اہم خبریں LIVE: پولیس کی دھکا-مکی سے چدمبرم اور پرمود تیواری کی پسلی میں فریکچر

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Jun 2022, 9:27 PM

پولیس کی دھکا-مکی سے سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم اور پرمود تیواری کی پسلی میں فریکچر

سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم کے ساتھ پولیس کی دھکا-مکی ہوئی جس سے ان کی بائیں پسلیوں میں ہیئر لائن فریکچر ہو گیا ہے۔ یہ اطلاع کانگریس ذرائع نے دی ہے۔ رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کے بارے میں بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ زخمی ہوئے ہیں۔ انھیں پولیس کے ذریعہ سڑک پر پھینکا گیا جس سے ان کے سر میں چوٹ آئی ہے اور پسلی میں فریکچر ہے۔

13 Jun 2022, 7:13 PM

جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں: بھوپیش بگھیل

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ آج ہمارے قومی لیڈر راہل گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ معاملے میں ای ڈی نے طلب کیا اور اس کے خلاف ہمارے ہزاروں کارکنان نے پورے ملک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ دراصل جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

13 Jun 2022, 4:12 PM

راہل گاندھی ایک بار پھر ای ڈی دفتر پہنچے، وقفہ کے بعد دوبارہ پوچھ گچھ

راہل گاندھی سوالات کا سامنا کرنے کے لئے دوبارہ ای ڈی کے دفتر پہنچ گئے ہیں۔ انہیں لنچ کا مختصر وقفہ دیا گیا تھا، جس کے دوران وہ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے اسپتال میں ملاقات کے لئے گئے۔ اب وہ دوبارہ دفتر پہنچ گئے ہیں۔


13 Jun 2022, 3:59 PM

ای ڈی کے دفتر سے باہر نکلے راہل گاندھی، سونیا گاندھی کی عیادت کے لئے اسپتال پہنچے

راہل گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کے بعد وہ ایجنسی کے دفتر سے باہر آ گئے ہیں۔ ای ڈی کی پوچھ گچھ ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے اور انہیں لنچ کے بعد دوبارہ سوالات کا سامنا کرنا ہوگا۔

راہل گاندھی لنچ بریک کے دوران کانگریس صدر اور اپنی والدہ سونیا گاندھی کی عیادت کے لئے سر گنگا رام اسپتال پہنچ گئے ہیں۔ سونیا گاندھی کورونا سے متعلق صحت کے مسائل کے سبب اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہیں گزشتہ روز اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

13 Jun 2022, 2:14 PM

کانگریس کے زیر حراست لیڈران سے ملاقات کے لئے پولیس اسٹیشن پہنچیں پرینکا گاندھی

کانگریس کے مارچ کے دوران حراست میں لئے گئے متعدد لیڈران کو تغلق لین تھانہ میں رکھا گیا ہے۔ پرینکا گاندھی تھانہ پہنچ گئی ہیں جہاں انہوں نے زیر حراست لیڈران سے ملاقات کی۔


13 Jun 2022, 11:46 AM

ای ڈی دفتر میں راہل گاندھی سے پوچھ گچھ شروع، حراست میں لئے جا رہے کانگریس کارکنان

راہل گاندھی کے ساتھ ای ڈی کے دفتر پہنچے کانگریس کارکنان کو سیکورٹی فورسز نے روک دیا جس سے ناراض ہو کر کارکنان دھرنا دیتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگے۔ پولیس کانگریس کارکنان کو حراست میں لے کر گاڑی میں بیٹھا رہی ہے۔ ادھر، ای ڈی دفتر کے اندر راہل گاندھی نے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔

13 Jun 2022, 11:17 AM

ای ڈی دفتر پہنچے راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت ہزاروں پارٹی لیڈران اور کارکنان کا مارچ

نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں راہل گاندھی ای ڈی دفتر پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران ان کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں پارٹی لیڈران اور کارکنان موجود رہے جنہوں نے ای ڈی دفتر تک مارچ کیا۔ پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ راہل گاندھی پوچھ گچھ کے لئے ای ڈی دفتر کے اندر چلے گئے ہیں جبکہ پارٹی لیڈران اور کارکنان کو دفتر کے باہر پولیس بیرکیڈنگ پر روک لیا گیا ہے۔


13 Jun 2022, 10:13 AM

کانگریس کو پرامن احتجاج کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی؟ سرجے والا کا سوال

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے لیڈر سرجے والا نے پوچھا کہ کیا وجہ ہے کہ کانگریس کے پرامن ستیہ گرہ اور مارچ کو اجازت نہیں دی جا رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ دراصل حکومت کانگریس سے خوفزدہ ہے کیونکہ راہل گاندھی ان سے نہیں دبتے اور عوام کی آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔

دریں اثنا، اطلاع ہے کہ پرینکا گاندھی بھی کانگریس کے احتجاج میں شریک ہو سکتی ہیں کیونکہ ان کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی پائی گئی ہے۔

13 Jun 2022, 8:51 AM

کانگریس صدر دفتر کو جانے والی تمام راہیں مسدود

کانگریس کے احتجاج اور مارچ کے پیش نظر دہلی واقع کانگرس کے صدر دفتر کو جانے والی تمام راہیں مسدود کر دی گئی ہیں۔ دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کے خصوصی انتظامات کی وجہ سے نئی دہلی میں گول ڈاک خانہ جنکشن، پٹیل چوک، ونڈسر پلیس، تین مورتی چوک، پرتھوی راج روڈ سے آگے بسوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان پولیس گول میتھی جنکشن، تغلق روڈ جنکشن، کلیریجز جنکشن، کیو پوائنٹ جنکشن، سنہری مسجد جنکشن، مولانا آزاد روڈ جنکشن اور مان سنگھ روڈ جنکشن پر جانے سے گریز کریں۔ خصوصی انتظامات کے باعث بھاری ٹریفک کی آمدورفت متوقع ہے۔


13 Jun 2022, 8:45 AM

راہل گاندھی کی ای ڈی میں پیشی سے قبل کانگریس کے کئی لیڈران حراست میں لئے گئے

نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں ای ڈی کے سامنے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی پیشی سے قبل پارٹی دفتر کے باہر کئی لیڈران نے نعرے بازی کی، جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پولیس کانگریس کے ای ڈی تک نکالنے جانے والے مارچ کے پیش نظر بھی کارروائی کر رہی ہے۔ اس کے تحت دفتر تک جانے والی تمام راہیں مسدود کر دی گئی ہیں اور راہل گاندھی کی رہائش اور پارٹی کے دفتر کے باہر بڑی تعداد میں پولیس فورسز تعینات کی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔