کورونا UPDATES: 'لاما' نامی جانور میں موجود ہے کورونا کا علاج، سائنسدانوں کا دعویٰ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 May 2020, 5:10 PM

'لاما' نامی جانور میں موجود ہے کورونا کا علاج، سائنسدانوں کا دعویٰ

پوری دنیا کورونا وائرس کے لیے ویکسین اور اس وائرس انفیکشن کا علاج تلاش کرنے میں مصروف ہے۔ اس درمیان ٹیکساس یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے لاما (اونٹ کی نسل کا جانور) میں ایسی صلاحیت تیار کر لی ہے جو کورونا وائرس کو روکنے میں مددگار ہے۔ ٹیکساس یونیورسٹی نے ایک بیان جاری کر اس بات کی جانکاری دی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ چار سال کے لاما میں اس وائرس سے لڑنے کی صلاحیت موجود ہے اور یہ تحقیق کورونا کا ویکسین بنانے میں کافی مفید ثابت ہوگی۔

07 May 2020, 4:07 PM

حالات ظاہر کرتے ہیں کہ جون میں سب سے زیادہ کیس آئیں گے: ایمس ڈائریکٹر

ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا نے ایک ہندی نیوز پورٹل سے کورونا وائرس انفیکشن اور موجودہ حالات کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "جس طریقے سے ٹرینڈ دیکھنے کو مل رہا ہے، کورونا کے کیس جون میں سب سے زیادہ سامنے آئیں گے۔ حالانکہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ بیماری ایک بار میں ہی ختم ہو جائے گی۔ ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔ دھیرے دھیرے کورونا کے معاملوں میں کمی آئے گی۔"

07 May 2020, 3:13 PM

21 مئی نہیں، اب 31 اگست تک ہندوستان سے ختم ہوگا کورونا کا قہر!

سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن کی ایک تحقیق میں پہلے کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس ہندوستان سے 21 مئی تک 97 فیصد ختم ہو سکتا ہے اور مکمل طور پر دسمبر 2020 تک ختم ہوگا۔ لیکن کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات نے اس رپورٹ کی بخیا ادھیڑ کر رکھ دی ہے اور ایک تازہ رپورٹ جو سامنے آئی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کا قہر 21 مئی کی جگہ 31 اگست 2020 تک ختم ہوگا۔


07 May 2020, 2:38 PM

مہاراشٹر: اب مالیگاؤں بن رہا ہاٹ اسپاٹ، 40 پولس اہلکار کورونا پازیٹو

مہاراشٹر کا مالیگاؤں کورونا وائرس کے نئے ہاٹ اسپاٹ کی شکل میں سامنے آ رہا ہے۔ خبروں کے مطابق یہاں کنٹنمنٹ زون میں ڈیوٹی کر رہے 40 پولس اہلکار کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ پولس اہلکاروں اور ایس آر پی ایف جوانوں کے کورونا پازیٹو ہونے سے مالیگاؤں میں حالات خوفناک ہوتے جا رہے ہیں۔ پوری ریاست میں پولس اہلکاروں کے کورونا پازیٹو ہونے کی تعداد 531 پہنچ چکی ہے جن میں 51 پولس افسر اور 480 پولس ملازم شامل ہیں۔

07 May 2020, 1:30 PM

ممبئی میں تقریباً 250 پولس اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن سے حالات انتہائی خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ خصوصاً ممبئی میں ایک دہشت کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالات اتنے خراب ہیں کہ لگاتار طبی اہلکاروں اور پولس اہلکاروں کے کووڈ-19 پازیٹو آنے کی خبریں مل رہی ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ممبئی میں تقریباً 250 پولس اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آیا ہے۔ ممبئی پولس کمشنر پرمبیر سنگھ نے اس بات کی جانکاری دی۔ حالانکہ انھوں نے کہا کہ کووڈ-19 علامت والے کیس بہت کم ہیں اور ان میں سے کوئی بھی آئی سی یو میں نہیں ہے۔


07 May 2020, 12:42 PM

تملناڈو: شراب کی دکانیں کھلنے سے ناراض خواتین نے سڑک پر اتر کر کیا مظاہرہ

ایک طرف جہاں لاک ڈاؤن میں نرمی دے کر شراب کی دکانیں کھولنے کا کئی ریاستی حکومتوں نے فیصلہ کیا ہے اور لوگوں کی لمبی قطاریں شراب خریدنے کے لیے لگی ہوئی نظر آ رہی ہیں، وہیں دوسری طرف خواتین حکومت کے اس فیصلے سے ناراض ہیں۔ تمل ناڈو میں بڑی تعداد میں خواتین نے گھروں سے باہر سڑکوں پر نکل کر حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مظاہرہ کیا اور کہا کہ شراب کی فروخت پر فوراً پابندی عائد کی جائے۔

07 May 2020, 12:11 PM

مہاراشٹر: ممبئی-ناسک شاہراہ پر مہاجر مزدوروں کا پیدل سفر جاری

مہاراشٹر کے مہاجر مزدوروں کا مختلف ریاستوں میں اپنے گھر کی طرف پیدل سفر جاری ہے۔ ممبئی-ناسک شاہراہ پر کئی مزدور لگاتار پیدل چلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جن میں بچے و خواتین بھی شامل ہیں۔ اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک مہاجر خاتون مزدور پریتی کماری کا کہنا ہے کہ "میں اپنے گھر جا رہی ہوں۔ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ میں اپنے بچے کو یہاں کس طرح کھلاؤں گی؟ تھوڑے پیسے ہیں جس سے میں سفر کے دوران بچے کو بسکٹ دوں گی۔"


07 May 2020, 11:08 AM

دہلی سے پہلی مزدور اسپیشل ٹرین آج رات 8 بجے مدھیہ پردیش کے لیے ہوگی روانہ

دہلی سے مہاجر مزدوروں کو لے کر پہلی مزدور اسپیشل ٹرین آج مدھیہ پردیش کے چھتر پور کے لیے روانہ ہوگی۔ یہ ٹرین آج رات 8 بجے چلے گی۔ اس ٹرین سے 1200 مزدور جائیں گے۔ یہ مہاجر مزدور دہلی کے الگ الگ رین بسیروں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔

07 May 2020, 10:11 AM

ہندوستان میں تیزی سے بڑھ رہی مہلوکین کی تعداد، اب تک 1783 ہلاک

ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے اور جلد ہی یہ 2000 پہنچنے والی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق مہلوکین کی تعداد 1783 پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 52952 بتائی جا رہی ہے۔ ان میں سے 15266 افراد ٹھیک ہو کر گھر پہنچ گئے ہیں۔


07 May 2020, 9:39 AM

اجتماعی کوششوں سے اس کورونا کا ہوگا خاتمہ: پی ایم مودی

پی ایم نریندر مودی نے آج ملک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات بالکل الگ ہیں اور ملک میں جاری کورونا بحران کی وجہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ملک کے باشندوں سے خطاب کرنا پڑ رہا ہے۔ حالانکہ اجتماعی کوششوں کے بعد ہی ملک اس آفت سے باہر نکل پائے گا۔

دراصل آج کا خطاب پی ایم مودی نے بدھ پورنیما کی مبارکباد پیش کرنے کے مقصد سے کیا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ مجھے پہلے بھی اس موقع پر ملک کے باشندوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملا ہے، حالانکہ آج حالات بدلے ہوئے ہیں اور ایسے میں ہمیں کچھ عزائم کی ضرورت ہے۔

07 May 2020, 8:34 AM

کورونا کے بڑھتے اثر کو دیکھتے ہوئے راجستھان حکومت نے ریاست کی سرحدوں کو کیا سیل

کورونا وائرس کا اثر دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ بے قابو ہوتے حالات کو دیکھ کر راجستھان حکومت نے ریاست کی سرحدوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راجستھان کی بین ریاستی سرحدوں سے لوگوں کا داخلہ روکنے کے لیے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے فوری اثر سے ریاست کی سبھی بین ریاستی سرحدوں کو سیل کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔