اہم خبریں: شاہین باغ کی مظاہرین سے بات کرنے کے بعد بند راستے دیکھنے نکلے مذاکرات کار

تصویر ایشلن میتھیو
تصویر ایشلن میتھیو
user

قومی آوازبیورو

20 Feb 2020, 6:05 PM

شاہین باغ مظاہرین سے بات کرنے کے بعد بند راستے دیکھنے نکلے مذاکرات کار

شاہین باغ کی خاتون مظاہرین کی طرف سے یہ اعلان کئے جانے کے بعد کہ سی اے اے کی واپسی تک وہ سڑک سے نہیں ہٹیں گی اب سپریم کورٹ کے مقرر شدہ دونوں مذاکرات علاقہ میں بند کئے گئے راستوں کو دیکھنے کے لئے نکل گئے ہیں۔ مذاکرات کاروں نے اپنے ساتھ کچھ مظاہرین کو بھی لیا ہے۔

مظاہرین نے مذاکرات کاروں سے کہا تھا کہ انہوں نے صرف ایک سڑک بلاک کی ہے جبکہ یہاں ایسے کئی راستے ہیں جنہیں پولیس نے بند کیا ہوا ہے، لہذا اگر انہیں کھلوا دیا جائے تو مسافروں کی پریشانی دور ہو جائے گی۔ اس کے بعد مذاکرات کاروں نے بند راستوں کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

20 Feb 2020, 4:51 PM

جب انّا تحریک کے خلاف آواز نہیں اٹھائی گئی تو شاہین باغ تحریک کے خلاف کیوں: مظاہرین

شاہین باغ کے مظاہرہ میں ایک خاتون نے اس بات پر سوال کیا کہ لوگ آخر شاہین باغ تحریک کے خلاف آواز کیوں اٹھا رہے ہیں اور اس کو ختم کرنے پر کیوں آمادہ ہیں جب کہ ہمارا آئین حق کی لڑائی لڑنے کی اجازت ہمیں دیتا ہے۔ خاتون نے مزید کہا کہ ’’ہندوستان میں کئی تحریکیں ہوئیں، مثلاً جے پی تحریک یا انّا تحریک، لیکن کیا اس دوران کسی نے تحریک چلانے والوں کے خلاف معاملہ درج کروایا؟ پھر شاہین باغ کے خلاف عرضی داخل کیوں کی گئی؟‘‘ خاتون نے اپنی بات پر زور ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سی اے اے واپس لینا چاہیے اور ہم این پی آر کے خلاف بالکل آواز نہیں اٹھائیں گے اگر یہ ٹھیک اسی طرح عمل میں آئے جیسا کہ 10 سال پہلے ہوا تھا۔

20 Feb 2020, 4:07 PM

شاہین باغ ختم نہیں ہوگا، یہ برقرار رہے گا: سادھنا رام چندرن

وکیل سادھنا رام چندرن نے شاہین باغ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ آپ کے احتجاج کو ختم کر دیا جائے گا تو آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ شاہین باغ ختم نہیں ہونے والا، یہ برقرار ہے اور برقرار رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ نہ ہی شاہین باغ کا مظاہرہ ختم ہوگا اور نہ ہی اس سے کسی دوسری جگہ ہو رہے مظاہرے پر کوئی فرق پڑے گا، لیکن ہمیں بہت سنجیدگی کے ساتھ اپنی بات رکھنے کی ضرورت ہے۔


20 Feb 2020, 3:57 PM

شاہین باغ: مظاہرین سے بات چیت کرنے ایک بار پھر پہنچے مذاکرہ کار سنجے-سادھنا

سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر کردہ مذاکرہ کار وکیل سنجے ہیگڑے اور سادھنا رام چندرن ایک بار پھر شاہین باغ مظاہرین سے بات چیت کرنے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے پہلی فرصت میں میڈیا اہلکاروں سے کہا ہے کہ وہ ٹینٹ سے باہر چلے جائیں۔ سادھنا رام چندرن نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ وہ میڈیا کی موجودگی میں دھرنے پر بیٹھی کسی خاتون یا احتجاجی سے بات نہیں کریں گی۔

20 Feb 2020, 3:20 PM

نربھیا کے قصوروار ونے شرما نے ایک بار پھر ہائی کورٹ میں داخل کی عرضی

نربھیا کیس میں قصوروار ونے شرما نے اپنے وکیل اے پی سنگھ کے ذریعہ دہلی ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ کورٹ تہاڑ جیل افسروں کو یہ ہدایت دے کہ ونے کو اعلیٰ سطحی طبی خدمات فراہم کی جائے۔


20 Feb 2020, 2:02 PM

گریٹر نوئیڈا: وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف متنازعہ پوسٹ کرنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

اتر پردیش کی گریٹر نوئیڈا پولس نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف فیس بک پر متنازعہ پوسٹ ڈالنے کے الزام میں چاند قریشنی نامی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر نے پولس میں معاملہ درج کروایا تھا۔

20 Feb 2020, 1:10 PM

احمد آباد میں ٹرمپ کا استقبال 70 لاکھ نہیں بلکہ 2 لاکھ لوگ کریں گے

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان دورہ پر احمد آباد کے سٹی کمشنر وجے نہرا نے کہا ہے کہ ’’ائیر پورٹ سے موٹیرا اسٹیڈیم تک روڈ شو ہوگا۔ امید ہے کہ 22 کلو میٹر کے روڈ شو میں ایک سے دو لاکھ لوگ حصہ لیں گے۔‘‘


20 Feb 2020, 12:10 PM

شاہین باغ مظاہرین سے بات کرنے آج پھر جائیں گے سنجے ہیگڑے اور سادھنا رام چندرن

شاہین باغ مظاہرین سے بدھ کے روز تفصیلی گفتگو کے بعد آج پھر سپریم کورٹ کے ذریعہ مقرر مذاکرہ کار وکیل سنجے ہیگڑے اور سادھنا رام چندرن مذاکرہ کے لیے شاہین باغ پہنچیں گے۔ بدھ کے روز شاہین باغ دھرنے میں بیٹھی خواتین نے اپنی بات پراثر طریقے سے دونوں ہی مذاکرہ کار کے سامنے رکھی تھی اور سنجے ہیگڑے ان کی باتوں سے متاثر بھی نظر آئے تھے، اس لیے شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف سراپا احتجاج شاہین باغ کے مظاہرین کو امید ہے کہ سپریم کورٹ نے بات چیت کے لیے جو راستہ ہموار کیا ہے، اس کا کوئی مثبت نتیجہ نکل کر سامنے آئے گا۔

20 Feb 2020, 11:10 AM

کمل ہاسن کی فلم ’انڈین-2‘ کی شوٹنگ کے دوران بڑا حادثہ، 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرس ہلاک، 10 افراد زخمی

چنئی میں کمل ہاسن کی فلم ’انڈین-2‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک بڑا حادثہ سرزد ہوا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق شوٹنگ کے دوران کرین گر گیا جس کی وجہ سے 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرس کی موت ہو گئی جب کہ 10 لوگ زخمی ہو گئے۔ ان میں سے دو کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ حادثہ بدھ کی شب تقریباً ساڑھے بجے ہوا۔ اس وقت چنئی کے پاس ای وی پی فلم سٹی میں ایک سین کی شوٹنگ ہو رہی تھی۔ حادثہ میں فلمساز اور ڈائریکٹر شنکر بال بال بچ گئے۔


20 Feb 2020, 10:10 AM

’نربھیا‘ کے مجرم ونے شرما نے دیوار میں سر ٹکرا کر خود کو کیا زخمی

نربھیا کے چاروں قصورواروں کو پھانسی کی سزا 3 مارچ کو دی جانی ہے، لیکن اس سے پہلے ونے کمار شرما نامی مجرم کی حالت غیر ہوئی جا رہی ہے۔ تہاڑ جیل ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ونے شرما نے گزشتہ 16 فروری کے روز خود کو چوٹ پہنچانے کے لیے اپنا سر دیوار سے ٹکرایا۔ اس واقعہ میں وہ معمولی طور پر زخمی بھی ہو گیا۔

20 Feb 2020, 9:08 AM

تمل ناڈو: تیروپور ضلع میں روڈویز بس اور ٹرک کی ہولناک ٹکر، 19 افراد ہلاک

تمل ناڈو کے تریپور ضلع واقع اویناشی کے پاس روڈویز بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر میں 19 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں 14 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔