ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات میں بھوٹان کے بادشاہ اور ماریشش کے وزیر خارجہ کی بھی شرکت

ماریشس اور بھوٹان دونوں ہی ممالک نے اپنے قومی پرچم کو 28 دسمبر کے لیے نصف سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کے موقع پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر</p></div>

ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کے موقع پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات آج پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا ہو گئیں۔ اس موقع پر نہ صرف ہندوستان کی سرکردہ سیاسی شخصیات موجود تھیں، بلکہ بیرون ممالک کے بھی کئی اہم شخصیات نے نم آنکھوں کے ساتھ انھیں الوداع کہا۔ بیرون ملکی شخصیات میں بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامیگل وانگ چک اور ماریشش کے وزیر خارجہ دھننجے رام پھل کا نام قابل ذکر ہے، جنھوں نے دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر منموہن سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

موصولہ اطلاع کے مطابق ماریشس اور بھوٹان دونوں ہی ممالک نے اپنے قومی پرچم کو 28 دسمبر کے لیے نصف سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماریشس کی حکومت نے ڈاکٹر منموہن کے احترام میں 28 دسمبر کو اپنا قومی پرچم نصف جھکا رکھنے کا اعلان کیا اور ایک نوٹ میں ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رامگولم کے دفتر نے پرائیویٹ سیکٹر سے بھی پرچم کو نصف جھکائے رکھنے کی گزارش کی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رامگولم نے پورٹ لوئس میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی یاد میں ایک تعزیتی کتاب پر دستخط بھی کیے۔


جہاں تک بھوٹان کا سوال ہے، وہاں بھی قومی پرچم آدھا سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پورے بھوٹان اور بیرون ملک بھوٹانی سفارت خانوں، مشنز و قونصل خانوں پر آنجہانی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے احترام اور حکومت ہند و ہندوستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کی علامت کے طور پر قومی پرچم نصف سرنگوں رکھے جائیں گے۔

اس سے قبل جمعہ کو بھوٹان کے بادشاہ اور ملکہ نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی تھی۔ بھوٹان کے بادشاہ اور ملکہ نے آنجہانی منموہن سنگھ کی یاد میں کرمی ٹونگچوڈ یا مکھن کے ایک ہزار لیمپ پیش کیے۔ دعائیہ تقریب میں بھوٹان کے وزیر اعظم، ہندوستانی سفیر اور شاہی حکومت و حکومت ہند کے اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی تھی۔ اسی طرح کی دعائیہ تقریبات تمام 20 جونگ کھاگ میں بھی منعقد کی گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔