آزاد ہند فوج میں میجر رہ چکے ایشور لال کا انتقال، سنگاپور میں لی آخری سانس

ایشور لال کے بھتیجے میلوندر سنگھ نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ’’ہمیں اپنے چاچا (ایشور لال سنگھ) کے انتقال کے بارے میں آپ کو مطلع کرتے ہوئے غم ہو رہا ہے۔ 5 اگست 2022 کو ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘

ایشور لال سنگھ کی فائل تصویر
ایشور لال سنگھ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

انڈین نیشنل آرمی میں میجر رہ چکے ایشور لال سنگھ کا سنگاپور میں جمعہ کے روز انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 92 سال تھی اور ان کے انتقال کے خبر کی تصدیق اہل خانہ کے اراکین نےکی۔ ایشور لال سنگھ نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کی قیادت میں ملک کی خدمات انجام دی تھی۔ وہ 1943 میں انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) میں شامل ہوئے تھے۔ وہ سبھاش چندر بوس کے قریبی تھے۔ قابل ذکر ہےکہ آئی این اے سنگاپور اور ملیشیا میں مختلف اہم ذاتیاتی گروپوں، ہندوؤں، مسلمانوں اور سکھوں کا ایک مجموعہ تھا۔

آنجہانی ایشور لال سنگھ کےبھتیجے میلوندر سنگھ نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ’’ہمیں اپنے چاچا (ایشور لال سنگھ) کے انتقال کے بارے میں آپ کو مطلع کرتے ہوئے غم ہو رہا ہے۔ 5 اگست 2022 کو ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘ سنگاپور میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ہم آئی این اے کے سرکردہ جوان لال سنگھ کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘


ایشور لال سنگھ کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی اظہارِ افسوس کیا۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے ’’ایک ناقابل تلافی خسارہ۔ آئی این اے کے مشہور میجر (سبکدوش) ایشور لال سنگھ نے غیر معمولی قوت اور محنت کے ساتھ ہندوستان کی آزادی کے لیے لڑائی لڑی۔ مجھے نومبر 2019 میں اپنے سنگاپور سفر کے دوران ان کے ساتھ اپنی ملاقات یاد آ رہی ہے۔ ان کے انتقال سے افسردہ ہوں۔ ان کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔