سیلاب سے تباہ حال کیرالہ کی مدد کے لیے فلمی ستاروں نے کی اپیل

کیرالہ میں بارش اور سیلاب سے مرنے والوں کی کل تعداد 167 تک پہنچ گئی ہے۔ کیرالہ باشندگان کی مدد کے لیے جنوبی فلمی ستاروں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ ستاروں نے بھی لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیرالہ میں زبردست بارش اور سیلاب کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے جمعہ کو جانکاری دی کہ بارش کے سبب ہوئے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 167 ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ”لوگوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہیں۔ ہم نے مرکز سے گزارش کی ہے کہ وہ مزید ہیلی کاپٹر مہیا کرائیں۔“

ریاست میں بدتر ہوتے حالات کے درمیان فلمی ستاروں نے ملک کے لوگوں سے آگے آ کر مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ ورون دھون، انوشکا شرما اور ابھشیک بچن جیسی بالی ووڈ ہستیوں سے لے کر جنوبی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکاروں نے نہ صرف ہیلپ لائن نمبر شیئر کیا ہے بلکہ جتنی ممکن ہو سکے مدد کی اپیل کی ہے۔

اداکار ورون دھون نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کیا ہے کہ ”کیرالہ میں سیلاب کی حالت کافی خراب ہے۔ ریاست کو قومی میڈیا کی توجہ کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت اور عوام سے مدد کی ضرورت ہے۔ کیرالہ کے لوگوں کو اس طرح پریشان حال دیکھ کر برا لگ رہا ہے۔“

اداکارہ انوشکا شرما کا کہنا ہے کہ ”سیلاب سے کیرالہ میں تباہی مچی ہوئی ہے۔ ہم جو بھی کر سکیں، ہمیں کرنا چاہیے۔“

اداکار ابھشیک بچن نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ”کیرالہ میں سیلاب سے جو ہو رہا ہے، اسے دیکھ کر دل روتا ہے۔ برائے کرم کیرالہ کی مدد کے لیے آگے آئیں۔“

اداکار دُلکیر سلمان کا کہنا ہے کہ ”ملک کی میڈیا سے کیرالہ میں سیلاب سے متعلق حساس ہونے کی گزارش کر رہا ہوں۔“

’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ میں اپنی اداکاری کے لیے شہرت حاصل کر چکی اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے بھی ٹوئٹ کے ذریعہ اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ”یہ دہشت ناک ہے۔ لوگوں کے لیے دعا کرنا بہتر ہے۔ مدد کرنے کے لیے ایک جٹ ہونا چاہیے۔“

اداکارہ شردھا کپور نے بھی کیرالہ کے اس مشکل وقت میں لوگوں سے دعا کی گزارش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ”کیرالہ سیلاب سے متاثر ہر کسی کے لیے دعا گو ہوں۔ ریاست کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ مدد کتنی چھوٹی اور بڑی ہے۔ یہاں کچھ تفصیلات ہیں جن سے آپ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کے امدادی فنڈ میں عطیہ کر سیلاب متاثرین کی مدد کر سکتے ہیں۔“

گزرے زمانے کی مشہور و معروف اداکارہ جوہی چاﺅلہ بھی کیرالہ سیلاب سے متاثرین کی مدد کے لیے لوگوں سے ٹوئٹر پر اپیل کرتی ہوئی نظر آئیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ”ریاست کیرالہ اب تک کے سب سے خطرناک سیلاب کا سامنا کر رہی ہے۔ میرا دل اس مشکل حالات کو دیکھ کر افسردہ ہے۔ آپ اپنی حیثیت کے مطابق لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں۔“

بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار و ہدایت کار فرحان اختر نے بھی کیرالہ کے الگ الگ مقامات کے فون نمبر کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے۔ اسی طرح کئی دیگر بالی ووڈ و جنوب فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار، ہدایت کار و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ہر ممکن مدد کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔