اہم خبریں: کورونا پازیٹو ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹّر میدانتا اسپتال میں داخل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Aug 2020, 9:05 PM

ہریانہ: کورونا پازیٹو منوہر لال کھٹّرمیدانتا اسپتال میں داخل

ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹّر کو گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پیر کے روز ان کی کورونا رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی تھی اور ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے منگل کے روز انھیں میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ منگل کے روز اسپتال کی جانب سے ہیلتھ بلیٹن جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کھٹّر کی حالت مستحکم ہے۔ میدانتا کی کووڈ کیئر ٹیم نے ان کا مکمل معائنہ کیا اور ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر سوشیلا کٹاریا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا علاج بہتر انداز میں جاری ہے۔

25 Aug 2020, 8:31 PM

امرپالی اڈیا ٹریڈنگ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر گرفتار

دلی پولیس کی معاشی جرائم کی شاخ (ای او ڈبلیو) نے ایک سو کروڑ روپے کی دھوکہ دہی معاملے میں امرپالی آڈیا ٹریڈنگ اینڈ انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر سنجیو کمار سنہا اور ڈائرکٹر نارائجن ٹھاکر کو گرفتار کیا ہے۔
ای او ڈبلیو کے جوائنٹ پولیس کمشنر ڈاکٹر او پی مشرا نے منگل کو بتایا کہ کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر اور ڈائرکٹر کو تقریباً ایک سو کروڑ روپے کے دھوکہ دہی اور غبن کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پون کمار چودھری اور 30 دیگر لوگوں کی جانب سے مشترکہ طور پر کمپنی کے دونوں ڈائرکٹروں اور دیگر کے خلاف شکایت کی گئی تھی۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے گاہکوں کی اجازت کے بغیر کمپنی کے شیئر کو پل اکاؤنٹ میں منتقل کردیا۔
ای او ڈبلیو کے پولیس کمشنر محمد علی کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل کی گئی۔ جانچ کے دوران کئی اور شیئر ہولڈروں نے شکایات کی جس میں سبھی نے کمپنی پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کئے ہیں۔ اب تک اس معاملے میں 124 لوگوں نے شکایت کی ہیں جن کی رقم تقریباً ایک سو کروڑ ہے۔ جانچ کے دوران نیشنل اسٹاک ایکسچنج اور سیبی کی جانب سے بھی پولیس کو شکایت ملی ہے۔

25 Aug 2020, 8:09 PM

راجستھان: جسم فروشی کے الزام میں گرفتار کیے گئے 2 افراد کورونا پازیٹو

راجستھان میں اجمیر کے الور گیٹ تھانہ علاقہ میں اتوار کو جسم فروشی کے الزام میں گرفتار 4 خواتین و مرد میں 2 کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ تھانہ انچارج سنیتا گرجر نے آج بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک خاتون و ایک مرد کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد دونوں کو کائڑ وشرام استھلی کووڈ سنٹر میں رکھا گیا ہے۔پورے تھانہ کو سینیٹائز کرایا گیا ہے۔دونوں ملزمان کو پازیٹیو آنے کے بعد پولیس نے ان کے رابطہ میں آئے تمام افراد کو جانچ کرانے کی ہدایت دی ہے۔


25 Aug 2020, 6:37 PM

مدھیہ پردیش میں دو منزلہ عمارت منہدم، راحت و بچاؤ کاری جاری

مہاراشٹر کے بعد اب مدھیہ پردیش میں عمارت منہدم ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مدھیہ پردیش کے دیواس میں لال گیٹ علاقہ کے نزدیک دو منزلہ عمارت منہدم ہو گئی ہے۔ حادثہ کے فوراً بعد راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا۔ اب تک 6 لوگوں کو ملبہ سے نکالا جا چکا ہے۔ زخمی حالت میں انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ملبہ میں کئی لوگوں کے دبے ہونے کا اندیشہ ہے جن کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

25 Aug 2020, 5:05 PM

کورونا پازیٹو جے ایم ایم کے سربراہ شیبو سورین کو رانچی کے میدانتا اسپتال سے دہلی لایا جا رہا ہے۔ ان کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے سی ایم ہیمنت سورین نے کہا کہ ان کے والد کی صحت مستحکم ہے لیکن احتیاط کے پیش نظر انہیں دہلی منتقل کیا جا رہا ہے۔


25 Aug 2020, 4:20 PM

ملک میں نافذ لاک ڈاؤن سے ہوا 2.7 لاکھ کروڑ کا نقصان، جی ڈی پی 4.5 فی صد منفی رہنے کا امکان

ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس کے نتیجے میں 2.7 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس خسارے کی وجہ سے ملک کی جی ڈی پی منفی 4.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

25 Aug 2020, 3:45 PM

کانپور: دھرنے پر بیٹھنے جا رہے باپ۔بیٹی کو پولیس نے کیا نظر بند

کانپور: اترپردیش کے ضلع کانپور میں تھانہ برا علاقے میں سنجیت یادو اغوا و قتل کے 56 دنوں بعد پولیس نے ملزمین کو تو گرفتار کرلیا ہے لیکن ابھی بھی سنجیت یادو کی لاش کو برآمد نہیں کرسکی ہے۔ دوسری طرف متاثرہ کنبہ لگاتار پولیس کی جانچ پر سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ کچھ دن قبل ہی وزیر اعلی سے ملنے کے لئے علاقائی لیڈر کے ساتھ سنجیت کے والد، ماں و بہن پیدل ہی لکھنؤ کے لئے نکل پڑے تھے لیکن پولیس نے سمجھا کر انہیں واپس کردیا تھا۔ آج صبح ایک بار پھر سنجیت کے اہل خانہ کے صبر کا پیمانہ ٹوٹ گیا اور سنجیت کے اہل خانہ برا کے شاشتری چوک پر دھرنے پر بیٹھنے کے لئے گھر سے نکل پڑے۔ اس کی جانکاری دیتے ہوئے پولیس نے سبھی کو زبردستی حراست میں لے کر نظر بند کر دیا ہے۔

برا میں لیب ٹیکنیشین سنجیت یادو کے قتل کے بعد سے ہی اہل خانہ لگاتار پولیس پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں آج صبح سنجیت کے والد چمن اور بہن روچی گھر سے غیر معینہ دھرنے کے لئے نکلے پڑے تھے لیکن اس کی جانکاری ہوتے ہی بھاری تعداد میں پولیس فورس نے بیچ راستے میں ہی کنبے کو روک لیا اور والد چمن و بہن روچی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر واپس گھر لے جاکر نظر بند کردیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔