اہم خبریں: سونیا کی صدارت میں اپوزیشن کی میٹنگ کل، 24 جماعتوں کی شرکت متوقع

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 May 2020, 6:43 PM

اپوزیشن کی میٹنگ کل، 24 جماعتوں کی شرکت متوقع

کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پہل پر مہاجر مزدوروں کی صورت حال اورمعاشی حالات سے نمٹنے کے تعلق سےحکومت کے اقدامات پر تبادلہ خیال کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی جمعہ کو اہم میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی اس میٹنگ کی صدارت کریں گی جس میں اپوزیشن کے تقریباً 24 جماعتوں کے لیڈران شامل ہوں گے۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقد یہ میٹنگ دوپہر بعد تین بجے سے شروع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں مہاجرمزدوروں کی بدتر حالت،کورونا اور لاک ڈاؤن،حکومت کے 20 لاکھ کروڑ روپے کے معاشی پیکیج، کسانوں اورغریبوں جیسے امورپر تبادلہ خیال ہونے کی امید ہے۔ میٹنگ میں این سی پی ، ترنمول کانگریس ،دراوڑ منیتر کژگم ، راشٹریہ جنتا دل ، بائیں بازو کی جماعتیں ، نیشنل کانفرنس ، جھارکھنڈ مکتی مورچہ ، جنتا دل ایس ، بہوجن سماج پارٹی ، شیوسینا ، لوک تانترک جنتا دل ، تلگو دیشم پارٹی ،آر ایل ڈی وغیرہ جماعتوں کے لیڈران حصہ لے سکتے ہیں۔

21 May 2020, 4:35 PM

گردابی طوفان امفان سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہوئی

مغربی بنگال کے مختلف حصوں میں گردابی طوفان ’امفان‘ کی زد میں آکر مزید آٹھ لوگوں کی موت کے ساتھ قدرتی آفاف کے شکار لوگوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو کولکاتا میں 5 اور دیگر اضلاع میں 3 لوگوں کے مرنے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔

تقریبا 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں اور زبردست بارش کے ساتھ گردابی طوفان بدھ کی شام سندرون ڈیلٹا علاقے اور جنوبی بنگال کے چھ ضلعوں میں داخل ہوگیا۔مغربی بنگال کے ساتھ اڈیشہ میں باضابطہ طور سے بچاؤ کے انتظامات کئے گئے ہیں، حالانکہ اڈیشہ سے کسی جانی نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔

21 May 2020, 4:12 PM

اجین میں کورونا وائرس کے 61 نئے معاملے

اجین: مدھیہ پردیش کے اجین میں 61 کورونا مثبت کے نئے معاملے ملے ہیں۔ انہیں ملا کر اب یہاں کورونا متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 481 ہو گئی ہے۔ چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسر ڈاکٹر مہاویر کھنڈیلوال نے بتایا کہ گزشتہ رات جاری ہیلتھ بلیٹن کے مطابق ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 61 مثبت کے نئے معاملے ملے ہیں۔ یہاں پر کورونا متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 481 ہو گئی ہے اور اس سے متاثرہ بیماری کی وجہ مرنے والوں کے اعداد و شمار 51 ہو گئے ہیں۔ حالیہ مثبت معاملے میں 49 صرف اجین شہر کے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 193 کورونا متاثرہ مریض صحت مند ہو کر اپنے گھر جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک پانچ ہزار 826 سیمپل لئے گئے تھے اور ان میں سے 4 ہزار 788 سیمپل حاصل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کل 316 نمونے حاصل ہوئے تھے جن میں سے 61 کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔


21 May 2020, 3:08 PM

دہلی: 25 مئی سے گھریلو ہوائی خدمات شروع کرنے کو لے کر تیاریاں شروع

25 مئی سے کئی ریاستوں میں گھریلو ہوائی خدمات شروع ہونے والی ہیں جس کے پیش نظر دہلی ائیرپورٹ کے ٹرمینل-3 پر بھی سوشل ڈسٹنسنگ کو برقرار رکھنے کے لیے کئی طرح کی تیاریاں کی گئی ہیں۔

21 May 2020, 1:27 PM

چھتیس گڑھ میں ’کسان نیائے یوجنا‘ کا افتتاح، سونیا-راہل بنے تاریخی لمحہ کے گواہ

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 29ویں برسی کے موقع پر چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت نے راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا کا افتتاح کر دیا ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی اس تاریخی لمحہ کے گواہ بنے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ کورونا بیماری سے ملک کے باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے ہمیں تکلیف پہنچ رہی ہے۔ اس بیماری میں سب سے زیادہ درد دلت لوگوں کو ہی ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس بیماری کے خلاف لڑیں گے اور جیتیں گے۔ راہل گاندھی نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ چھتیس گڑھ حکومت کے ذریعہ لانچ کردہ ’راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا‘ سے غریب کسانوں کا بھلا ہوگا اور انھیں اس سے کافی مدد ملے گی۔


21 May 2020, 12:10 PM

راجیو گاندھی کے یوم وفات پر جو پیسے اشتہاروں پر خرچ ہونے والے تھے، اسے کورونا متاثرین پر خرچ کرے گی کانگریس

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یوم وفات پر جو پیسے اشتہارات پر خرچ ہونے والے تھے، اسے کورونا متاثرین پر کانگریس پارٹی خرچ کرے گی۔ کانگریس نے یہ جانکاری ایک ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ”راجیو گاندھی جی کے یوم وفات پر اشتہارات میں خرچ ہونے والی رقم کورونا متاثر مزدوروں کی مدد میں خرچ ہو، اس سے بہتر کیا ہوگا۔ راجیو گاندھی جی نے ہمیشہ ملک کے کسان-مزدوروں کے مفادات کو ترجیح دی ہے اور کانگریس پارٹی کا یہ فیصلہ یقیناً ان کے نظریات کے موافق ہے۔“

21 May 2020, 11:10 AM

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے ہوئی 132 اموات

ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کے ذریعہ پیش کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں جہاں 132 افراد کی اس انفیکشن کی وجہ سے موت ہو گئی، وہیں 5609 نئے معاملے بھی درج کیے گئے۔ اس طرح ہندوستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 12359 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں مہلوکین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3435 ہو گئی ہے۔


21 May 2020, 10:08 AM

کولکاتا: گولف گرین علاقے میں گردابی طوفان امفان سے تباہی

کولکاتا میں گردابی طوفان امفان نے کئی مقامات پر تباہی کا عالم پیدا کر رکھا ہے۔ گولف گرین علاقے میں کئی درخت اکھڑ گئے ہیں اور کئی مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ ایسے میں کچھ راستے بند ہو گئے ہیں، این ڈی آر ایف کی ٹیم راحت کے کام میں مصروف ہے۔

21 May 2020, 9:29 AM

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یوم وفات پر راہل گاندھی نے پیش کی خراج عقیدت

ملک کے وزیر اعظم راجیو گاندھی کا آج 30واں یوم وفات ہے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم اور اپنے والد راجیو گاندھی کو یاد کیا۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ”ایک سچے حب الوطن، روادار اور ہمدرد والد کے بیٹے ہونے پر مجھے فخر ہے۔ وزیر اعظم کی شکل میں راجیو جی نے ملک کو ترقی کے راستے پر آگے بڑھایا۔ اپنی دور اندیشی سے ملک کو مضبوط کرنے کے لیے انھوں نے کئی ضروری قدم اٹھائے۔ آج ان کے یوم وفات پر میں محبت اور اخلاص سے انھیں سلام پیش کرتا ہوں۔“


21 May 2020, 8:48 AM

گردابی طوفان ’امفان‘ سے اڈیشہ-بنگال میں تباہی، 10 سے زائد افراد ہلاک

گردابی طوفان ’امفان‘ نے اڈیشہ اور مغربی بنگال میں تباہی کا عالم پیدا کر دیا ہے۔ اس طوفان کی زد میں آنے سے اب تک 10 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دیر رات تک تیز بارش اور طوفانی ہوائیں دونوں ریاستوں میں چلتی رہیں۔ دونوں ہی ریاستوں میں چاروں طرف تباہی کا منظر ہے۔ آندھی میں کئی درخت اکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی کئی ٹیمیں دونوں ریاستوں میں راحت و بچاؤ کام میں لگی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔