بیوی کو ہلاک کرنے پر سینئر ایرانی سیاستدان کو سزائے موت

ایران کے نمایاں سیاستدان اور تہران کے سابق میئر محمد علی نجفی کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ ان پر اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ نجفی ایک سال کے لیے ایران کے نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے تھے۔

بیوی کو ہلاک کرنے پر سینئر ایرانی سیاستدان کو سزائے موت
بیوی کو ہلاک کرنے پر سینئر ایرانی سیاستدان کو سزائے موت
user

ڈی. ڈبلیو

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ایرانی عدالتی ترجمان غلام حسین اسماعیلی کے حوالے سے منگل کے دن بتایا ہے کہ ایران کے نمایاں سیاستدان محمد علی نجفی کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ ملکی نیوز ایجنسی ISNA کے مطابق عدالت میں نجفی پر یہ جرم ثابت ہو گیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی میترا استاد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق میترا استاد، 67 سالہ محمد علی نجفی کی دوسری بیوی تھیں۔ اس کیس کے تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم اطلاعات ہیں کہ ملزم نے الزام عائد کیا تھا کہ میترا نے انہیں دھوکا دیتے ہوئے ایک نوجوان سے جنسی روابط قائم کر لیے تھے۔ نجفی نے مئی میں اپنی اہلیہ کو ہلاک کیا تھا اور اسی ماہ انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔


پولیس کی تحویل میں نجفی نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی کو گولیاں ماری ہیں۔ تب پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ تھا کہ یہ دونوں 'ازدواجی مسائل‘ کا شکار تھے۔

سن دو ہزار اٹھارہ میں تہران کے میئر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے اصلاح پسند سیاستدان نجفی کے وکیل نے میڈیا کو بتایا ہے کہ وہ اس عدالتی سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ نجفی کے پاس حق ہے کہ وہ آئندہ بیس دنوں کے اندر اندر اپیل کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ ایران میں اسلامی قوانین کے مطابق مقتول کے گھر والے مجرم کی سزا کو معاف بھی کر سکتے ہیں۔


ہائی پروفائل سیاستدان نجفی نہ صرف منجھے ہوئے سیاستدان ہیں بلکہ وہ ایک ماہر ریاضی ہیں اور پروفیسر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ماضی میں سائنس اور ایجوکیشن کے وزیر بھی رہے تھے۔ نجفی صدر حسن روحانی کے مشیر برائے اقتصادیات کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ مارچ سن دو ہزار اٹھارہ کے اواخر تک وہ تہران کے میئر کے عہدے پر فائز تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔