اہم خبریں : پاپائی کونسل کی طرف سے رمضان و عید کی مبارکباد

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

17 May 2020, 6:41 PM

پاپائی کونسل کی طرف سے رمضان و عید کی مبارکباد

پاپائی کونسل برائے بین مذاہب مکالمہ نے مسلمانوں کو رمضان اور عید کی مبارکباد دی ہے۔ یہاں ماہر اسلامیات اور مفکر دینیات پروفیسر اختر الواسع کے نام ایک مکتوب میں کونسل کے صدر اور سکریٹری نے کہا ہے کہ رمضان اور عید الفطر دونوں مسیحی اور مسلم بھائی چارے کے فروع کا مناسب موقع فراہم کرتے ہیں۔

دونوں ذمہ داران نے کہا کہ وہ اس موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ کونسل مسیحی اور مسلم عبادتگاہوں کی باہمی محافظ ہونے کی دعویدار ہے۔ تہنیت نامے میں حالیہ دنوں میں مساجد، کلیساؤں اور کنیساوں پر حملوں کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ عبادت گاہوں کو تباہ کرنا مذہبی تعلیمات کے منافی ہے۔

مولانا آزاد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر واسع کے نام مکتوب میں کونسل کی جانب سے یہ امید بھی ظاہر کی گئی کہ تمام مذاہب کیلئے ہمارا باہمی احترام عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

17 May 2020, 5:37 PM

ناظرین کے بغیر شروع ہو گی ایران فٹ بال لیگ: روحانی

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد ناظرین کے بغیر ایران فٹ بال لیگ شروع کی جائے گی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور اس کا اثر ایران میں بھی پڑا ہے۔ روحانی نے کہا کہ فٹ بال لیگ رمضان کے مہینے کے بعد شروع کی جائے گی لیکن یہ ناظرین کے بغیر کھیلی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد سخت ہیلتھ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے کیا جائے گا۔ ایران کے نائب وزیر صحت ايراز هراچی نے بھی کہا تھا کہ ہم اس سیزن کو چھ ہفتے میں ختم کر سکتے ہیں اور ٹیم کو ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لئے تین ہفتے کا وقت لگے گا۔

17 May 2020, 12:32 PM

لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک جوڑے نے زہر پی کرخودکشی کرلی

حیدرآباد: لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہو رہی مالی مشکلات پر ایک جوڑے نے زہر پی کرخودکشی کرلی۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق 65 سالہ ہیملا اور اس کی بیوی 60 سالہ تلسی کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے کام نہیں مل رہا تھا اور یہ جوڑا شدید مالی مشکلات کاشکار ہوگیا تھا۔ جمعہ کی صبح اس جوڑے نے زہر پی لیا جس کے بعد ان کو علاج کے لئے پڑوسیوں نے سرکاری اسپتال منتقل کیا، تاہم علاج کے دوران آج یعنی اتوار کو ان کی موت ہوگئی۔ اس جوڑے کو تین بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔ دو بیٹیوں کی شادی ہوگئی ہے اور دو بیٹے والدین کے ساتھ رہتے ہیں، کیونکہ وہ جسمانی طور پر معذور ہیں۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔


17 May 2020, 10:40 AM

مصر میں کورونا کے 491 نئے کیسز، متاثرین کی مجموعی تعداد 11719

قاہرہ: مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ -19) انفیکشن کے 491 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 11719 ہو گئی ہے۔ مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ اس دوران 20 افراد کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 612 ہو گئی ہے۔

اس درمیان، کورونا وائرس سے متاثر 151 مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی. وزارت کے مطابق ملک میں اب تک 2950 افراد مکمل طور پر اس وبا سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ قابل غور ہے کہ مصر میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ 14 فروری کو سامنے آیا تھا جبکہ آٹھ مارچ کو ملک میں اس وبا سے پہلی موت ہوئی تھی، مصر میں حکومت آہستہ آہستہ مرحلہ وار طریقے سے پابندیوں کو ہٹا کر کئی قسم کی اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ سب سے زیادہ آبادی والے ملک مصر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران روزانہ رات میں نو گھنٹے کے لئے کرفیو لاگو کیا جاتا ہے۔

17 May 2020, 9:11 AM

مہاجر مزدوروں کی بڑی تعداد دہلی-یوپی سرحد پر جمع

دہلی کے غازی پور کے پاس موجود دہلی-اترپردیش سرحد پر مہاجر مزدوروں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی ہے، اوریا حادثے کے بعد اتر پردیش حکومت نے پیدل جارہے مہاجر مزدوروں کے لیے بسوں کا انتظام کرنے کے لئے ضلع حکام کو حکم دیا ہے، دریں اثنا ان مہاجر مزدوروں اور کامگاروں کو اترپردیش سرحد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ہے۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان مہاجر مزدور کو اس وقت تک اترپردیش سرحد میں داخل نہیں ہونے دیں گے جب تک ان کے حکومت کی جانب سے جاری انٹری پاس نہیں ہوگا۔


17 May 2020, 7:59 AM

راہل نے مودی مل فلائی اوور کے قریب مزدوروں سے کی ملاقات

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیدل اپنے گھر جا نے والے کچھ مزدوروں سے یہاں متھرا روڈ پر مودی مل فلائی اوور کے قریب ہفتہ کو ملاقات کی اور ان کے دکھ درد کو سنا۔ جنوبی مشرقی دہلی ضلع کے پولیس ڈپٹی کمشنر راجندر پرساد مینا نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ راہل گاندھی متھرا روڈ پر تارکین وطن محنت کشوں سے ملاقات کرنے کے لئے آنے والے ہیں۔ راہل گاندھی شام قریب پانچ بجے مودی مل فلائی اوور کے پاس پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی نے یہاں سڑک کنارے 15 مزدوروں سے ملاقات کی اور کچھ دیر تک ان سے بات چیت کی۔ یہاں پر تقریباً 15 سے 20 منٹ گزارنے کے بعد راہل گاندھی یہاں سے چلے گئے۔ مینا نے کہا کہ راہل گاندھی کے ساتھ کچھ کانگریسی کارکن بھی موجود تھے۔ یہاں موجود مزدوروں کو یہ لوگ اپنے ساتھ لے گئے۔ ان مزدوروں میں 11 مرد، چار خواتین اور ایک بچہ شامل تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔