اہم خبریں: غازی آباد میں کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مشغول

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Jun 2020, 5:00 PM

غازی آباد میں کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مشغول

غازی آباد: تھانہ کیوی نگر کے علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی۔ جائے وقوعہ پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مشغول ہیں

28 Jun 2020, 4:13 PM

اتر پردیش میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 606 معاملے آئے سامنے

اترپردیش کے چیف سکریٹری محکمہ صحت امت موہن پرساد نے بتایا کہ اتر پردیش میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 606 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6679 ہے، اب تک 14808 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے مجموعی طور پر 660 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

28 Jun 2020, 3:01 PM

بہار میں پچھلے 15 سالوں میں ہوئے 55 بڑے گھوٹالے... تیجسوی یادو

آر جے ڈی رہنما تیجاوی یادو نے کہا کہ بہار میں پچھلے 15 سالوں میں 55 بڑے گھوٹالے ہوئے ہیں، ان گھوٹالوں میں کسی افسر یا وزیر کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی ہے، ان گھوٹالوں میں ہزاروں کروڑ روپے پھنسے کون لوٹائے گا، تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ ڈیم کا کام تعطل کا شکار ہوگیا ہے جس کی وجہ سے پورا شمالی بہار خطرے میں ہے، نہ صرف پٹنہ بلکہ ضلع ہیڈ کوارٹر بھی پانی کے بھرنے سے پریشان ہیں۔ پری مانسون سے قبل کوئی کام نہیں ہوا بلکہ کروڑوں روپے پانی کی طرح بہائے گئے ہیں، کوئی بھی کام زمینی سطح پر نظر نہیں آرہا ہے۔


28 Jun 2020, 2:42 PM

جے راج اور فینکس کے اہل خانہ کو انصاف ملنا چاہیے... پرینکا گاندھی

تمل ناڈو کے توتیکورین میں مبینہ طور پر پولیس تحویل میں اپنے والد جے راج اور اس کے بیٹے فینکس کی ہلاکت کے معاملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو انصاف دیئے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینگا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ، "جے راج اور فینکس کے اہل کانہ انصاف کے حقدار ہیں، ہم سبھی کو ان کے لئے کھڑا ہونا چاہیے اور قانون کی آڑ میں ہونے والے گھناؤنے جرائم کا خاتمہ کرنا چاہیے۔

28 Jun 2020, 2:07 PM

کورونا سے ایل این جے پی کے ڈاکٹر کی موت

نئی دہلی: لوک نائک جے پرکاش نارائن (ایل این جے پی) اسپتال کے ایک ڈاکٹر جو عالمی وبا کووڈ -19 سے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی زندگیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے اتوار کو اسی جان لیوا وائرس سے موت ہوگئی۔ اسپتال ذرائع نے آج بتایا کہ متوفی ڈاکٹر کووڈ 19 مینجمنٹ کے آئی سی یو وارڈ میں اینستھیسیا کے ماہر کی حیثیت سے تعینات تھے۔ 9 جون کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ڈاکٹر کو جنوبی دہلی کے ساکیت میں واقع میکس اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا تھا جہاں آج صبح ان کی موت ہوگئی۔


28 Jun 2020, 1:12 PM

راہل گاندھی نے پوچھا، ملک کی حفاظت کی بات کب ہوگی؟

وزیر اعظم مودی نے آج 'من کی بات' بات کی۔ کانگریس پارٹی کے سابق صدر و رہنما راہل گاندھی نے اس پر طنز کرتے ہوئے سوال کیا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کی بات کب ہوگی؟

28 Jun 2020, 12:11 PM

گوہاٹی میں لگے گا 14دن کا پھر لاک ڈاؤن، بازاروں میں جم غفیر

گوہاٹی: آسام میں کورونا کے کیسوں میں ہو رہے اضافہ کی وجہ سے وہاں ایک بار پھر 14 دن کا لاک ڈاؤن لگنے جا رہا ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں سامان خریدنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ جس کے سبب آلو اور پیاز کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ کہیں کہیں 60 روپے کلو آلو فروخت ہو رہا ہے۔


28 Jun 2020, 11:21 AM

علی گڑھ کے پوسٹ مارٹم ہاؤس میں بدعنوانی شبَاب پر: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ایک اخبار کی کٹنگ کو شیئر کرتے ہوئے توئٹ کیا کہ کرونا دور میں اتر پردیش حکومت کے دعوؤں کے باوجود ریاست کی خراب حالت اور بدعنوانی کی خبریں آرہی ہیں۔ تازہ واقعہ علی گڑھ کا ہے، خبروں کے مطابق علی گڑھ کے پوسٹ مارٹم ہاؤس کی حالت کافی خراب ہے اور بدعنوانی کا بول بالا ہے، جہاں لاشوں کو باہر رکھا جا رہا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کے مطابق ان سے برف کے بلاکس کے لئے رقم مانگی جا رہی ہے۔

جاں بحق افراد کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ وہاں کے اہلکار لاشوں کو محفوظ رکھنے کے لئے غیرقانونی طریقہ سے پیسے کی وصولی کر رہے ہیں۔ پوسٹ مارٹم ہاؤس کے باہر استعمال شدہ پی پی ای کٹ پڑیں ہے۔ لوگ انہیں دیکھ کر خوف زدہ ہیں کہ کہیں کسی کو انفیکشن نہ ہوجائے۔

28 Jun 2020, 10:12 AM

چین کی مخالفت میں 150 زومیٹو بوائز نے کمپنی سے دیا استعفیٰ

ساؤتھ 24 پرگنہ میں زومیٹو ڈلیوری بوائز نے ہندوستانی کمپنیوں میں چینی سرمایہ کاری کے خلاف ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ زومیٹو ڈلیوری بوائز نے احتجاج کے دوران اپنی جرسیوں کو آگ کے حوالے کردیا۔ ایک مظاہرین نے کہا کہ 150 زومیٹو ڈلیوری بوائز نے کمپنی سے استعفیٰ دے دیا ہے، لیکن یہاں ہونے والے مظاہرے میں ان میں سے کچھ ہی لوگ شامل ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم کسی ایسی کمپنی کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے جو چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کرے، کیونکہ انہوں نے ہمارے فوجیوں کو مار ڈالا ہے۔


28 Jun 2020, 9:40 AM

نائیجیریا میں سڑک حادثہ، 8 لوگوں کی موت

ابوجہ: وسطی نائیجیریا میں سنچیر کے روز پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 8 لوگوں کی موت جبکہ 8 دیگر زخمی ہوگئے۔ نائیجیریا کے فیڈرل روڈ سیفٹی پولیس نے اتوار کے روز یہ اطلاع دی۔ شمالی۔ وسطی ریاست نائیجر میں روڈ سیفٹی پولیس کے ایک کمانڈر جوئل ڈگوا نے کہا کہ ریاست کی موکوا۔ بڈا شاہراہ پر لابوجی گاؤں میں ایک بس اور ایک گاڑی کے مابین ٹکر ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں کل 22 لوگ شامل تھے جن میں چھ لوگ محفوظ رہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ تیز رفتار گاڑی کے ٹکرانے کے سبب پیش آیا۔ واقعہ کی مزید جانچ ہوگی۔

28 Jun 2020, 8:58 AM

مشرقی افغانستان میں جھڑپ، 12 طلبان ہلاک

کابل: افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیا میں ایک پولیس اہلکار کی ایک مقابلے میں موت ہوگئی جبکہ اس دوران 12 طالبان ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ مقامی پولیس نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ بیان میں کہا گیا ہے ’’دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ضلع میرذکا پر حملہ کیا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، جبکہ 12 طلبان ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ طالبان نے ابھی تک اس مڈبھیڑ پر کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ افغانستان طویل عرصے سے طالبانیوں سے مقابلہ کر رہا ہے۔ اس سال کے شروع میں امریکہ کے ساتھ امن معاہدہ ہونے کے باوجود اس نے پورے ملک میں حملے جاری رکھے ہیں۔


28 Jun 2020, 8:50 AM

ہمیرپور، سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک، دو زخمی

ہمیرپور: اترپردیش کے ہمیر پور ضلع کے مودہا علاقے میں سنیچر کو ٹریکٹر کی زد میں آکر ایک بائیک سوار کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ بنکوار تھانہ علاقے کے گاؤں ٹیہر کے رہنے والے کامتا پرساد (50) تندوہی گاؤں ساکن اپنے بھانجے کی شادی سے اہلیہ راجکماری اور بھانجے ونود کے ساتھ لوٹ رہے تھے کہ سلولی گاؤں کے نزدیک ٹریکٹر نے بائک میں زبردست ٹکر ماردی۔ ٹکر لگنے سے تینوں بائیک سوار سڑک پر گرگئے اور ٹریکٹر کا پہیا کامتا کے سر کو کچلتا ہوا نکل گیا۔ اس واقعہ میں کامتا پرساد کی موت جائے واقع پرہی ہوگئی جبکہ راج کماری اور ونود سنگین طور سے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مودہا کے سرکاری اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔

28 Jun 2020, 8:00 AM

جھارکھنڈ کے سابق ڈی جی پی کے خلاف جہیز ہراسانی کا معاملہ درج

رانچی: جھارکھنڈ کے سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولس (ڈی جی پی) ڈی کے پانڈے، ان کی اہلیہ ڈاکٹر پونم پانڈے اور بیٹے شبھاکن کے خلاف رانچی کے لیڈی تھانے میں جہیز ہراسانی کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ سابق ڈی جی پی ڈی کے پانڈے کی بہو ریکھا مشرا نے سنیچر کو لیڈی تھانہ پہنچ کر اپنے سسر، ساس اور شوہر شوبھاکن کو ملزم قرار دیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

ایف آئی آر میں ریکھا مشرا نے کہا ہے کہ تین سال پہلے ان کی شادی شبھاکن سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد سے ہی جہیز کے مطالبے کے سلسلے میں شوہر، ساس اور سسر اسے طعنے دے کر ذہنی طور سے اذیت دیتے تھے، جس کی وہ مخالفت کرتی تھیں۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اذیت جب حد سے زیادہ ہوگئی تو وہ اپنے مائیکے آگئی اور تب سے وہ وہیں رہ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔