اہم خبریں: خوشخبری، سعودی عرب میں روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

19 Aug 2021, 9:52 PM

سعودی عرب میں روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع

ریاض: سعودی عرب میں عسکری مصنوعات کے ادارے کے گورنر احمد العوھلی نے کہا ہے کہ 2030 تک عسکری صنعتوں کے شعبے میں روزگار کے ایک لاکھ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ عسکری مصنوعات کا ادارہ سعودی جامعات کے تعاون اور روزگار پروگرام کے ذریعے سعودی خواتین کو ملازمت کی سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ مقامی ویب سائٹ کے مطابق گورنر احمد العوھلی نے کہا کہ عسکری مصنوعات کے شعبے میں سعودی خواتین کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ سعودائزیشن کے اہداف حاصل کرنے کے لیے کا م جاری رہے گا۔ احمد العوھلی نے اپنے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ عسکری صنعتوں کے شعبے میں سعودی خواتین کی کارکردگی قابل قدر ہے۔انہو ں نے کہا کہ عسکری مصنوعات کے حوالے سے 39 کمپنیاں لائسنس لے چکی ہیں اور وہ خواتین کو عسکری صنعتی نظام کا حصہ بنا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی سعودی خواتین فیکٹریوں اور سینٹرز میں کام کرنے لگی ہیں، سعودی کمپنیاں ریموٹ کنٹرول سے کام کرنے والی نئی دفاعی مشینوں کی تیاری میں سعودی انجینیئر اور ٹیکنیشن خواتین سے مدد لے رہی ہیں۔

19 Aug 2021, 8:29 PM

بہار: سارن میں سبزی فروش کا پیٹ پیٹ کر قتل

چھپرہ: بہار میں سارن ضلع کے مڑھورا تھانہ علاقہ میں جمعرات کو آپسی تنازعہ میں ایک سبزی فروش کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ لیروا گاﺅں باشندہ ہیرا پرساد (65) سائیکل سے گھوم کر سبزی فروخت کر رہے تھے۔ اسی دوران تیج پرواں گاﺅں کے نزدیک لیروا گاﺅں باشندہ پرویز عالم نے ان کی ٹوکری سے کریلا نکال کر چھپا دیا۔ ہیرا پرساد نے جب اس کی مخالفت کی تب پرویز عالم نے ان کے ساتھ مار پیٹ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمی سبزی فروش کو مقامی افراد علاج کیلئے نزدیکی ریفرل اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے چھپرہ صدر اسپتال بھیج دی ہے۔ پولیس اس معاملے میں ایف آئی آر دج کر کے جانچ کررہی ہے۔

19 Aug 2021, 7:40 PM

افغانستان: اسدآباد میں قومی پرچم لہرا رہے لوگوں پر طالبان نے برسائی گولیاں، کئی ہلاک

خبر رساں ادارہ رائٹرس کی خبر کے مطابق افغانستان کے اسدآباد شہر میں یومِ آزادی کے موقع پر نکالی گئی ریلی میں قومی پرچم لہرا رہے لوگوں پر طالبان جنگجوؤں کے ذریعہ کی گئی گولی باری میں کئی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مہلوکین کی حقیقی تعداد کے بارے میں ابھی کچھ بھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔


19 Aug 2021, 6:38 PM

داعش کا رکن ہونے کے الزام میں گرفتار مسلم نوجوان 5 سال بعد جیل سے رِہا

‏ممبئی: ممنوعہ دہشت گرد تنظیم داعش کے رکن ہونے کے الزامات کے تحت گزشتہ 5 سالوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اقبال احمد کبیر احمد کی آج بروز جمعرات تلوجہ جیل سے رہائی عمل میں آئی۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد ملزم نے اسے قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی سے ملاقات کی اور اسے قانونی امداد دیئے جانے خصوصاً اس کی ضمانت پر رہائی کے لیئے کوشش کرنے کے لیئے شکریہ ادا کیا۔

19 Aug 2021, 5:57 PM

طالبان نے امارات اسلامیہ افغانستان کے قیام کا اعلان کیا

کابل: طالبان نے جمعرات کو ملک کے 102ویں یوم آزادی کے موقع پر امارات اسلامیہ افغانستان کے قیام کا اعلان کیا طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’’امارات اسلامیہ کا اعلان برطانوی راج سے ملک کی آزادی کی 102 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ اتوار کو طالبان کے دارالحکومت پر قبضہ کرنے کے بعد صدر اشرف غنی کابل سے فرار ہوگئے تھے۔ طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی نئی حکومت کے قیام کا اعلان کرے گا اور حکومت کو شریعت کے مطابق چلایا جائے گا۔


19 Aug 2021, 5:31 PM

یو پی: امروہہ میں ایک شخص کی درخت سے باندھ کر کی گئی پٹائی، ایف آئی آر درج

اتر پردیش کے امروہہ میں ایک شخص کی درخت سے باندھ کر پٹائی کیے جانے کا معاملے سامنے آیا ہے، اور بتایا جاتا ہے کہ اس پٹائی کے دوران واقعہ کا ویڈیو بھی بنایا گیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ دھنورا کے سی او ستیندر کمار نے اس تعلق سے بتایا کہ ’’سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں ایک شخص کو درخت سے باندھ کر پیٹا گیا۔ ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔