’ہندوستانی شہری جلد یوکرین چھوڑ دیں‘، روس-یوکرین جنگ تیز ہوتے ہی ہندوستانی سفارتخانہ کی ایڈوائزری جاری

بدھ کے روز ہی روسی صدر ولادمیر پوتن نے یوکرین کے چار علاقوں میں مارشل لاء کا اعلان کیا ہے، یہ علاقے ہیں لوہانسک، ڈونیتسک، زاپوریجیا اور کھرسان۔

روس-یوکرین جنگ، تصویر آئی اے این ایس
روس-یوکرین جنگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

یوکرین پر روسی حملہ ایک بار پھر شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ یوکرین میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی حالت اور تازہ حملوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی سفارتخانہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی شہری جلد از جلد یوکرین چھوڑ دیں۔ یہ ایڈوائزری 19 اکتوبر کو جاری کی گئی ہے جس میں ہندوستانی شہریوں کو یوکرین کا سفر نہ کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔ سفارتخانہ نے یوکرین میں موجود طلبا سمیت ہندوستانی شہریوں کو فوری طور پر یوکرین چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز ہی روسی صدر ولادمیر پوتن نے یوکرین کے چار علاقوں میں مارشل لاء کا اعلان کیا ہے۔ یہ علاقے ہیں لوہانسک، ڈونیتسک، زاپوریجیا اور کھرسان۔ ان علاقوں پر روسی نے جبراً قبضہ کر لیا تھا۔ مارشل لاء کے اعلان کے بعد روس کے سبھی علاقوں کے سربراہان کو اضافی ایمرجنسی طاقتیں مل گئی ہیں۔


ولادمیر پوتن نے قومی سیکورٹی کونسل کی میٹنگ کے دوران کہا کہ میں نے روسی یونین کے ان چار سبجیکٹ میں مارشل لاء نافذ کرنے کے لیے ایک ڈکری پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے بعد کریملن نے ایک ڈکری شائع کی جس میں کہا گیا کہ جمعرات کی شروعات سے علاقوں میں مارشل لاء نافذ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ روس کی طرف سے گزشتہ کچھ دنوں میں یوکرین پر حملے تیز کر دیے گئے ہیں۔ گزشتہ پیر کو ہی یوکرین کے کئی شہروں پر ڈرون سے حملے کیے گئے تھے۔ یوکرین کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ڈرون حملے میں چھ لوگوں کی جان گئی ہے جس میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی۔ اس سے پہلے 10 اکتوبر کو بھی روس کی طرف سے یوکرین میں تقریباً 84 میزائلیں داغی گئی تھیں۔ اس حملے میں 19 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔