’ہندوستان مضبوطی سے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے‘، پی ایم مودی نے نیتن یاہو سے فون پر کی بات

اسرائیل اور حماس کے درمیان تشدد میں اب تک دونوں فریقین کے 1600 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں اور ہزاروں لوگ نقل مکانی کو مجبور ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے درمیان منگل کے روز فون پر اہم بات چیت ہوئی۔ بات چیت کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حماس کے ساتھ چل رہی جنگ کے درمیان ہندوستان کے لوگ یہودی ملک کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پی ایم مودی نے ایکس پر کہا کہ ’’فون کرنے اور موجودہ حالات پر اَپڈیٹ دینے کے لیے بنجامن نیتن یاہو کا شکریہ۔ ہندوستان کے لوگ اس مشکل وقت میں اسرائیل کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ہندوستان دہشت گردی کے سبھی اشکال اور اظہار کی سخت اور واضح طور سے مذمت کرتا ہے۔‘‘

پی ایم او (وزیر اعظم دفتر) نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی کو آج اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے ٹیلی فون کیا۔ وزیر اعظم مودی نے اسرائیل میں دہشت گردانہ حملوں کے نتیجہ کار مارے گئے اور زخمی ہوئے لوگوں کے تئیں گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور بتایا کہ ہندوستان کے لوگ اس مشکل وقت میں اسرائیل کے ساتھ متحد ہو کر کھڑے ہیں۔ انھوں نے دہرایا کہ ہندوستان دہشت گردی کے سبھی اشکال اور اظہار کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے اسرائیل میں ہندوستانی شہریوں کی سیکورٹی کے ایشو پر روشنی ڈالی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں لیڈران رابطہ میں بنے رہنے پر اتفاق بھی ظاہر کیا۔


قابل ذکر ہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ پٹی سے اسرائیل کے خلاف حملہ شروع کیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل نے بھی جنگ کا اعلان کر دیا، اور پھر اس کے بعد سے وزیر اعظم نریندر مودی کی یہ دوسری سوشل میڈیا پوسٹ ہے۔ حملہ شروع ہونے کے بعد پی ایم مودی نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا ’’اسرائیل میں دہشت گردانہ حملوں کی خبر سے گہرا صدمہ لگا ہے۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں بے قصور متاثرین اور ان کے کنبوں کے ساتھ ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں اسرائیل کے ساتھ متحد ہو کر کھڑے ہیں۔‘‘

بہرحال، میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو چوتھے دن بھی جاری اسرائیل و حماس جنگ میں دونوں فریقین کے 1600 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں، جبکہ ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی افسران کا ماننا ہے کہ سینئر فوجی افسران سمیت 150 لوگوں کو حماس نے گھرے ساحلی علاقہ میں یرغمال بنا رکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔