کشمیر بلدیاتی انتخابات: سری نگر۔مظفرآباد ’کاروان امن‘ بس سروس معطل

کاروان امن بس سروس کو جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ اور اس موقع پر علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر معطل کی گی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے درمیان چلنے والی ہفتہ وار ’کاروان امن‘ بس سروس پیر کے روز یعنی آ ج معطل کردی گئی۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’کاروان امن بس سروس کو جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ اور اس موقع پر علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے پیش نظر معطل کی گی ہے۔

انہوں نے بتایا ’پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں متعلقہ انتظامیہ کو بتایا گیا کہ ریاست میں آج بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے بس سروس کو احتیاطی طور پر معطل رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظفر آباد کی انتظامیہ نے بس سروس کی معطلی کے ہمارے مطالبے کو منظورکرلیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جو مسافر اس بس سے آج سفر کرنے والے تھے، کو اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مسافروں کو اب اگلے ہفتے چلنے والی بس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ سری نگر اور مظفرآباد کے درمیان چلنے والی اس ہفتہ وار بس سروس کا آغاز 7 اپریل 2005 کو ہوا تھا اور تب سے اِس کے ذریعے ہزاروں لوگ آرپار اپنے عزیز واقارب سے ملنے آتےہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔