پٹی میں اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں کو نشانہ بناکر حملہ کیا ہے۔ یہ اطلاع اسرائیلی فوج نے ٹوئٹ کرکے دی ہے، اسرائیلی فوج نے علی الصبح پیر کو ٹوئٹ کرکے کہا ’’ ہم نے ابھی ابھی اسرائیلی شہریوں پر آج راکٹ داغنے والے داعش کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شام اور غزہ میں حملہ کیا۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اتوار کو کہا تھا کہ فلسطینی عسکریت پسندوں نے جنوبی اسرائیل میں 21 راکٹ داغے ہیں۔ ان میں سے 13 کو ہوا میں ہی مار گرایا گیا۔

24 Feb 2020, 10:10 AM

سعودی عرب میں تاش ٹورنامنٹ، فاتح ٹیم کو ساڑھے 7 لاکھ ریال اور کار

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تاش ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں جیتنے والی ٹیم کو ساڑھے 7 لاکھ ریال انعام دیا گیا اور ساتھ ہی ایک بی ایم ڈبلیو کار بھی تحفے میں دی گئی۔ شہری سعود الشیبانی اور فہد الشیبانی نے تاش ٹورنامنٹ کا حتمی مقابلہ جیت کر اول انعام کے مستحق ہوئے۔ ان کا مقابلہ سعودی شہری عبدالرحمٰن المطرفی اور یزید الیوبی سے تھا جنہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ریاض میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ ریال کے انعامات دیئے گئے، تیسری پوزیشن پانے والی ٹیم کو 3 لاکھ ریال جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 لاکھ ریال دئیے گئے۔ ٹورنامنٹ میں خواتین کی 20 ٹیموں نے بھی شرکت کی لیکن وہ حتمی مقابلوں سے پہلے ٹورنامنٹ سے نکل گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔