ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ماریشس کے ہم منصب سے کی ملاقات، کئی معاہدوں پر ہوا دستخط
پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام کا اپنے پارلیمانی حلقہ میں استقبال کر کے میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔ دورِ قدیم سے کاشی ہندوستانی تہذیب و ثقافت کی علامت رہی ہے۔‘‘

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بروز جمعرات (22 ستمبر) اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رام غلام سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈران نے دو فریقی مذاکرہ بھی کیا اور دونوں ممالک کے درمیان کچھ اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں لیڈران کی اس ملاقات کے بعد ہندوستان اور ماریشس کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ اس تعلق سے ہندوستانی پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ہندوستان اور ماریشس صرف پارٹنرس نہیں ہیں بلکہ ایک فیملی ہیں۔‘‘
ڈاکٹر نوین چندر رام غلام کا وارانسی میں استقبال کرنے پر پی ایم مودی نے خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام کا اپنے پارلیمانی حلقہ میں استقبال کر کے میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔ دورِ قدیم سے کاشی ہندوستانی تہذیب و ثقافت کی علامت رہی ہے۔ ہماری ثقافت اور روایت صدیوں پہلے ہندوستان سے ماریشش پہنچی ہیں اور وہاں کی زندگی میں رچ بس گئی ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’کاشی میں گنگا کے بلا روک ٹوک بہاؤ کی طرح ہندوستانی ثقافت کا مستقل بہاؤ ماریشس کو خوشحال بناتا ہے، اور آج بھی کر رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی پی ایم مودی کہتے ہیں کہ ’’آج جب ہم ماریشس کے دوستوں کا استقبال کاشی میں کر رہے ہیں، تو یہ محض رسمی نہیں بلکہ روحانی ملن ہے۔‘‘
ہندوستان اور ماریشس کے درمیان ہوئے معاہدوں سے متعلق کچھ اہم جانکاری دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ آئی آئی ٹی مدراس اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹیشن مینجمنٹ نے ماریشس یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ یہ معاہدے ہماری تحقیق، تعلیم اور ایجادات میں شراکت داری کو نئی اونچائیوں تک لے جائیں گے۔ ساتھ ہی ماریشس کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) کی سیکورٹی اور سمندری صلاحیت کو مضبوط کرنے کے لیے ہندوستان پُرعزم ہے۔ ماریشس کا ساحلی محافظ جہاز ہندوستان میں دوبارہ تیار کیا جا رہا ہے اور ان کے 120 افسران بھی ہندوستان میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ آج ہائیڈروگرافی (سمندری نقشہ سازی) کے شعبہ میں تعاون پر معاہدہ ہوا ہے اور آئندہ 5 سالوں تک ای ای زیڈ کا جوائنٹ سروے، بحریہ میں آپسی تعاون، چارٹس اور ہائیڈروگرافک ڈاٹا شیئر کرنے کا منصوبہ بنا ہے۔
اس موقع پر ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام نے پی ایم مودی کے ذریعہ گرمجوشی سے استقبال کیے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے پی ایم مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے یہ ملاقات آپ کے انتخابی حلقہ میں ہو رہی ہے۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ اتنی مضبوطی کے ساتھ کیوں منتخب کیے جاتے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ ہندوستان کا میرا چوتھا سرکاری دورہ ہے۔ ہندوستان اپنی مختلف حکومتوں کے ذریعہ سے ماریشس کی ترقی کے سفر میں اس کے ساتھ رہا ہے۔ ہم نے قومی ترقی کے اہم شعبوں میں ہندوستان کی ہمدردانہ تعاون اور مہارت کا فائدہ اٹھا ہے، جس میں صحت، تعلیم، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچہ و سمندری تحفظ شامل ہیں۔ لیکن ہم اتنے تک ہی محدود نہیں۔ ان شعبوں میں ہندوستان کے ذریعہ وقت پر دی گئی حمایت ماریشس میں عوامی زندگی کی سطح بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔‘‘