آزاد پور منڈی کے دوکاندار پریشان، سبزی مہنگی، بکری کم

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

27 Jun 2020, 8:40 AM

آزاد پور منڈی کے دوکاندار پریشان، سبزی مہنگی، بکری کم

پیٹرول اور ڈیزل کی لگاتار بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے اب ہر شخص کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ آزاد پور منڈی کے دوکانداروں کا کہنا ہے کہ ڈیزل کے مہنگے ہونے کی وجہ سے سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ٹرانسپورٹیشن مہنگا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ پہلے ہی کووڈ سے پریشان تھے اب ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے ان کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اے این آئی کے مطابق سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے سبزیوں کی بکری کم ہو گئی ہے۔

27 Jun 2020, 7:30 AM

دہلی میں کورونا کے 77 ہزار سے زائد معاملے، 2492اموات

راجدھانی دہلی میں کل بھی کورونا کا قہر جاری رہا اور یہاں 3460 نئے مریضوں کے سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 77 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2492 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق 3460 نئے معاملوں سے کل متاثرین کا اعدادوشمار میں3460 نئے معاملوں سے متاثرین کی مجموعی تعداد 77,240 ہوگئی جبکہ اس دوران 63 مریضوں کی اموات سے مرنے والوں کی تعداد 2492 پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے معاملے میں دہلی اب مہاراشٹرکے بعد دوسرے نمبر پرہے۔ پہلے تمل ناڈو دوسرے نمبر پر تھا ۔
دہلی کے لئے راحت کی بات یہ رہی کہ اس دوران 2326 افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور اب تک 47091 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔ آج سرگرم معاملوں کی تعداد 27657 رہی۔
اب تک 4,59,156 مریضوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21,144لوگوں کی جانچ ہوئی ہے۔ یہاں کنٹین منٹ زون کی تعداد 280 برقرار ہے۔ دہلی میں کل 13411 کورونا بیڈس ہیں جس میں 6221 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 7190 خالی ہیں۔

27 Jun 2020, 7:16 AM

طیارہ میں بیچ کی سیٹ بک کرنے کی سپریم کورٹ کی اجازت

سپریم کورٹ نے طیارہ کمپنیوں کو آج راحت دیتے ہوئے بیچ کی سیٹیں بھی بک کرنے کی اجازت دے دی۔
جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس بی آر گوئی کی بنچ نے ایئرانڈیا پالے دیوین کنانی کی عرضی مسترد کردی۔ انہوں نے عالمی وبا کے باوجود بیچ کی سیٹ بک کرنے کے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔


26 Jun 2020, 5:48 PM

دہلی کے وزیر صحت نے کورونا کو دی شکست، رپورٹ نگیٹو برآمد

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے آخر کار کورونا کو شکست دے ہی دی۔ پچھلے کچھ دنوں سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھے اور پہلے تو انھیں آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور پھر ان پر پلازمہ تھیراپی کا استعمال کیا گیا۔ اس کے بعد دھیرے دھیرے ان کی صحت بہتر ہوتی گئی اور اب ان کی تازہ کورونا ٹیسٹ رپورٹ نگیٹیو برآمد ہوئی ہے۔ انھیں آج ہی اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

26 Jun 2020, 4:56 PM

ہریانہ میں پھر آیا زلزلہ، ریکٹر پیمانے پر شدت 2.8

ایک ہفتہ کے اندر ہندوستان کی کئی ریاستوں میں زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا اور اب ہریانہ میں ایک بار پھر زلزلہ کی وجہ سے لوگ خوف میں ہیں۔ ہریانہ میں دو دن قبل بھی زلزلہ آیا تھا لیکن سکون کی بات یہ ہے کہ نہ ہی دو دن قبل کوئی جانی و مالی نقصان ہوا اور نہ ہی آج کے زلزلہ میں کسی جانی نقصان کی خبر ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آج دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے آئے زلزلہ کی شدت ریکٹر پیمانے پر 2.8 تھی۔


26 Jun 2020, 3:56 PM

کوئی تذبذب والی حالت نہیں، کرناٹک میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا: اشوتھ نارائن

کورونا وائرس سے پیدا حالات پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے آج اراکین اسمبلی اور وزراء کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے بعد نائب وزیر اعلیٰ اشوتھ نارائن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ”حکومت کسی تذبذب میں نہیں ہے، کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ ہم صرف مینجمنٹ کریں گے۔“ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے عوام سے گزارش کی تھی کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں ورنہ دوبارہ لاک ڈاؤن کی حالت پیدا ہو سکتی ہے۔

26 Jun 2020, 2:57 PM

کورونا میں آکسیجن لیول اچانک کم ہونے سے خطرہ بڑھ جاتا ہے: کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے اثرات کے درمیان صورت حال کو قابو میں بتایا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں اپنی بات رکھتے ہوئے بتایا کہ کورونا میں سب سے زیادہ پریشانی تب ہوتی ہے جب مریض کا آکسیجن لیول اچانک کم ہو جاتا ہے۔ آکسیجن کا لیول 95 ہونا چاہیے۔ اگر یہ 90 سے کم ہو جائے تو اسے خطرہ مانیں۔ اگر یہ 85 سے نیچے ہو جائے تو اسے بہت سنگین مانا جاتا ہے۔ اگر یہ 90 یا 85 ہو جائے تو آپ کو سانس لینے میں مشکل ہوتی ہے۔


26 Jun 2020, 1:56 PM

اتر پردیش: تیل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کا مظاہرہ

لگاتار کئی دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف آج سماجوادی پارٹی کارکنان نے لکھنؤ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اس دوران یو پی پولس نے مظاہرہ کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا شروع کر دیا۔ کچھ کارکنان کو پولس نے حراست میں بھی لیا

26 Jun 2020, 1:09 PM

کرناٹک: 60 سالہ کورونا کے مریض نے پھندے سے لٹک کر کی خودکشی

بنگلورو واقع کے سی جنرل اسپتال میں گزشتہ شب ایک 60 سالہ کورونا مریض نے خودکشی کر لی۔ بنگلورو پولس نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ مریض نے خود کو اسپتال کے ریسٹ روم میں پھندے سے لٹکا کر ہلاک کر لیا۔


26 Jun 2020, 11:56 AM

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار کو پولس نے حراست میں لیا

وادی گلوان میں چینی فوجیوں کے ساتھ تصادم کے دوران 20 ہندوستانی فوجی شہید ہو گئے تھے جنھیں دہلی کاگنریس صدر چودھری انل کمار اور کچھ دیگر کانگریس کارکنان نے دہلی واقع انڈیا گیٹ پر خراج عقیدت پیش کر رہے تھے کہ اچانک دہلی پولس نے آ کر انھیں حراست میں لے لیا۔ چودھری انل کمار کا کہنا ہے کہ وہ تو صرف ان بہادر شہید جوانوں کو سلام پیش کر رہے تھے جو اپنے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے قربان ہو گئے، لیکن امت شاہ کی پولس کو یہ بھی برداشت نہیں۔ ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق چودھری انل کمار اور دیگر کانگریس کارکنان کو حراست میں لے کر بذریعہ بس تلک مارگ پولس اسٹیشن لے جایا گیا ہے۔

26 Jun 2020, 11:33 AM

مہاراشٹر: گزشتہ 24 گھنٹے میں 190 پولس اہلکار کورونا پازیٹو، مزید 2 کی موت

مہاراشٹر میں پولس اہلکار لگاتار کورونا انفیکشن میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پولس اہلکاروں میں 190 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس دوران 2 پولس اہلکار کی موت ہو گئی۔ اس طرح اب مہاراشٹر میں مجموعی طور پر مریض پولس اہلکاروں کی تعداد 4516 ہو گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 56 پہنچ گئی ہے۔


26 Jun 2020, 10:38 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کے 17296 کیس درج، 407 اموات

آج ایک بار پھر ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ معاملے سامنے آئے ہیں۔ حکومت کے ذریعہ جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں جہاں 17296 نئے کورونا انفیکشن کے معاملے درج کیے گئے وہیں اس مہلک وبا کی وجہ سے 407 لوگوں کی موت بھی ہو گئی۔ اس طرح مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد 490401 ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 15301 تک پہنچ گئی ہے۔

26 Jun 2020, 9:25 AM

بہار: آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی تعداد بڑھ کر 92 ہوئی

بہار میں 25 جون کو آندھی طوفان اور آسمانی بجلی گرنے سے تباہی کا عالم مچ گیا ہے۔ خراب موسم میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے جمعرات کے روز تقریباً 84 لوگوں کی موت کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن اب اموات کی یہ تعداد بڑھ کر 92 پہنچ گئی ہے۔ یہ جانکاری ریاست کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ نے دی ہے۔


26 Jun 2020, 8:36 AM

لگاتار 20ویں دن تیل کی قیمت میں اضافہ، پٹرول اور ڈیزل دونوں 80 روپے کے پار

ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لگاتار بڑھ رہی ہیں اور 20ویں دن بھی اس میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ دہلی میں آج پٹرول کی قیمت میں 21 پیسے فی لیٹر کا اضافہ اور ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح سے اب دہلی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 80.13 روپے ہو گئی ہے اور ایک لیٹر ڈیزل کے لیے آپ کو 80.19 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ گزشتہ 20 دنوں میں ڈیزل 10.80 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے جب کہ پٹرول کی قیمتوں میں بھی تقریباً 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔