اہم خبریں: ’قومی یومِ بے روزگاری‘ کی ضرورت ہی نہیں پڑتی اگر بی جے پی ’متروں‘ کی جگہ عوام کے لیے کام کرتی... راہل کا طنز

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

17 Sep 2021, 7:41 PM

’قومی یومِ بے روزگاری‘ کی ضرورت ہی نہیں پڑتی اگر بی جے پی ’متروں‘ کی جگہ عوام کے لیے کام کرتی، راہل کا طنز

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ’قومی یوم بے روزگاری‘ ٹرینڈ کرنے کو لے کر بی جے پی پر طنز کسا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ قومی یومِ بے روزگاری کی ضرورت ہی نہیں پڑتی اگر بی جے پی عوام کے لیے کام کرتی، متروں کے لیے نہیں۔

17 Sep 2021, 3:51 PM

آئندہ یوپی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی کا قیام، جتیندر سنگھ چیئرمین مقرر

کانگریس پارٹی کی جانب سے یوپی کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ایک اسکریننگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین جتیندر سنگھ ہوں گے جبکہ دیپیندر سنگھ ہڈا اور ورشا گائیکواڈ ممبران رہیں گے۔ اس کے علاوہ جنرل سیکریٹری انچارج پرینکا گاندھی، یوپی کانگریس کے صدر اجے کمار للو اور قانون ساز پارٹی کی قائد ارادھنا مشرا مونا خصوصی ممبران کی حیثیت سے کام کریں گے۔

17 Sep 2021, 3:04 PM

پنجاب ہی نہیں پورا ملک مودی حکومت کے خلاف، سکھبیر سنگھ بادل

شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل نے کہا، ’’مودی حکومت اور ہریانہ حکومت نے ہمارے کارکنان کو روکا۔ انہوں نے لاٹھی چارج کرایا اور ہماری گاڑیوں کو توڑ دیا۔ پُرامن مظاہرہ کو بھی روک دیا۔ ہم یہاں وزیر اعظم مودی کو یہ پیغام دینے کے لئے آئے ہیں کہ پنجاب ہی نہیں بلکہ پورا ملک ان کی حکومت کے خلاف ہے۔‘‘


17 Sep 2021, 1:56 PM

زرعی قوانین کے خلاف اکالی دل کے لیڈران کا مارچ، پولیس نے حراست میں لیا 

زرعی قوانین کے خلاف اکالی دل کے لیڈران نے گرودوارا رکاب گنج صاحب سے پارلیمنٹ تک مارچ نکالنے کی شروعات کی لیکن پولیس فوری طور پر انہیں حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئے لیڈران کو سنسد مارگ پولیس تھانہ لے جایا گیا ہے۔

17 Sep 2021, 12:47 PM

تینوں زرعی قواین واپس ہونے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہرسمرت کور

مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے ایک سال پورا ہونے پر اکالی دل کی جانب سے آج یومِ سیاہ منا کر دہلی میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اس دوران اکالی دل نے گرودوارا رکاب گنج صاحب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ نکالا۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر اور اکالی دل کی لیڈر ہرسمرت کور نے کہا، ’’کافی تعداد میں کسان مارے جا چکے ہیں اور آج بھی کسان دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن یہ حکومت بے رحم ہے۔ زرعی قوانین واپس لئے جانے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘


17 Sep 2021, 10:35 AM

ہندوستان کی شیفالی جونیجا بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی چیئرپرسن منتخب

ہندوستان کی شیفالی جونیجا بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ایوی ایشن سیکورٹی کمیٹی کی چیئرمین منتخب ہوئی ہیں۔ ہندوستان کو یہ ذمہ داری 12 سال کے وقفہ کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ جبکہ جونیجا پہلی خاتون ہیں جو اس اسٹراٹیجک کمیٹی کی سربراہی کریں گی۔

17 Sep 2021, 9:17 AM

کسان تحریک کے پیش نظر دہلی کے جھڑودہ کلاں بارڈر پر ٹریفک دونوں طرف سے بند

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک لگاتار جاری ہے اور دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر کئی راستوں پر ٹریفک متاثر ہے۔ دریں اثنا، دہلی ٹریفک پولیس نے اطلاع دی ہے کہ کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر جھڑودہ کلاں بارڈر پر دونوں طرف کا راستہ بیریکیڈ لگاکر بند کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شرومنی اکالی دل نے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا اور بڑی تعداد میں پارٹی کے لوگ اور کسان دہلی میں داخل ہونے کے لئے پنجاب سے کوچ کر چکے ہیں۔ اکالی دل کے احتجاج کے پیش نظر ہی دہلی پولیس نے جھڑودہ کلاں بارڈر پر ٹریفک کو بند کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔