اہم خبریں: آسام میں اب صرف دو بچوں والی فیملی کو ملے گا سرکاری منصوبوں کا فائدہ، وزیر اعلیٰ کا اعلان

ہیمنت بسوا سرما (تصویر سوشل میڈیا)
ہیمنت بسوا سرما (تصویر سوشل میڈیا)
user

قومی آوازبیورو

19 Jun 2021, 10:48 PM

آسام: صرف دو بچوں والی فیملی کو ملے گا سرکاری منصوبوں کا فائدہ، وزیر اعلیٰ کا اعلان

آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے اعلان کیا ہے کہ اب آسام حکومت ریاست کے منصوبوں میں مرحلہ وار طریقے سے ’دو بچہ پالیسی‘ کو نافذ کرے گی۔ انھوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے منصوبوں میں تو ابھی یہ ممکن نہیں ہے لیکن ریاستی حکومت کے منصوبوں میں اسے نافذ کیا جائے گا۔

19 Jun 2021, 9:39 PM

رجنی کانت علاج کے لئے امریکہ روانہ

چنئی: اداکار رجنی کانت مرکزی حکومت کی اجازت کے بعد سنیچر کی صبح علاج کے لئے قطر ایئر لائنس کی پرواز سے دوحہ کے راستے امریکہ روانہ ہوئے۔ کچھ برس پہلے مسٹر رجنی کانت کا کنڈنی کا ٹرانسپلانٹ ہوا تھا۔ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد انفیکشن کے نئے معاملات میں کمی آنے کے بعد مسٹر رجنی کانت نے مرکزی حکومت سے بیرون ملک جانے کیلئے خصوصی اجازت مانگی تھی۔

19 Jun 2021, 7:21 PM

اروند شرما اتر پردیش بی جے پی کے نائب صدر نامزد

لکھنو: وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی مانے جانے والے قانون ساز اسمبلی کے رکن اروند کمار شرما کو اترپردیش بی جے پی کا نائب صدر نامزد کیا گیا ہے۔ انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس(آئی اے سی) سے اپنی مرضی سے سبکدوشی لینے کے بعد سیاست میں پنجہ آزمانے اترنے مسٹر شرما نے بی جے پی کی رکنیت حاصل کی تھی جس کے بعد انہیں قانون ساز اسمبلی کا رکن بنایا گیا۔ انتظامی تجربہ ہونے کی وجہ سے انہیں حکومت یا پارٹی میں اہم عہدہ دئیے جانے کے سلسلے میں چہ میگوئیاں جاری تھیں۔آج اس پر بریک لگاتے ہوئے مئو کے رہنے والے اے کے شرما کو ریاستی بی جے پی کا نائب صدر بنایا گیا ہے۔
پارٹی ترجمان نے بتایا کہ مسٹر شرما کے علاوہ لکھنو کی ارچنا مشرا اور بلندشہر کے امت والمیکی کو پارٹی میں ریاستی سکریٹری کے عہدے سے نوازہ گیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے سبھی نو نامزدذمہ داروں کو مبارک باد دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے مختلف مورچوں کے ریاستی صدور کا بھی اعلان کیا ہے۔ پرشانت دیویدی(فرخ آباد) کو یوا مورچہ، گیتا شاکیہ راجیہ سبھا رکن(اوریا) کو خاتون مورچہ،کامیشور سنگھ(گورکھپور) کو کسان مورچہ،نریندر کشیپ(غازی آباد) کو پسماندہ طبقات مورچہ،کوشل کشو(رکن پارلیمان) کو ایس سی مورچہ،سنجے گونڈ(گورکھپور)کو ایس ٹی مورچہ اور کنور باسط علی(میرٹھ)کو اقلیتی مورچے کا ریاستی صدر بنایا گیا ہے۔


19 Jun 2021, 6:29 PM

پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے لئے مفت ٹیکہ کاری کا آغاز

ممبئی:مہاراشٹر کے سیاحت اور ماحولیات کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے ہفتہ کے روز ممبئی پولیس کے اہلکاروں کے اہل خانہ کے لئے ایک مفت ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کا اہتمام رضوی ایجوکیشن سوسائٹی اینڈ ہیلپ یور سلیف فاؤنڈیشن نے کیا ہے۔ دریں اثنا، حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 19 جون کی صبح سات بجے تک مہاراشٹر میں 27149623 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے تھے۔

19 Jun 2021, 5:27 PM

گولی لگنے سے چچازاد بھائی کی موت، تین ملزمان گرفتار

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ رانی گنج پولیس نے علاقے کے سرائے شیر خاں لوہار تارہ گاؤں میں گزشتہ پانچ روز قبل شادی کے پروگرام کے دوران ہوئی فائرنگ میں گولی لگنے سے دلہن کے چچازاد بھائی کی موت ہوجانے سے دلہن کے حقیقی بھائی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ آکاش تومر نے آج بتایا کہ تھانہ رانی گنج علاقے کے سرائے شیر خاں لوہار تارہ گاوں میں گزشتہ 15/ جون کی شب نگم سنگھ کی بیٹی کی شادی تھی، جہاں پروگرام کے دوران اچانک ہوئی فائرنگ میں گولی لگنے سے دلہن کا چچازاد بھائی پریم کمار سنگھ ( 38) شدید زخمی ہوگیا، اسے علاج کے لئے ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے نگم سنگھ کی شکایت پر قتل کا کیس درج کر تحقیقات شروع کر دی۔

تحقیقات کے دوران یہ حقیقت سامنے آئی کہ مدعی نگم سنگھ کے بیٹے ونئے سنگھ کا دوست فیروز گاؤں کے سنجے سنگھ سے اس کی لائسنسی ریوالور مانگ کر لایا تھا۔ دروازے پر بارات پہنچنے کی رسم کے دوران ونئے سنگھ نے مذکورہ ریوالور سے فائرنگ کرنے کے لیے جیسے ہاتھ اٹھایا اچانک گولی چل گئی اور اس کے چچازاد بھائی پریم کمار سنگھ کو لگ گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا بعد میں اس کی ضلع اسپتال میں موت ہوگئی۔

پولیس نے جمعہ کو مخبر کی اطلاع پر علاقے کے پریم نگر گاوں سے ونئے سنگھ ،فیروز و سنجے سنگھ سمیت تینوں ملزمان کو گرفتار کر وقوعہ میں استعمال 32 بور کی لائسنسی ریوالور برآمد کرلی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔