اہم خبریں: پاکستان کے تین کرکٹ کھلاڑی کورونا وائرس میں مبتلا

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Jun 2020, 7:48 AM

پاکستان کے تین کرکٹ کھلاڑی کورونا وائرس میں مبتلا

پاکستان کے تین کھلاڑی حیدرعلی، حارث رؤف اور شاداب خاں انگلینڈ دورے پر روانہ ہونے سے کچھ روز پہلے کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں جس سے پاکستان کی انگلینڈ دورہ کی تیاریوں کو زبردست دھچکہ لگا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج اس کی تصدیق کی ہے۔ ان کھلاڑیوں کا اتوار کے روز راؤلپنڈی میں ٹسٹ کیا گیا تھا۔
بورڈ کے مطابق متاثرہ کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا اور ٹیسٹنگ سے قبل تینوں کھلاڑیوں میں کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں۔تینوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

23 Jun 2020, 6:48 AM

کاس گنج:نہیں رک رہا ہے فرضی ٹیچروں کے ملنے کا سلسلہ

اترپردیش کے ضلع کاس گنج میں فرضی ٹیچروں کے ملنے کا سلسلہ نہیں رک رہا ہے۔ انامکا شکلا معاملے کے سامنے آنے کے بعد سپریا جاٹو پھر لکشمی اور اب چترا شرما کے ذریعہ فرضی دستاویزات کی بنیادپر نوکری حاصل کرنے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔
بیسک ایجوکیشن افسر انجلی اگروال نے پیر کو یہاں بتایا کہ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ہمایو پور واقع کستوربا گاندھی رہائشی گرلس کالج میں چترا شرما نام کی خاتون وارڈن کی نوکری کررہی تھی۔ چتراشرما نے سال 2004۔5 کی فرضی بی ایڈ ڈگری کی بنیاد پر نوکری حاصل کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انامکا شکلار معاملے کے بعد بی ایس اے نے سبھی ٹیچروں کی جانچ کرائی گئی تھی۔ جانچ میں بی ایڈ کی فرضی ڈگری کے ساتھ چترا شرما نوکری کررہی ہے۔ وہ 13سال سے وارڈن/ٹیچر کے عہدے پر تعینات ہے۔اس کی تقرری 2007میں ہوئی تھی۔
بی ایس اے نے بتایا کہ ساروں تھانہ میں فرضی ٹیچر کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 20،467،468،471کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

22 Jun 2020, 10:11 PM

سونیا نے پی ایم مودی کو لکھا خط، ضرورت مندوں کو ستمبر تک مفت اناج دینے کا مطالبہ

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے ایک بار پھر پی ایم مودی کو خط لکھ کر غریب اور ضرورت مند لوگوں کی آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے تازہ خط میں پی ایم مودی سے گزارش کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مندوں کے درمیان مفت اناج تقسیم کیے جانے کے انتظام کو تین مہینے کی مدت کے لیے یعنی ستمبر 2020 تک بڑھایا جائے۔


22 Jun 2020, 9:45 PM

ممبئی: ملاڈ واقع کوارنٹائن سنٹر میں ایک خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ، مقدمہ درج

ممبئی واقع ملاڈ کے ایک کوارنٹائن سنٹر میں خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا ایک شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس تعلق سے دو لوگوں کے خلاف دفعہ 354 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ملزم بی ایم سی میں کانٹریکٹ لیبر ہے اور وہ خاتون سے زبردستی آئی لو یو بولنے کے لیے کہہ رہا تھا۔ سینئر پولس انسپکٹر وٹھل شندے کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے۔

22 Jun 2020, 8:10 PM

میزورم اور اڈیشہ کے بعد اب چھتیس گڑھ میں بھی آیا زلزلہ

چھتیس گڑھ کے جگدل پور سے 125 کلو میٹر شمال مشرق (ای این ای) پر آج شام 7.46 بجے ریکٹر اسکیل پر 3.6 کی شدت والا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل آج شام اڈیشہ میں بھی زلزلہ آیا تھا اور گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر دو بار میزورم میں بھی زلزلہ آ چکا ہے۔ میزورم میں تو زلزلہ کی وجہ سے کئی مکانوں کی دیوار میں شگاف بھی پڑ گیا ہے۔


22 Jun 2020, 7:35 PM

اڈیشہ میں بھی آیا زلزلہ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں

24 گھنٹوں کے اندر ہندوستان میں تیسری مرتبہ زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ پہلے تو 2 زلزلے میزورم میں آئے اور پھر شام تقریباً 4.40 بجے اڈیشہ میں زلزلہ آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.6 تھی۔ فی الحال زلزلہ سے کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

22 Jun 2020, 6:10 PM

کورونا متاثر ستیندر جین کی طبیعت میں بہتری، جنرل وارڈ میں شفٹ

کورونا انفیکشن سے متاثر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی طبیعت اب کافی بہتر بتائی جا رہی ہے۔ خبروں کے مطابق انھیں اب جنرل وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا اور ان کا آکسیجن سپورٹ بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 17 جون کو ستیندر جین کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا اور اس کے بعد وہ اسپتال میں داخل کیے گئے تھے۔ ستیندر جین کا علاج اس وقت ساکیت واقع میکس اسپتال میں چل رہا ہے جہاں انھیں گزشتہ دنوں پلازمہ تھیراپی دیا گیا تھا۔


22 Jun 2020, 5:10 PM

پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف این ایس یو آئی کا مظاہرہ

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 16 دنوں سے لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بڑھتی قیمت کے خلاف آج این ایس یو آئی کارکنان نے سڑک پر نکل کر مظاہرہ کیا۔ انھوں نے پی ایم مودی اور امت شاہ کے خلاف پوسٹر پر لکھے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ لگاتار قیمتوں میں اضافہ کر عوام سے لوٹ کا عمل انجام دے رہے ہیں۔

22 Jun 2020, 4:25 PM

اڈیشہ: کچھ پابندیوں کے ساتھ سپریم کورٹ نے جگن ناتھ یاترا نکالنے کی دی اجازت

سپریم کورٹ نے اڈیشہ واقع پوری میں رتھ یاترا نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جگن ناتھ یاترا کی اجازت کچھ پابندیوں کے ساتھ دی گئی ہے۔ اس کے مطابق رتھ یاترا کے دوران صحت معاملوں سے سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے اور مندر کمیٹی، ریاستی و مرکزی حکومت کے تال میل کے ساتھ ہی پروگرام کا انعقاد ہونا چاہیے۔


22 Jun 2020, 3:27 PM

میزورم: زمین دھنسنے کے واقعہ میں ایک شخص کی موت

12 گھنٹہ میں 2 بار زلزلہ کا سامنا کر چکے میزورم میں اب زمین دھنسنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ میں ایک شخص کی ہلاکت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج آئیزول واقع ہیمین سمتلنگ روڈ پر لینڈ سلائڈ ہوا جس میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔

22 Jun 2020, 2:10 PM

میزورم میں 12 گھنٹے کے اندر آئے 2 زلزلے، کئی مکانات کو پہنچا نقصان

12 گھنٹے کے اندر میزورم میں زلزلہ کے 2 جھٹکے آئے جس کی وجہ سے کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے لیکن کچھ مکانات منہدم ہو گئے ہیں کئی مکانات کی دیواریں ٹوٹ گئی ہیں۔


22 Jun 2020, 1:11 PM

دنیا میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کورونا وائرس کے آئے معاملے

جنیوا: دنیا بھرمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 183000 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ کیسز آنے کا ریکارڈ ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے یہ اطلاع دی۔

اقوام متحدہ کی ہیلتھ ایجنسی نے بتایا ہے کہ برازیل میں ایک دن میں سب سے زیادہ (54771) کیسز کے معاملہ میں سرفہرست ہے، اس کے بعد امریکہ میں 36617 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں ایک دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 15400 ریکارڈ کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق اس وبا سے اب تک مجموعی طور پر د نیا بھر میں 8708008 کیسز درج ہیں جبکہ اب تک 461715 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں دوتہائی سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

22 Jun 2020, 11:40 AM

اندور میں 'کووڈ 19' سے ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی

اندور: مدھیہ پردیش کے اندور ضلع میں 'کووڈ 19' سے مرنے والوں کی تعداد 201 ہوچکی ہے۔ اسی تسلسل میں متاثرہ افراد کی تعداد 4373 تک پہنچ گئی۔ راحت کی خبر یہ ہے کہ اب تک 3235 متاثرہ افراد ٹھیک ہوکر گھر چلے گئے ہیں، جس کے بعد ضلع اندور میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 937 ہے۔ چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (سی ایم ایچ او) ڈاکٹر ایم پی شرما نے کل رات دیر گئے ہیلتھ بلیٹن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز جانچے گئے 1404 نمونوں میں سے 1355 نگیٹو اور 44 متاثرہ افراد پائے گئے ہیں۔ جبکہ ٹیسٹ کے لئے 1867 نئے نمونے موصول ہوئے ہیں۔ اسی دوران کل 50، 56، 65 اور 85 سال عمر کے چار لوگوں کی سرکاری اموات ریکارڈ ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 201 ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر شرما نے بتایا کہ گزشتہ روز اسپتال سے 50 مریضوں کی بازیابی کے بعد اب تک مجموعی طور پر 3235 مریضوں کو فارغ کردیا گیا ہے، جس کے بعد اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 937 ہے۔ ایک ہی وقت میں، اب تک 4292 مشتبہ افراد کو تنظیمی قرنطینہ مراکز سے رہا کیا گیا ہے۔


22 Jun 2020, 10:41 AM

کانپورمیں گورنمنٹ شیلٹر ہوم کی 7 لڑکیاں حاملہ، 57 کورونا پازیٹو

کانپور میں انتظامیہ اس وقت سکتے میں آ گیا جب پتہ چلا کہ وہاں کے گورنمنٹ شیلٹر ہوم میں تقریباً 57 لڑکیوں کو کورونا پاززیٹو ہیں۔ اتنا ہی نہیں ان میں سے کئی لڑکیاں حاملہ ہیں اور ایک لڑکی کو ایڈز ہے۔

کانپور کے ریاستی شیلٹر ہوم میں کورونا انفیکشن کی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ یہاں رہنے والی دو لڑکیاں حاملہ ہیں۔ صرف یہی نہیں کہ ان دونوں میں سے ایک کو ایچ آئی وی اور دوسری کو ہیپاٹائٹس سی جیسی بیماری کا سامنا ہے۔ اس اطلاع کے بعد مقامی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔ بعد ازاں انتظامیہ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 7 لڑکیاں حاملہ ہیں اور وہ شیلٹر ہوم لانے سے قبل ہی حاملہ تھیں۔

22 Jun 2020, 9:08 AM

فرانس میں کورونا سے سات لوگوں کی موت، ہلاک شدگان کی تعداد 29640 ہوئی

پیرس: فرانس میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ- 19) سے سات اور لوگوں کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 29640 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے ذریعہ اتوار کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ہلاک شدگان میں سے 19183 لوگوں کی موت مختلف اسپتالوں میں ہوئی ہے۔ وہیں اس سلسلے میں نرسنگ ہومس منگل کو ڈاٹا جاری کریں گے۔ ملک میں اس وقت کورونا سے متاثر 9823 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، جن میں سے 715 مریض آئی سی یو میں ہیں۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں کووڈ- 19 کے 284 نئے معاملے درج کیے گئے، جو ہفتے کی 641 اورجمعہ کی 811 کے مقابلے میں کم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔