باقر نقوی کا اردو داں طبقہ کو عظیم تحفہ

محبان اردو کے لئے ایک خوش خبری ہے کہ معروف شاعر باقر نقوی کی کوششوں کی وجہ سے جاپان کا ادب اب اردو میں بھی دستیاب ہو گا ۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

محبان اردو کے لئے ایک بڑی خوشخبری یہ ہے کہ جاپان کے ادب میں نوبل انعام یافتہ ادیب کینزابورو اوئے اور یاسوناری کواباٹا کی اب تمام تصنیفات اردو زبان میں بھی دستیاب ہوں گی اور ان کا ترجمہ کسی اور نے نہیں بلکہ معروف مترجم و شاعر باقر نقوی نے کیا اور اس کا نام ہے ’جاپان کا نوبل ادب‘۔

حال ہی میں پاکستان میں واقع جاپان کے اطلاعاتی و ثقافتی مرکز نے معروف ادیبوں کو باقر نقوی کی اردو میں ترجمہ کی گئی تازہ تصنیف پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے مدعو کیا ۔ اس تقریب کا انعقاد پاکستان ۔ جاپان ادبی فورم نے کیا جس کے سرپرست اعلی جاپان کے کونسل جنرل توشیکازو ایسومورا ہیں اور بانی خرم سہیل ہیں اور دونوں ہی شخصیات اس تقریب میں موجود تھیں۔ دونوں شخصیات نے جاپانی کتابوں اور ادب کو اردو میں ترجمہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا یہ دونوں ممالک میں باہمی تعلقات فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا ۔

اس موقع پر ایسومورا نے کہا کہ جاپانی ادب کے ترجمہ سے پاکستانی قاری کو جاپان کے ثقافتی اور سیاسی پہلوؤں کو زیادہ بہتر سمجھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس طرح کا تبادلہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تال میل اور تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ باقر نقوی کا ترجمہ لائق تحسین ہے ۔ واضح رہے باقر نقوی اس وقت مراسکی شیکیبو کی کتاب ’دی ٹیل آف گینجی‘ کا ترجمہ کر رہے ہیں اور وہ جلد ہی منظر عام پر آ نے والی ہے ۔ پروفیسر رؤوف پاریکھ جو اس تقریب میں موجود تھے انہوں نے باقر نقوی کی ادبی اور ترجمہ کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’باقر صاحب میں لکھنے اور ترجمہ کرنے کی زبردست صلاحیتیں ہیں ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ترجمہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے کیونکہ ہر زبان کا اپنا ایک الگ مزاج ہوتا ہے اور ترجمہ میں اس مزاج کو بحال رکھنا ایک بڑی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا ’’باقر صاحب نے نہ صرف خوبصورت ترجمہ کیا ہے بلکہ اس کے اصل روح کا بھی پورا خیال رکھا ہے‘‘۔ پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ ترجمہ دوسری تہذیب اور زبان سے جڑنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ’’باقر نقوی نے ترجمہ کا ایک شاندار نمونہ پیش کیا ہے کیونکہ کسی دوسری زبان کے ترجمہ کرتے وقت اس ملک کی تاریخ اور ثقافت سے آپ کو بخوبی واقف ہونا چاہئے جو باقر نقوی میں زبردست ہیں ‘‘۔

بازیافت پبلیشر نے نے اس کتب کو شائع کیا ہے اور اس پبلشنگ ہاؤس کے سربراہ مبین مرزا نے بتایا کہ باقر نقوی ایک اچھے شاعر ہونے کے ساتھ ایک زبردست مترجم ہیں ۔ باقر نقوی اس تقریب میں شرکت نہیں کر پائے تھے لیکن انہوں نے اس موقع پر ایک پیغام بھیجا دیا تھا جس میں انہوں نے جاپان سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔