اہم خبریں: کورونا انفیکشن سے گجرات کی حالت خستہ، مزید 30 لوگوں کی موت

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

قومی آوازبیورو

03 Jun 2020, 9:10 PM

گجرات: کورونا انفیکشن کے مزید 485 نئے کیسز درج، مزید 30 لوگوں کی اموات

تازہ ترین خبروں کے مطابق گجرات میں کورونا انفیکشن کے 485 تازہ معاملے سامنے آئے ہیں اور 30 مزید لوگوں کی اس انفیکشن کی وجہ سے موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ اس طرح ریاست میں مجموعی طور پر کورونا انفیکشن سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1122 پہنچ گئی ہے جب کہ مجموعی مریضوں کی تعداد 18117 ہو گئی ہے۔

03 Jun 2020, 8:15 PM

گجرات: بھروچ کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، 5 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

گجرات کے بھروچ میں ایک پیسٹیسائیڈ کمپنی میں ہوئے دھماکے میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ واقعہ میں کم از کم 57 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں۔ فی الحال دھماکہ کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حالانکہ افسران کا کہنا ہے کہ یشسوی رسائن پرائیویٹ لمیٹڈ کے اسٹوریج ایریا میں دوپہر 12 بجے کے آس پاس آگ لگی تھی۔

03 Jun 2020, 7:17 PM

طوفان نسرگ ممبئی پہنچتے ہی ہوا کمزور، کسی جانی نقصان کی خبر نہیں

طوفان نسرگ ممبئی پہنچ کر کمزور پڑ گیا ہے اور کئی مقامات پر درخت گرنے اور مکانات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے جو مالی نقصان پہنچا ہے اس کا اندازہ لگایا جانا ابھی باقی ہے اور لینڈ فال کے بعد کے حالات کا اب جائزہ لیا جانا شروع ہو گیا ہے۔ اس درمیان این ڈی آر ایف کی ٹیم راحت رسانی کے کام میں مصروف ہو گئی ہے۔


03 Jun 2020, 5:54 PM

چار دھام یاترا شروع کرنے پر غور و خوض ہو رہا ہے: وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے ’اَن لاک-1‘ کے تحت چار دھام یاترا شروع کرنے پر غور و خوض کی بات آج میڈیا سے کہی۔ انھوں نے کہا کہ ”8 جون سے مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت حکومت ہند نے دے دی ہے، اسی کے مدنظر محدود، منظم اور محفوظ طریقے سے چار دھام یاترا کو شروع کرنے پر غور کیا جائے گا اور حالات کے مطابق ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔“

03 Jun 2020, 5:29 PM

افغانستان: کابل کی مسجد میں دھماکہ، 2 افراد ہلاک، 2 دیگر زخمی

کابل: افغانستان کی راجدھانی کابل میں واقع ایک مسجد میں بم دھماکہ ہونے سے 2افراد ہلاک ہوگئے اور دو دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین نے بتایا کہ یہ دھماکہ منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 7.25 بجے ہوا۔ اس وقت لوگ نماز کے لیے مسجد میں جمع ہوئے تھے۔ جس مسجد میں دھماکہ ہوا، وہ انتہائی محفوظ سفارتی علاقے میں واقع ہے اور اس کے نزدیک بہت سے بین الاقوامی تنظیموں کے دفاتر اور سفارت خانے ہیں۔


03 Jun 2020, 5:11 PM

مہاراشٹر: علی باغ میں نسرگ طوفان کی وجہ سے گرے درختوں کو ٹھکانے لگاتی این ڈی آر ایف کی ٹیم

03 Jun 2020, 4:10 PM

ممبئی میں تقریباً 40 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا

مہاراشٹر کے ساحلوں پر نسرگ طوفان کا اثر دھیرے دھیرے بڑھنے لگا ہے۔ خطرناک حالات کو دیکھتے ہوئے ممبئی میں ساحل کے قریب رہنے والے تقریباً 40 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں پہلے سے ہی الرٹ پر ہیں۔


03 Jun 2020, 3:32 PM

مہاراشٹر: علی باغ کے نزدیک نسرگ طوفان کی آمد پر تیز ہواؤں اور بارش کا نظارہ

مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں علی باغ کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں طوفانی بارش کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہوائیں بہت تیز چل رہی ہیں جس کی وجہ سے درخت بری طرح جھول رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو اس وقت کا ہے جب نسرگ طوفان نے علی باغ کی ساحل پر دستک دی۔

03 Jun 2020, 3:10 PM

تیز ہواؤں میں جنوبی ممبئی کے رہائشی بلڈنگ کی اڑ گئی چھت

جنوبی ممبئی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں نظر آ رہا ہے کہ ایک رہائشی بلڈنگ کے اوپر کی شیڈ والی چھت تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گئی۔ ممبئی میں کئی مقامات پر زمین دھنسنے کے واقعات بھی پیش آئے اور کچھ مقامات پر درخت جڑ کے ساتھ اکھڑ کر قریبی مکان یا پھر پاس میں کھڑی گاڑیوں کے اوپر گر گئے۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی مہاراشٹر میں کئی جگہوں پر ہو رہی ہے۔ ساحلی علاقوں میں احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔


03 Jun 2020, 2:30 PM

ممبئی: طوفان نسرگ کی آمد سے قبل لینڈ فال کے سبب بھگوان گنیش کا مندر غرقاب

میڈیا ذرائع کے مطابق مہاراشٹر کے کچھ ساحلی علاقوں میں طوفان نسرگ کی دستک ہو چکی ہے اور اس سے قبل لینڈ فال کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ کئی مقامات پر زمین دھنسنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر آ رہی کچھ تصویروں کے مطابق ممبئی واقع کھار ڈانڈا میں موجود بھگوان گنیش کا مندر غرقاب ہو گیا ہے۔

03 Jun 2020, 2:11 PM

طوفان 'نسرگ' کے مدنظر مہاراشٹر اور گجرات میں این ڈی آر ایف کی ٹیم الرٹ پر

مہاراشٹر اور گجرات میں طوفان نسرگ کے مدنظر احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر اور گجرات میں این ڈی آر ایف کی 43 ٹیموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نسرگ کسی بھی وقت اپنی تباہی شروع کر سکتا ہے۔ مہاراشٹر میں لینڈ فال کا عمل شروع ہو گیا ہے اس کا یہ مطلب ہے کہ طوفان ساحل کے بالکل قریب ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع سے ایسی خبریں بھی مل رہی ہیں کہ علی باغ ساحل پر نسرگ نے دستک دے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔