اہم خبریں: کٹھوعہ میں مسافر گاڑی کھائی میں گرنے سے 9 مسافر ہلاک

سڑک حادثہ
سڑک حادثہ
user

قومی آوازبیورو

22 Feb 2020, 9:42 PM

کٹھوعہ میں مسافر گاڑی کھائی میں گرنے سے 9 مسافر ہلاک

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ہفتہ کی شام ایک چھوٹی مسافر گاڑی کے گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 9 مسافر جاں بحق جبکہ 5 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ ہلاک خیز سڑک حادثہ ضلع کٹھوعہ کے مالہار بلاور میں ہفتہ کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک چھوٹی مسافر گاڑی مالہار میں سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کئی مسافروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 تک پہنچی ہے جبکہ پانچ زخمیوں کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چھوٹی مسافر گاڑی، جس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے، کو حادثہ پیش آنے کے ساتھ ہی مقامی لوگ اور جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچائو آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے دوران موت واقع ہوئی۔

22 Feb 2020, 5:03 PM

نربھیا کے قصوروار ونے کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں: وکیل اے پی سنگھ

نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل واقعہ کے قصورواروں میں سے ایک ونے شرما کے وکیل اے پی سنگھ نے اسے پھانسی سے بچانے کے لیے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں 18 فروری کو ونے شرما سے ملا تھا، اس وقت ویڈیوگرافی ہوئی تھی۔ ویڈیوگرافی کی رپورٹ لائیے، پتہ چل جائے گا کتنے لوگ پاگل ہو چکے ونے کو پکڑ کر لائے اور کس طرح وہ مجھے پہچان نہیں رہا تھا۔ اس کا دایاں ہاتھ بھی ٹوٹ چکا تھا۔ اگر ویڈیو میں یہ سب نہ ہو تو میں وکالت چھوڑ دوں گا۔‘‘

22 Feb 2020, 1:11 PM

نائیجیریا اور فرانسیسی فوج کی مشترکہ مہم میں 120 دہشت گرد ہلاک

ابوجا: نائیجیریا میں نائیجیرین اور فرانسیسی فوج کی مشترکہ آپریشن میں 120 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دونوں افواج کی طرف سے مالی اور برکینا فاسو کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن چلایا گیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں دھماکہ خیز مادہ بنانے کے آلات اور گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔


22 Feb 2020, 12:09 PM

شاہین باغ کی دادی نے کہا ’’جب تک سی اے اے واپس نہیں ہوگا، روڈ خالی نہیں ہوگا‘‘

سپریم کورٹ کی مذاکرہ کار سادھنا رام چندرن چوتھے دن شاہین باغ کی خواتین کو بار بار سمجھاتی ہوئی نظر آئیں، لیکن خواتین اس بات پر رضامند نہیں ہوئیں کہ مظاہرہ کا مقام بدلا جائے گا۔ شاہین باغ کی ایک ’دادی‘ نے تو واضح لفظوں میں سادھنا رام چندرن سے کہہ دیا کہ ’’سبھی باتیں، سبھی غلطیاں معاف ہیں، لیکن جب تک سی اے اے واپس نہیں لیا جائے گا، شاہین باغ کی سڑک خالی نہیں ہوگی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی کو صاف لفظوں میں جا کر کہہ دیا جانا چاہیے کہ سی اے اے کی واپسی سے کم پر ہم ماننے والے نہیں۔‘‘

22 Feb 2020, 11:45 AM

میں نے کبھی شاہین باغ چھوڑ کر جانے نہیں کہا: سادھنا رام چندرن

آج لگاتار چوتھے دن سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر مذاکرہ کار سادھنا رام چندرن شاہین باغ خاتون مظاہرین سے بات چیت کرنے کے لیے پہنچیں۔ ان کے ساتھ دوسرے مذاکرہ کار سنجے ہیگڑے آج شاہین باغ نہیں پہنچے۔ اس دوران خواتین کو سمجھاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں نے کبھی شاہین باغ چھوڑ کر جانے کے لیے نہیں۔ اس طرح کی غلط فہمی پھیلنے سے چل رہی تحریک کو نقصان پہنچے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کبھی روڈ کھولنے کے لیے بھی ضد نہیں کیا بلکہ متبادل راستہ تلاش کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔


22 Feb 2020, 11:10 AM

ممبئی: گلوکار میکا سنگھ کی اسٹاف سومیہ خان خودکشی معاملے میں جانچ شروع

ممبئی پولس نے گزشتہ 2 فروری کو گلوکار میکا سنگھ کی اسٹاف سومیہ خان کی مبینہ خودکشی معاملہ میں کیس درج کر لیا ہے اور اس خودکشی واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہے۔

22 Feb 2020, 10:10 AM

اتر پردیش: آگرہ میں امریکی صدر کے دورہ سے قبل لگے مودی،ٹرمپ اور میلانیا کے پوسٹر

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دورہ کے تحت 24 فروری کو ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم، جس میں ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی شامل ہوں گی، کا آگرہ دورہ ہوگا۔ اس دورہ کے پیش نظر آگرہ میں کئی ایسے پوسٹر لگے ہیں جس میں پی ایم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تصویریں ہیں۔ کچھ پوسٹرس میں میلانیا ٹرمپ کی بھی تصویر موجود ہے۔


22 Feb 2020, 9:30 AM

بنگلورو: اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام میں اے آئی ایم آئی ایم لیڈر وارث پٹھان کے خلاف کیس درج

بنگلورو میں اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام میں آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) ترجمان وارث پٹھان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انھوں نے گزشتہ دنوں مبینہ طور پر یہ بیان دیا تھا کہ 100 کروڑ لوگوں پر 15 کروڑ لوگ بھاری پڑیں گے۔ وارث پٹھان کے اس بیان کی مختلف سیاسی لیڈروں نے پرزور انداز میں مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ انھیں اس طرح کے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

22 Feb 2020, 8:42 AM

رام مندر تعمیر کے لیے ہم سرکاری فنڈ نہیں لیں گے: مہنت نرتیہ گوپال داس

عظیم الشان رام مندر تعمیر کے لیے زور و شور سے چل رہی تیاریوں کے درمیان مہنت نرتیہ گوپال داس نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ نرتیہ گوپال داس نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رام مندر تعمیر کے لیے ہمیں کسی طرح کا سرکاری فنڈ نہیں چاہیے۔ دراصل نرتیہ گوپال داس نے یہ بیان اس سوال پر دیا جب پوچھا گیا کہ رام مندر تعمیر کے لیے سبھی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو دعوت دیے جانے کی بات سامنے آ رہی ہے، تو کیا سرکاری فنڈ سے رام مندر تعمیر کے لیے مدد مل رہی ہے؟ جواب میں انھوں نے کہا کہ سبھی وزرائے اعلیٰ کو رام مندر تعمیر کے موقع پر مدعو کیا جائے گا لیکن ان سے کوئی فنڈ نہیں لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔