اہم خبریں: اتر پردیش میں اب نہیں ہوگا اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ، حکومت کا فیصلہ

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیشنل ہیرالڈ 
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
user

قومی آوازبیورو

08 Sep 2020, 5:59 PM

اتر پردیش میں اب نہیں ہوگا اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ، حکومت کا فیصلہ

لکھنؤ: اتردیش حکومت نے اتوار کے دن کے لاک ڈاؤں کو فوری اثر سے ختم کردیا ہے اور اب ریاست میں دوکانیں و بازار ماضی میں اپنے پرانے ہفتے کی چھٹی کے مطابق بند اور کھلیں گے۔ یہ فیصلہ ان لاک۔4 کی یومیہ ہونے والی میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو اتوار کی مکمل بندی کو ختم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ان سے مختلف بازاروں کے پرانے ہفتہ وار چھٹی کو بحال کرنے کا حکم دیا۔ جس کے بعد اب تمام بازار و دوکانیں اپنے پرانے شیڈول کے مطابق ہفتے کی چھٹی میں بند ہوں گی۔

08 Sep 2020, 5:04 PM

ریا چکرورتی گرفتار، منشیات لینے کا اعتراف!

ممبئی: انسداد منشیات اسکواڈ (این سی بی) کی جانب آج تیسرے دن بھی بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی کے ساتھ پوچھ گوچھ کے بعد اسے گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کےمطابق شام 5 بجے اسے میڈیکل جانچ کے لیے لے جایا جائے گا۔ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں منشیات کے زاویے پر تحقیقات کے ضمن میں اتوار کو این سی بی نے ریا چکرورتی کو سمن دے کر اپنے آفس میں طلب کیا تھا اور اس کے بعد سے گزشتہ تین دنوں سے اس سے مسلسل پوچھ گوچھ کی جا رہی تھی۔

08 Sep 2020, 3:59 PM

ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ 1133 کورونا مریضوں کی موت

نئی دہلی: عالمی وبا کووِڈ۔19 سے ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ 1133 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کے روز جاری اعداد وشمار میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے 1133 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ایک دن میں کورونا سے ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 75800 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ قبل ازیں 23 جولائی کو کورونا سے سب سے زیادہ 1129 افراد کی موت ہوئی تھی۔ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رواں برس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا اور فی الحال 4280423 کیسز کے ساتھ یہ دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔


08 Sep 2020, 3:00 PM

گجرات میں لینبڈی سب جیل کے 38 قیدی کورونا پازیٹو

سریندر نگر: گجرات میں سریندر نگر ضلع کے لینبڈی علاقے میں سب جیل کے 38 قیدی سمیت 39 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ لینبڈی سب جیل میں قیدیوں کی جانچ کرنے پر 38 قیدیوں اور ایک کانسٹبل کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ قیدی کو جیل میں ہی کوارنٹائن کرکے علاج کیا جارہا ہے جبکہ کانسٹبل کو ہوم کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ احمد آباد ریلوے اسٹیشن پر راجدھانی ایکسپریس، گورکھپور ایکسپریس اور مظفر پور ایکسپریس سے پیر کو آئے مسافروں میں سے کل 33 مسافروں کی رپورٹ پازیٹو آئی تھی۔ ریاست میں کل شام تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1330 معاملے سامنے آئے جس سے متاثرین کی کل تعداد 105671 ہوگئی ہے۔

08 Sep 2020, 1:59 PM

تیلگو اداکار جے پرکاش ریڈی کا انتقال

حیدرآباد: تیلگو اداکار جے پرکاش ریڈی کا منگل کی صبح آندھرا پردیش کے گنٹور میں واقع ان کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ وہ 74 برس کے تھے۔ وہ تیلگو فلموں میں ویلن اور مزاحیہ کرداروں کے لئے مشہور تھے۔ اداکار کے انتقال سے پوری جنوبی فلم انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے کنبے والوں نے بتایا کہ اداکار کو غسل خانے میں دل کا دورہ پڑا اور وہ گر پڑے تھے اور حرکت قلب رک جانے سے ان کی موت ہوگئی۔ تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی این چندر بابو نائیڈو نے اداکار کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔


08 Sep 2020, 12:39 PM

اداکارہ کنگنا راناوت کو بی ایم سی نے غیر قانونی تعمیر کے لئے بھیجا نوٹس

ممبئی: بی ایم سی نے اداکارہ کنگنا راناوت کو ’مانیکرنیکا فلمز دفتر‘ کے باہر نوٹس چسپاں کیا ہے۔ بی ایم سی نے نوٹس میں لکھا ہے کہ دفتر کے احاطے میں غیر قانونی تعمیر ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔