کورونا UPDATES: ہندوستان میں کورونا کی ایک خاص ’دوا‘ کا ہوگا ٹرائل، ملی منظوری

کورونا وبا کی پہلی دوا
کورونا وبا کی پہلی دوا
user

قومی آوازبیورو

08 May 2020, 5:13 PM

ہندوستان میں کورونا کے خلاف ایک خاص ’دوا‘ کا ہوگا ٹرائل، ملی منظوری

ہندوستان میں کورونا کے قہر پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے۔ اب سائنسدانوں نے اس کا علاج ڈھونڈنے کے لیے نئے تجربات بھی شروع کر دیے ہیں۔ اس ضمن میں ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے ’فیوی پیراویر‘ نامی اینٹی وائرل دوا کے ٹرائل کو ہندوستان میں منظوری دے دی ہے۔ پی ایم نریندر مودی کی صدارت والی کونسل آف سائنس اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) نے اس کی منظوری ملنے کے بعد اگلے ہفتہ اس کا ٹرائل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

08 May 2020, 4:43 PM

بی ایس ایف کے 30 مزید جوانوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو

بی ایس ایف ذرائع نے خبر دی ہے کہ بی ایس ایف کے 30 مزید جوانوں میں کورونا وائرس انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے 6 کا تعلق دہلی سے ہے جب کہ 24 کا تعلق تریپورہ سے ہے۔ ان سب کا علاج جھجر واقع ایمس اور اگرتلہ واقع جی بی پنت اسپتال میں چل رہا ہے۔

08 May 2020, 4:06 PM

اتر پردیش: پرینکا گاندھی نے لکھنؤ کے ضرورت مندوں کے لیے بھیجے 1 لاکھ ماسک

کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے لکھنؤ میں ایک لاکھ ماسک بھیجا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ماسک لکھنؤ کے ضرورت مندوں کے درمیان ہفتہ کے روز تقسیم کیے جائیں گے۔ دراصل پرینکا گاندھی لگاتار اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں ضرورت مندوں کو دھیان میں رکھ کر امدادی کام کر رہی ہیں اور ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اب تک 47 لاکھ لوگوں کے لیے راشن کا انتظام کیا جا چکا ہے۔


08 May 2020, 3:31 PM

نیم فوجی دستوں پر کورونا کا قہر، اب تک 481 جوان انفیکشن کے شکار

مرکزی آرمڈ پولس فورسز یعنی سی اے پی ایف میں کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اب تک نیم فوجی دستوں میں کورونا انفیکشن کے 481 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ بی ایس ایف میں سب سے زیادہ 195 معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ سی آر پی ایف میں کورونا انفیکشن کے 159 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح آئی ٹی بی پی جوانوں میں 82 معاملے جب کہ سی آئی ایس ایف جوانوں میں 32 معاملے کورونا کے اب تک سامنے آئے ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس بی میں 13 کورونا پازیٹو کیس کی خبریں اب تک سامنے آ چکی ہیں۔

08 May 2020, 2:58 PM

گوہاٹی میڈیکل کالج کے ڈاکٹر میں کورونا انفیکشن کی تصدیق، میڈیکل کالج بند کرنے کا اعلان

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور طبی اہلکاروں کے بھی کورونا پازیٹو آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ معاملہ آسام سے سامنے آیا ہے جہاں گواہاٹی میڈیکل کالج کے ایک ڈاکٹر میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسام حکومت نے اس خبر کو ملنے کے بعد گواہاٹی میڈیکل کالج کو نئے مریضوں کے لیے بند کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گوہاٹی میڈیکل کالج میں پی جی اسٹوڈنٹ ایک ڈاکٹر کا جب کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو رپورٹ پازیٹو برآمد ہوا ہے۔ اس کے بعد میڈیکل کالج میں ایک ہنگامہ برپا ہو گیا اور فوری طور پر میڈیکل کالج کو نئے مریضوں کے لیے بند کر دیا گیا۔


08 May 2020, 2:10 PM

دہلی میں حالات خطرناک، کیٹس ایمبولنس سروس کے 45 اہلکار کی ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو

دہلی میں کوئی شعبہ ایسا نہیں بچا ہے جو کورونا کی زد میں نہ آیا ہو۔ طبی اہلکار، پولس اہلکار اور ضروری خدمات سے جڑے لوگوں میں لگاتار کورونا پازیٹو معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق کیٹس ایمبولنس سروس کے 45 ملازمین کورونا ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں جس کے بعد دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لکشمی نگر کے کیٹس ایمبولنس سروس 102 کے 80 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ ہوا تھا جن میں سے 45 کی ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ یہ بے حد لاپروائی والا معاملہ ظاہر ہو رہا ہے کیونکہ کیٹس ایمبولنس کے ذریعہ مریضوں کو اسپتالوں میں پہنچایا جا رہا ہے اور ذرا سی بھی لاپروائی کورونا کی زد میں آنے کے لیے کافی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ کیٹس افسروں کی فیملی بھی کورونا کی زد میں آ گئی ہے۔

08 May 2020, 1:42 PM

یو اے ای اور سنگاپور سے ہندوستان پہنچے کئی ملکی باشندے، آئسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ

بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو ملک واپس لانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ دیر رات یو اے ای میں پھنسے لوگوں کی دو فلائٹس کیرالہ میں لینڈ کر چکی ہے۔ اس میں 363 ہندوستانی شہری سوار تھے۔ ائیر انڈیا کی پہلی فلائٹ سے 181 مسافر کوچین ائیر پورٹ پر پہنچے اور ایک دیگر فلائٹ نے کیرالہ کے کوزیکوڈ ائیر پورٹ پر لینڈ کیا۔ اس فلائٹ میں بھی 180 مسافر سوار تھے۔ اس کے علاوہ سنگاپور سے بھی ایک فلائٹ لینڈ کر گئی۔ حکومت نے ان مسافروں کو آئسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف حاملہ خواتین اور بزرگ مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ملے گی۔


08 May 2020, 1:05 PM

آگرہ: کورونا میں مبتلا سینئر صحافی پنکج کل سریشٹھ کا انتقال، پرینکا گاندھی کا اظہارِ غم

آگرہ کے سینئر صحافی پنکج کل سریشٹھ کا انتقال آج کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہو گیا۔ اس خبر کے عام ہونے پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اظہارِ غم کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ "کورونا کی زد میں آئے آگرہ کے سینئر صحافی شری پنکج کل سریشٹھ جی کے انتقال کی خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ پرخلوص خراج عقیدت۔" انھوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ "ان کے گھر والوں، صحافتی طبقہ کے دوستں کے ساتھ میری ہمدردی ہے۔ صحافی طبقہ اس بحران کے وقت میں ہم تک خبریں پہنچانے کی اہم ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ پنکج جی کی فیملی کو پوری طرح سے معاشی مدد اور سبھی صحافیوں کے لیے ایک بیمہ کا اعلان اتر پردیش حکومت کو کرنی چاہیے۔"

08 May 2020, 12:27 PM

مرکزی حکومت بتائے کہ کورونا کے خلاف وہ کیا منصوبہ بنا رہی ہے: راہل گاندھی

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ لوگوں سے خطاب کیا۔ انھوں نے اس دوران کہا کہ گزشتہ 45 دنوں سے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس مشکل وقت میں سب سے زیادہ ضروری ہے کہ چھوٹی صنعتوں کو راحت پیکیج دیا جائے اور ساتھ ہی لوگوں تک زیادہ سے زیادہ نقد پہنچایا جا سکے۔ لوگوں کے ہاتھوں میں پیسہ پہنچے گا تو معاشی بحران کا حل نکل جائے گا۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ساتھ ہی کہا کہ مرکزی حکومت کو بتانا چاہیے کہ وہ کورونا سے لڑنے کے لیے کس طرح کا منصوبہ تیار کر رہی ہے۔ کورونا کو ہرانے کا حل صرف لاک ڈاؤن نہیں ہے، اس کے لیے باضابطہ منصوبہ بند طریقے سے کام کرنا ہوگا۔ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ”میرا ماننا ہے کہ کورونا انفیکشن بہت بڑا مسئلہ ہے۔ یہ ذیابیطس کے مریضوں اور بزرگوں کے لیے خطرناک ہے، لیکن اسے ہرایا جا سکتا ہے۔“


08 May 2020, 11:09 AM

ہندوستان: خطرناک ہے مئی، ایک ہفتے میں ہی 23 ہزار نئے کیس اور 811 اموات

ہندوستان میں کورونا انفیکشن خطرناک رخ اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 56 ہزار کو پار کر گئی ہے۔ 30 اپریل تک کل مصدقہ کیسز 33 ہزار کے قریب تھے جو مئی کے شروعاتی 7 دنوں میں بڑھ کر 56 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔ یعنی گزشتہ 7 دنوں میں 23 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح 30 اپریل تک 1075 لوگوں کی موت اس انفیکشن کی وجہ سے ہندوستان میں ہوئی تھی جو اب بڑھ کر 1886 ہو گئی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو گزشتہ 7 دنوں میں 811 لوگوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ لوگ تیزی سے ٹھیک بھی ہو رہے ہیں۔ 30 اپریل تک تقریباً 8 ہزار لوگ ٹھیک ہوئے تھے اور اب یہ تعداد 16 ہزار کو پار کر چکی ہے۔ یعنی ٹھیک ہونے والوں کی تعداد دوگنی بڑھی ہے۔

08 May 2020, 10:19 AM

اتر پردیش: نوئیڈا انتظامیہ سے اجازت ملنے کے بعد سیمسنگ فیکٹری میں کام شروع

لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہندوستان میں سبھی کاروبار ٹھپ پڑے ہوئے ہیں۔ لیکن لاک ڈاؤن 3.0 میں کئی جگہ نرمی دی گئی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں شروع ہو سکیں۔ اس کے تحت آج سیمسنگ فیکٹری میں دوبارہ کام شروع ہو گیا ہے۔ نوئیڈا انتظامیہ سے اجازت ملنے کے بعد سیمسنگ فیکٹری میں ایک بار پھر کام شروع کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔


08 May 2020, 9:42 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہوئیں 103 اموات، مہلوکین کی مجموعی تعداد 1886

مرکزی وزارت کے ذریعہ جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1886 پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 103 افراد اس انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں کووڈ-19 کے 3390 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر ہندوستان میں متاثرین کی تعداد 56342 تک پہنچ گئی ہے۔

08 May 2020, 8:56 AM

مہاراشٹر ممبئی واقع آرتھر روڈ جیل میں 77 قیدی اور 26 ملازمین کورونا پازیٹو

کورونا سے بری طرح متاثر ممبئی کے لیے لگاتار فکرانگیز خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اب پتہ چلا ہے کہ آرتھر روڈ جیل میں ایک ساتھ 77 قیدی پازیٹو پائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 26 جیل ملازمین بھی کورونا کی زد میں ہیں۔ یہ پتہ چلنے کے بعد جیل انتظامیہ میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے اور سبھی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ جانکاری خود مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔