اہم خبریں: ہندوستان کو خود کفیل بنانے کے لئے خود اعتمادی کی ہے شروعات... موہن بھاگوت

موہن بھگوت، تصویر یو این آئی
موہن بھگوت، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

05 Aug 2020, 6:55 PM

ہندوستان کو خود کفیل بنانے کے لئے خود اعتمادی کی ہے شروعات... بھاگوت

ایودھیا: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سربراہ موہن بھاگوت نے رام مندر کے لئے بھومی پوجن پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو خود کفیل بنانے کے لئے جس خوداعتمادی کی ضرورت تھی اس کا آج یہاں سے آغاز ہو رہا ہے، بھاگوت نے بدھ کو یہاں کہا 'مندر تعمیر کے عزم پر سر سنگھ چالاک بالا صاحب دیورس نے ہمیں یاد دلایا تھا کہ اس کے لئے 30 سالوں تک کام کرنا ہوگا تب یہ کام ہوگا۔ ہم نے یہ کیا اور آج اپنے عزم کی تکمیل کا لطف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر تحریک کے لئے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں جو غائبانہ طور سے یہاں موجود ہیں۔ کئی ایسے بھی ہیں جو یہاں آنہیں سکتے۔ اڈوانی جی اپنے گھر میں بیٹھ کر اس پروگرام کو دیکھ رہے ہوں گے۔ پورے ملک میں خوشی کی لہر ہے صدیوں کی تمنا پوری ہونے کی خوشی ہی سب سے بڑی خوشی ہے۔

05 Aug 2020, 5:42 PM

مندر تعمیر سے اتحاد اور باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا... لوک سبھا اسپیکر

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بدھ کے روز ایودھیا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ شری رام جنم بھومی مندر کے تاریخی بھومی پوجن کے موقع پر ملک کے شہریوں کو مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ رام مندر کی تعمیر سے ملک میں اتحاد اور باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ اوم برلا نے اپنے فیس بک پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ’’پربھو شری رام ہندوستانی ثقافتی شعور کی علامت ہیں۔ ملک میں بھگوان رام کے لئے گہری عقیدت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پیچیدہ معاملے میں ایک قابل فہم فیصلہ دیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں آج ایودھیا میں شری رام کے عظیم الشان مندر کا سنگ بنیاد ایک حیرت انگیز اور تاریخی لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے شہری ایک عرصے سے اس کے مہورت کے منتظر تھے۔ مندر کی تعمیر کے ساتھ ہی، ملک میں الوحی اور الہامی ماحول محسوس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر میں تمام مذاہب اور طبقوں کے لوگوں کی حمایت کی خبر خوشگوار ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ رام مندر کی تعمیر سے ملک میں اتحاد اور باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

05 Aug 2020, 4:47 PM

یہ تاریخی لمحہ سب کو خوش اور فخر کرنے والا ہے... بی جے پی صدر

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے بدھ کے روز ایودھیا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے شری رام جنم بھومی مندر کی بھومی پوجا کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 500 سال کی جدوجہد کے بعد ملک کے باشندوں نے شری رام کی عظمت و وقار کی پیروی کرتے ہوئے احساس کیا جو ملک اور بیرون ملک میں ایک انوکھی مثال ہے۔ نڈا نے یہاں ایک بیان میں کہا ’’وزیر اعظم کے ذریعہ ایودھیا میں شری رام جنم بھومی مندر کے بھومی پوجن کے مبارک موقع پر میں سبھی قابل احترام سنتوں کے قدموں کو نمن ہوں اور پورے ملکوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ تاریخی لمحہ سب کے لئے باعث فخر ہے


05 Aug 2020, 3:55 PM

ایودھیا: پی ایم نریندر مودی نے ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا

ایودھیا واقع شری رام جنم بھومی احاطہ میں رام مندر تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھے جانے کے بعد پی ایم نریندر مودی نے عوام سے خطاب کیا۔ بعد ازاں انھوں نے ایک ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا جس میں رام جنم بھومی مندر کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔ اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔

05 Aug 2020, 3:08 PM

رام مندر کروڑں ہندوؤں کے عقیدے کی علامت... امت شاہ

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ آج کا دن ہندوستان کے لئے ایک تاریخی و خوشگوار دن ہے۔ بھگوان رام کی پیدائش کی جگہ پر وزیر اعظم مودی کے ذریعہ عظیم رام مندر کا بھومی پوجن کیا گیا، اس طرح ہندوستانی ثقافت و تہذیب اور تاریخ کا ایک سنہرا باب لکھا گیا ہے اور ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے مزید کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر صدیوں سے پوری دنیا کے ہندوؤں کے عقیدے کی علامت رہی ہے۔ آج وزیر اعظم اور شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر نے رام مندر کی بھومی پوجا کرکے کروڑوں لوگوں کے عقیدے کا احترام کرنے کا کام کیا ہے، اس کے لئے میں ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔


05 Aug 2020, 2:03 PM

رام مندر ہماری ثقافت کی علامت بنے گا... پی ایم مودی

ایودھیا واقع رام جنم بھومی احاطہ میں رام مندر تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم نریندر مودی نے کہا کہ ”شری رام کا مندر ہماری ثقافت کی جدید علامت بنے گا، ہماری عقیدت کی علامت بنے گا، ہمارے قومی جذبہ کی علامت بنے گا اور یہ مندر کروڑوں-کروڑوں لوگوں کے اجتماعی عزائم کی بھی علامت بنے گا۔“

05 Aug 2020, 1:33 PM

رام مندر احاطہ ’رام راج‘ کے اصولوں پر مبنی جدید ہندوستان کی علامت بنے گا: رام ناتھ کووند

صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھے جانے پر سبھی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ”مریادا پرشوتم پربھو رام کے مندر کی تعمیر قانونی طریقے سے اور عوامی جوش و سماجی خیر سگالی کی طاقت سے ہو رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مندر احاطہ رام راج کے اصولوں پر مبنی جدید ہندوستان کی علامت بنے گا۔“


05 Aug 2020, 1:21 PM

رام مندر کا سنگ بنیاد رکھے جانے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر: موہن بھاگوت

رام مندر تعمیر کا سنگ بنیاد پی ایم مودی کے ہاتھوں رکھا جا چکا ہے۔ اس کے بعد عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ ”آج پورے ملک میں خوشی کی لہر ہے۔ اب یہاں عظیم الشان مندر بنے گا۔ لوگوں کی خواہش بہت دنوں کے بعد پوری ہوئی ہے۔ لیکن اس مندر کے بننے سے پہلے ہمارا من مندر بن کر تیار رہنا چاہیے۔ جیسے جیسے مندر بنے گا، ویسے ویسے ایودھیا بھی بدلنی چاہیے۔“

05 Aug 2020, 1:00 PM

رام مندر تعمیر: جے شری رام کے نعروں کے بیچ پی ایم مودی نے رکھا سنگ بنیاد

شری رام جنم بھومی احاطہ میں رام مندر تعمیر کے لیے پی ایم نریندر مودی نے سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس درمیان رام جنم بھومی احاطہ میں جے شری رام کے نعرے سنائی دیے۔ یہی نعرے پوری ایودھیا میں بھی اس وقت گونج رہے ہیں۔ پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ بھومی پوجن تقریب میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر آنندی بین پٹیل بھی شامل ہوئیں۔


05 Aug 2020, 12:51 PM

رام مندر تعمیر کے لیے پی ایم مودی نے رکھا سنگ بنیاد

پی ایم مودی نے رام مندر تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ بھومی پوجن کا پروگرام مقررہ وقت کے مطابق تقریباً 12.30 بجے شروع ہوا جس میں پی ایم مودی کے علاوہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل بھی شامل ہوئیں۔ بعد ازاں پی ایم مودی نے رام مندر تعمیر کے لیے پہلی اینٹ بطور سنگ بنیاد رکھی۔

05 Aug 2020, 12:23 PM

ایودھیا: رام مندر تعمیر کے لیے 'بھومی پوجن' شروع، پی ایم مودی کر رہے پوجا

پی ایم مودی رام جنم بھومی پہنچ گئے ہیں اور رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کا پروگرام بھی شروع ہو چکا ہے۔ پوجا کے منڈپ میں پی ایم مودی موجود ہیں اور پجاری نے منتروں کو پڑھنا شروع کر دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پوجا تقریب کی لائیو ویڈیو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے۔


05 Aug 2020, 12:10 PM

بھومی پوجن: پی ایم مودی شری رام جنم بھومی پہنچے

پی ایم نریندر مودی ہنومان گڑھی میں پوجا کرنے کے بعد اب شری رام جنم بھومی احاطہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کا شری رام جنم بھومی پہنچنے پر لوگوں نے استقبال کیا اور اب تھوڑی ہی دیر بعد بھومی پوجن کا پروگرام شروع ہوگا۔ پی ایم مودی کے ساتھ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی رام جنم بھومی پہنچ چکے ہیں۔

05 Aug 2020, 11:51 AM

پی ایم مودی نے ہنومان گڑھی مندر میں کی پوجا، رام جنم بھومی احاطہ کے لیے روانہ

ایودھیا پہنچنے کے بعد پی ایم نریندر مودی ہنومان گڑھی مندر پہنچے اور وہاں تھوڑی دیر کی پوجا کے بعد شری رام جنم بھومی احاطہ کے لیے روانہ ہو گئے جہاں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سمیت سبھی مہمانان ان کا انتظار کر رہے ہیں۔ پی ایم مودی کے ساتھ ہنومان گڑھی مندر میں یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے اور دونوں ساتھ ہی رام جنم بھومی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

اس درمیان کورونا سے جنگ لڑ رہے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں پی ایم نریندر مودی ہنومان گڑھی مندر میں پوجا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔


05 Aug 2020, 11:45 AM

بابا رام دیو اور سوامی اودھیشانند گری بھ رام جنم بھومی پہنچے

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بعد یوگ گرو بابا رام دیو، سوامی اودھیشانند گری اور چدانند مہاراج بھی رام جنم بھومی پہنچ گئے ہیں۔ ایودھیا واقع رام جنم بھومی میں بھومی پوجن کی زبردست تیاری چل رہی ہے اور کورونا انفیکشن سے بچنے کے لیے سخت احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔

05 Aug 2020, 11:32 AM

بھومی پوجن: آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت رام جنم بھومی پہنچے

ایودھیا میں رام مندر بھومی پوجن کا وقت بہت قریب آ چکا ہے اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت رام جنم بھومی احاطہ پہنچ گئے ہیں۔ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان موہن بھاگوت کی ماسک لگائے ہوئی تصویر سامنے آئی ہے۔ اب پی ایم مودی کا رام جنم بھومی میں آمد کا انتظار ہو رہا ہے۔ وہ لکھنؤ سے ایودھیا کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ہنومان گڑھی مندر میں پوجا کے بعد پی ایم مودی رام جنم بھومی کے لیے روانہ ہوں گے۔


05 Aug 2020, 10:57 AM

دہلی: موج پور میں مسجد کے قریب شرپسندوں نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی

راجدھانی دہلی کے جعفرآباد واقع موج پور علاقہ میں ایک بار پھر ماحول بگاڑنے کی کوشش کچھ شرپسندوں نوجوانوں کے ذریعہ کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ 4 اگست کی شام کا ہے جب کچھ نوجوانوں نے موج پور علاقہ کے کچھ مکانوں پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں ایک دہشت پیدا ہو گئی۔ لیکن علاقے کے ہندو-مسلم بھائیوں کے اتحاد کا نتیجہ تھا کہ حالات خراب نہیں ہوئے اور امن کا ماحول برقرار رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ موج پور واقع فاطمہ مسجد کے پاس شرپسند نوجوانوں نے کھڑے ہو کر کافی ہنگامہ بھی کیا اور کچھ چشم دید لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ نازیبا کلمات ادا کر رہے تھے۔ خبروں کے مطابق حالات خراب ہونے سے پہلے ہی علاقے میں ذمہ دار لوگ جمع ہونے لگے اور مقامی ایم ایل اے بھی وہاں پہنچے۔ بہر حال، تھانہ میں شکایت درج ہو گئی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ہنگامہ پیدا کرنے والے نوجوان کون تھے۔

05 Aug 2020, 10:23 AM

رام مندر بھومی پوجن: پی ایم مودی دہلی سے ایودھیا کے لیے روانہ

پی ایم نریندر مودی ایودھیا میں رام مندر بھومی پوجن تقریب میں شرکت کے لیے دہلی سے روانہ ہو گئے ہیں۔ ایودھیا میں پہلے وہ ہنومان گڑھی مندر میں پوجا کریں گے اور اس کے بعد رام جنم بھومی جائیں گے جہاں بھومی پوجن کی تقریب ہوگی۔ تقریباً 12.30 بجے بھومی پوجن شروع ہوگا۔ بھومی پوجن کے بعد پی ایم مودی ملک سے خطاب کریں گے۔


05 Aug 2020, 9:20 AM

رام مندر کے ساتھ ساتھ 'رام راج' کا عزم بھی پورا ہوگا: بابا رام دیو

اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر بھومی پوجن تقریب سے قبل بابا رام دیو نے ہنومان گڑھی پہنچ کر پوجا کی اور میڈیا کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ”ہنومان جی سے بس یہی آشیرواد مانگنے آئے ہیں کہ بغیر کسی رخنہ کے رام مندر تعمیر کام پورا ہو جائے۔“ بابا رام دیو نے مزید کہا کہ ”رام صرف پربھو نہیں ہیں، وہ ہماری ثقافت ہیں۔ رام مندر کے ساتھ ساتھ اب رام راجیہ کا عزم بھی پورا ہوگا۔“

05 Aug 2020, 8:31 AM

بابری مسجد تھی، ہے اور رہے گی، انشاء اللہ: اسدالدین اویسی

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے آج بھومی پوجن کو لے کر جشن کا ماحول ہے۔ پی ایم نریندر مودی اپنے ہاتھوں سے سنگ بنیاد رکھنے والے ہیں۔ اس سے قبل آج صبح آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے ”بابری مسجد تھی، ہے اور رہے گی۔ انشاء اللہ۔“ اس کے ساتھ ہی انھوں نے بابری مسجد اور بابری مسجد کے انہدام کی ایک ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔