اہم خبریں: آسام کے تین اضلاع میں زمین دھنسنے کے سبب 20 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

02 Jun 2020, 3:13 PM

آسام: تین اضلاع میں زمین دھنسنے کے سبب 20 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

آسام میں بارش نے اپنا قہر برپا کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے اس ریاست میں ہوئی زبردست بارش نے تباہی کا عالم پیدا کر دیا ہے۔ ریاست کے تین اضلاع میں زمین دھنسنے کے واقعات میں 20 افراد کی موت واقع ہو گئی ہے جب کہ درجنوں افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ مہلوکین میں سے بیشتر کا تعلق جنوبی آسام کے براک وادی علاقہ میں تین الگ الگ اضلاع سے ہے۔ زخمیوں کو اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے اور راحت و بچاؤ کام بھی جاری ہے۔

02 Jun 2020, 7:11 PM

کورونا سے پریشان روس میں خون پینے والے کیڑے کا حملہ

کورونا وائرس انفیکشن سے نبرد آزما روس کے اوپر ایک نئی پریشانی کھڑی ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق روس کے ایک علاقہ میں خون پینے والے کیڑوں نے حملہ کر دیا ہے اور متعدد افراد اس کے شکار ہو گئے ہیں۔ اس کیڑے کے کاٹنے کے بعد لوگ اسپتالوں میں علاج کرانے کے لیے جا رہے ہیں، لیکن انھیں دوا اور ویکسین کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ کیڑوں کا حملہ شدید ہے۔

02 Jun 2020, 6:09 PM

منوج تیواری نے دہلی بی جے پی کے نئے صدر کو پیش کی مبارکباد

دہلی بی جے پی صدر عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد منوج تیواری کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ”بی جے پی ریاستی صدر کی شکل میں اس 3.6 سال کی مدت میں جو پیار اور تعاون ملا اس کے لیے سبھی کارکنان، عہدیداروں اور دہلی کے باشندوں کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔ جانے انجانے میں کوئی غلطی ہوئی ہو تو معاف کرنا۔ نئے ریاستی صدر بھائی آدیش گپتا جی کو لاتعداد مبارکبادیاں۔“


02 Jun 2020, 5:15 PM

کرناٹک: وزیر صحت نے جلوس میں لیا حصہ، سوشل ڈسٹنسنگ کی اڑی دھجیاں

کرناٹک کے وزیر صحت بی سری رمولو کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں وہ ایک جلوس میں امل نظر آ رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس جلوس میں سوشل ڈسٹنسنگ کی زبردست طریقے سے دھجیاں اڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3408 ہے اور وزیر صحت کے ذریعہ جلوس میں شامل ہونا ان کی غیر ذمہ داری کو ظاہر کرتا ہے۔

02 Jun 2020, 3:41 PM

منوج تیواری کی ہوئی چھٹی، آدیش گپتا بنے دہلی بی جے پی کے صدر

کورونا بحران کے درمیان بی جے پی نے دہلی کی قیادت میں ایک بڑا بدلاؤ کیا ہے۔ دہلی بی جے پی صدر کے عہدہ سے منوج تیواری کو ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ آدیش گپتا نئے بی جے پی صدر مقرر کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پارٹی جنرل سکریٹری ارون سنگھ کی جانب سے آفیشیل لیٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔


02 Jun 2020, 2:14 PM

دہلی میں کورونا سے متعلق جانکاری کے لیے کیجریوال حکومت نے لانچ کیا ایپ

دہلی میں کورونا سے متعلق جانکاری دینے کے لیے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج ایک اسپیشل ایپ لانچ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس وقت دہلی میں 302 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں اور ان میں سے 210 خالی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس طرح کی کسی بھی جانکاری کو ایپ پر دن بھر میں دو بار اَپ ڈیٹ کیا جائے گا اور اس سے عام لوگ استفادہ کر سکتے ہیں۔

02 Jun 2020, 12:43 PM

اے پی میں کورونا وائرس کے 115 مثبت معاملات درج

حیدرآباد: آندھرا پردیش میں کورونا وائرس کے 115 مثبت معاملات درج کیے گئے ہیں۔ ریاستی محکمہ صحت وطبابت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی۔ ان متاثرین میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 33 افراد شامل ہیں۔ ریاست میں 82 مثبت معاملات درج کیے گئے۔ بیرونی ممالک، ریاستوں سے واپس افراد کو ملا کر اب تک ریاست میں 3791 معاملات درج کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وبا سے ریاست میں کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔ ریاست میں اب تک اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر64 ہوگئی ہے جبکہ روبہ صحت ہونے والے افراد کی تعداد 2209 ہوگئی ہے۔


02 Jun 2020, 12:13 PM

مہاراشٹر، گجرات، دہلی اور تمل ناڈو میں کورونا وائرس سے 74 فیصد ہلاکتیں

نئی دہلی: مہاراشٹر، گجرات، دہلی اور تمل ناڈو میں کورونا وائرس سے اب تک 4132 افراد کی موت ہوئی ہیں، جو ملک میں اب تک اس وبا سے ہونے والی مجموعی اموات کا 73.82 فیصد ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 8171 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی تعداد 198706 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں اس وبا سے کل 5598 افراد کی موت ہوئی ہے اور 95527 لوگ صحت مند ہوئے ہیں۔

02 Jun 2020, 10:40 AM

لیبیا میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد 168

ترپولی: لیبیا میں کورونا وائرس کووڈ -19 کے منگل کے روز 12 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 168 ہو گئی ہے، جبکہ 52 افراد صحت مند ہو چکے ہیں اور پانچ کی موت ہو چکی ہے۔ لیبیا کے بیماریوں کے کنٹرول کےقومی مرکز نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ مرکز نے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ مجموعی طور پر 658 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جس میں 646 نگیٹو ہیں جبکہ 12 مثبت کیسز ہیں۔ مرکز نے کہا کہ تمام متاثرین جنوبی لیبیا سے ہیں۔

جنوبی شہرمیں ایک ہفتے میں شمالی افریقہ کے اس ملک میں مجموعی کیسز کا نصف درج کیا گیا۔ دارالحکومت ترپولی میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت نے وبا سے لڑنے کے لئے 28 مئی سے سات دن تک 24 گھنٹوں کا کرفیو لگا دیا ہے. لیبیائی انتظامیہ نے وائرس کے خلاف جاری جنگ میں سخت احتیاط اپنائی ہیں۔


02 Jun 2020, 9:46 AM

اسرائیل میں پابندی ہٹنے کے بعد کورونا وائرس کے 100 نئے معاملے

تل ابیب: اسرائیل میں کورونا وائرس کووڈ -19 کے پیش نظر لاک ڈاؤن کو ہٹائے جانے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں 100 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 17619 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت نے یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق اسرائیل میں اس وبا سے متاثرین کی تعداد سو سے زیادہ پار ہو چکی ہے۔ ایسے میں گزشتہ ہفتے خوراک سروسز اور سوئمنگ پول کو دوبارہ شروع کرنے کے ساتھ باقی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔ اب 2006 فعال معاملے ہیں اور 32 مریضوں کو انتہائی شدید طبی دیکھ بھال یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس بیماری سے کوئی موت نہ ہونے کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد 285 ہی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے ایک ملازم کے قرنطینہ میں رکھے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔

02 Jun 2020, 8:50 AM

امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 18 لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن: عالمی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں کورونا وائرس کووڈ -19 وبا سے متاثرین کی تعداد 18 لاکھ سے متجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں متاثرین کی تعداد 1804276 ہو گئی ہے جبکہ اس بیماری سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 104484 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 444758 مریض صحت مند ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔