اہم خبریں: ہندوستان میں کورونا وائرس سے پہلی موت، 74 سالہ حسین صدیق جان بحق

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

قومی آوازبیورو

12 Mar 2020, 10:32 PM

ہندوستان میں کورونا وائرس سے پہلی موت، 74 سالہ حسین صدیق جان بحق

ہندوستان میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے پہلی موت واقع ہوئی ہے۔ فوت ہونے والے شخص کا نام محمد حسین صدیق ہے اور وہ 74 سال کے تھے۔ حسین صدیق 29 فروری کو سعودی عرب سے واپس لوٹے تھے۔

صدیق کا کلبرگی کے ایک اسپتال میں علاج چل رہا تھا اور انہیں سانس لینے میں تکلیف، نزلہ اور بلغم کی شکایت تھی۔ جس وقت صدیق کی موت واقع ہوئی تھی ان کی کورونا وائرس کی رپورٹ نہیں آئی تھی۔ لیکن اب محکمہ صحت نے تصدیق کر دی ہے کہ محمد حسین صدیق کو کورونا وائرس کا انفیکشن تھا۔

12 Mar 2020, 5:09 PM

کورونا وائرس: دہلی کے اسکول-کالجز کے بعد سنیما گھر بھی 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کو دیکھتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی کے سبھی سنیما گھروں کو 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے دہلی کے اسکول اور کالجز بھی بند کیے جانے کا اعلان ہو چکا ہے اور ہونے والے امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

12 Mar 2020, 4:27 PM

کرناٹک پولس نے کانگریس اراکین اسمبلی کو بنایا یرغمال: دگوجے سنگھ

مدھیہ پردیش کے سیاسی حالات پر کانگریس لیڈر دگوجے سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس اراکین اسمبلی کو بی جے پی نے کرناٹک پولس کے ذریعہ یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ہمارے وزراء جیتو پٹواری اور لاکھن سنگھ کے ساتھ بدتمیزی کی جا رہی ہے۔‘‘


12 Mar 2020, 3:11 PM

مہاراشٹر: کورونا وائرس کے خطرے کے درمیان وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کی میٹنگ

کورونا وائرس کے خطرے کے درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی ضلع کلکٹروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے، وزیر داخلہ انل دیشمکھ اور چیف سکریٹری اجوئے مہتا بھی موجود تھے۔

12 Mar 2020, 2:03 PM

دہلی تشدد معاملہ میں آئندہ سماعت 20 مارچ کو

سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے دہلی تشدد سے متعلق عرضیوں پر جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت طلب کیا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت 20 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی اور مرکز سے پیر تک جواب داخل کرنے کو کہا۔


12 Mar 2020, 1:28 PM

کورونا وائرس اور سنسیکس کا نام لے کر پرینکا گاندھی نے پی ایم مودی پر کیا حملہ

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’سنسیکس دھڑام سے گر چکا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کو وبائی مرض قرار دیا ہے۔ لوگوں میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ پی آر اسٹنٹ میں ماہر پی ایم جی کو اگر چنی ہوئی حکوم گرانے سے فرصت مل گئی ہو تو ملک کے لیے ضروری اس موضوع پر بھی بول دیں۔‘‘

12 Mar 2020, 12:07 PM

یوگی حکومت کے ہورڈنگ والے فیصلے پر سپریم کورٹ نے کھڑے کیے سوال

لکھنؤ میں سی اے اے تشدد سے جڑے ملزمین کے ہورڈنگز لگانے پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ہورڈنگ لگانے کے فیصلے پر سوال کھڑے کیے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ہم حکومت کی فکر سمجھ سکتے ہیں، لیکن کوئی بھی قانون ایسا نہیں جس سے ہورڈنگ لگانے کے فیصلے کی حمایت کی جا سکے۔


12 Mar 2020, 11:11 AM

راجیہ سبھا میں دہلی تشدد پر بحث آج، بی جے پی نے جاری کیا وہپ

راجیہ سبھا میں دہلی تشدد پر آج بحث ہوگی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس دوران خود اپوزیشن کے الزامات پر جواب دیں گے۔ بی جے پی نے ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے اپنے سبھی راجیہ سبھا اراکین کو وہپ جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے ذیلی ایوان لوک سبھا میں بھی بدھ کو دہلی تشدد پر بحث ہوئی تھی۔ دھیان رہے کہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے دہلی تشدد پر بدھ کو ہی بحث کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اپوزیشن ختم ہو رہے دو آرڈیننس پر بھی بحث چاہتا تھا۔ کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد، آنند شرما سمیت ترنمول کے اراکین پارلیمنٹ نے دہلی تشدد پر بدھ کو بحث کی تجویز پیش کی تھی۔

12 Mar 2020, 10:11 AM

شیئر بازار میں آج پھر گراوٹ، سنسیکس 1900 اور نفٹی 500 پوائنٹ نیچے

شیئر بازار میں آج پھر صبح سویرے زبردست گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بازار کھلتے ہیں سنسیکس میں 1200 پوائنٹ کی گراوٹ دیکھنے کو ملی تھی جو اب بڑھ کر تقریباً 1900 پوائنٹ تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف نفٹی کی حالت بھی انتہائی خستہ ہے۔ صبح بازار کھلنے کے بعد جہاں نفٹی میں تقریباً 400 پوائنٹ گراوٹ دیکھنے کو ملی تھی وہیں اب یہ 537 پوائنٹ تک نیچے چلی گئی ہے۔


12 Mar 2020, 9:15 AM

پی ایف آئی صدر پرویز اور سکریٹری الیاس کو دہلی پولس نے کیا گرفتار

دہلی پولس کے اسپیشل سیل نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے صدر پرویز اور سکریٹری الیاس کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری پی ایف آئی کا تار شاہین باغ سے جڑنے کے الزام میں ہوئی ہے۔

12 Mar 2020, 8:44 AM

کورونا وائرس کو ڈبلیو ایچ او نے ٹھہرایا وبائی مرض

کورونا وائرس کو عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے وبائی مرض ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 4300 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے اس لیے اسے وبائی مرض کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے فیصلہ کے بعد امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یوروپ سے امریکہ کے سبھی سفر پر 30 دن کے لیے پابندی لگا دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔