آگ کا گولہ بنے سنگاپوری جہاز کے لیے ہندوستانی بحریہ نے چلایا کامیاب آپریشن، عملہ کے 4 اہلکار اب بھی لاپتہ
ہندوستان میں چینی سفارت خانہ کے ترجمان نے کہا کہ ’’ہندوستانی بحریہ اور ممبئی کوسٹ گارڈ کے ہم شکر گزار ہیں۔ جو لوگ ابھی لاپتہ ہیں ان کے جلد ملنے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
سنگاپوری جہاز میں لگی آگ کا منظر، ویڈیو گریب
کیرالہ کے ساحل کے قریب سنگاپور کے تجارتی سمندری جہاز ایم وی وان ہائی 503 اچانک آگ کی زد میں آ گئی۔ ہندوستانی بحریہ نے ایئر آپریشن کے ذریعہ ریسکیو آپریشن کو انجام دیا۔ اس آپریشن کے دوران بحریہ نے آئی این ایس گروڈا کی مدد لی، سی کنگ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بچاؤ ٹیم کو براہ راست جلتے ہوئے جہاز پر اتارا گیا۔ ٹیم نے ٹگ بوٹ آف شور واریر سے جہاز کو جوڑنے کے لیے ٹوونگ کنکشن کامیابی کے ساتھ قائم کیا۔ اس کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر پائلٹ ٹیم کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ابھی بھی ہندوستانی بحریہ کا جہاز آئی این ایس شاردا اور ایم وی ٹرائٹن لبرٹی جہاز انڈین کوسٹ گارڈ اور دیگر سمندری ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس ریسکیو آپریشن کو انجام دے رہا ہے۔
تائیوان حکومت نے سنگاپور کے تجارتی جہاز ایم وی وان ہائی 503 سے عملے کے اراکین کو بچانے میں چلائی جانے والی مہم کے لیے ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح ہو کہ کیرالہ کے ساحل کے قریب سمندری جہاز میں آگ لگ گئی تھی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں ہندوستان میں تائیوان کے نمائندہ دفتر نے کہا کہ ’’تائیوان حکومت ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ کی جانب سے ایم وی وان ہائی 503 کے لیے کیے گئے ریسکیو آپریشن کے لیے شکر گزار ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ لاپتہ عملہ کے اراکین بحفاظت لوٹ آئیں اور جو زخمی ہوئے ہیں وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں۔‘‘
واضح ہو کہ جہاز پر 22 پائلٹ ٹیم کے ممبران تھے، ان میں سے 18 کو بچایا جا چکا ہے۔ حالانکہ ابھی بھی 4 لاپتہ ہیں، ساتھ ہی کئی ممبران اس حادثہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ کیرالہ کے ازیکل ساحل سے تقریبا 44 سمندری میل کے فاصلہ پر ہوا۔ اس تجارتی جہاز کے اندر 8 چینی، 6 تائیوانی، 6 میانماری اور 3 انڈونیشین شہری تھے۔
ہندوستان میں چینی سفارت خانہ نے بھی ہندوستانی افسران کی جانب سے بروقت امداد فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کے لیے کافی تعریف کی۔ سفارت خانہ کے ترجمان یو جِنگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ’’ہندوستانی بحریہ اور ممبئی کوسٹ گارڈ کے ہم شکر گزار ہیں۔ جو لوگ ابھی لاپتہ ہیں ان کے جلد ملنے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔