عشرت جہاں مڈبھیڑ معاملہ: ایک عرضی گذار کی موت

گوپی ناتھ کی بہو ساجدہ شیخ نے ان کے بیٹے پرانیش پلئی عرف جاوید غلام شیخ سے شادی کی تھی لیکن جاوید شیخ کی عشرت جہاں مڈبھیر میں موت ہو گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عشرت جہاں مبینہ فرضی مڈ بھیڑ میں عشرت کے ساتھ ہلاک ہونے والے پرانیش پلئی عرف جاوید غلام شیخ کے والد گوپی ناتھ پلئی بروز بدھ ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہو گئے تھے اور جمعہ یعنی کل وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور ان کا انتقال ہوگیا۔ گوپی ناتھ عشرت جہا ں مڈبھیڑ معاملے میں عرضی گزار تھے اب ان کے انتقال کے بعد صرف عشرت جہاں کی والدہ شمیمہ کوثر ہی اکیلی عرضی گزار بچی ہیں ۔

اس سڑک حادثہ کے تمام پہلؤوں کی پولس تفتیش کر رہی ہے۔ کیرالہ کے ڈی جی پی لوک ناتھ بہرا نے ایک اخبار کو بتایا کہ ’’حادثہ کی پوری جانچ کی جار ہی ہے یہ جانے کے لئے کہ یہ سڑک حادثہ ہے یا قتل ہے‘‘۔ واضح رہے گوپی ناتھ جو نوراناد کے رہنے والے ہیں ان کا ایکسیڈینٹ قومی شاہرہ نمبر 66پر ویالار جنکشن کے قریب اس وقت ہوا جب وہ اپنی طبی جانچ کے لئے کوچی اسپتال جا رہے تھے ۔ کار ان کے بھائی مادھون چلا رہے تھے۔ ان کے بھائی مادھون نے ایک اخبار کے رپورٹر کو بتایا ’’ہم بدھ کی صبح 4بجے گھر سے نکلے اور راستے میں اچانک ہمارے آگے چلنے والی کار نے بریک لگائے ، جس کی وجہ سے ہمیں بھی بریک لگانے پڑے اور پیچھے سے آ رہی لاری نے ہماری گاڑی کو اتنی شدید ٹکر ماری کے ہماری کار سڑک کے بیچ ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی‘‘۔ مادھون کو یہ معاملہ سیدھا سڑک حادثہ لگتا ہے اور انہیں اس میں کوئی تخریب کاری کا پہلو نظر نہیں آتا۔

گوپی ناتھ کی موت کی خبر سننے کے بعد آخری رسومات میں شرکت کے لئے ساجدہ شیخ پونے سے کیرالہ گئیں۔ ایک اخبار کو دیئے گئے بیان میں انہوں نے کہا ’’میرے سسر یہ کہا کرتے تھے کہ میں چاہے زندہ رہوں یا مر جاؤں ہمیں اس کیس کوحتمی انجام تک پہنچانا ہے۔ میں انصاف حاصل کرنے کے لئے کیس لڑتی رہوں گی‘‘۔ ساجدہ نے بتایا کہ جاوید کے انتقال کے بعد بھی ان کے سسر کے ساتھ اچھے تعلقات تھے اور گزشتہ سال نومبر 2017میں ان سے ملاقات ہوئی تھی۔

گوپی ناتھ کی بہو ساجدہ شیخ نے ان کے بیٹے پرانیش پلئی عرف جاوید غلام شیخ سے شادی کی تھی لیکن جاوید شیخ کی عشرت جہاں مڈبھیر میں موت ہو گئی تھی ، جس کے بعد ساجدہ نے آصف سے شادی کر لی تھی جو میکینک کا کام کرتا ہے۔ سال 2004میں جاوید، عشرت اور 2 دیگر لوگوں کا قتل ایک پولس مڈبھیڑ میں ہو ا تھا۔

واضح رہے سال 2004میں جب پولس مڈبھیڑ ہوئی تھی جس میں جاوید کو مار دیا گیا تھا اس کے بعد ریاست کے انسداد دہشت گردی دستہ نے جاوید کے گھر کی تلاشی کے بعد سیل کر دیا تھا۔جسے ساجدہ نے عدالتی کارروائی کے بعد گھر کو کھلوا لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Apr 2018, 4:24 PM