مظفر پور شیلٹر ہوم: منجو ورما اور برجیش ٹھاکر کے کئی ٹھکانوں پر سی بی آئی چھاپہ

بہار کے مظفر پور گرلز شیلٹر ہوم واقعہ کی جانچ کر رہی سی بی آئی نے جمعہ کو سابق وزیر برائے سماجی فلاح منجو ورما کی سرکاری رہائش سمیت ایک ساتھ کئی مقامات پر چھاپہ ماری کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مظفر پور گرلز شیلٹر ہوم میں نابالغ لڑکیوں کے ساتھ جنسی تشدد معاملے میں سی بی آئی نے جمعہ کو جانچ کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے سابق وزیر منجو ورما کی رہائش سمیت بہار میں 12 مقامات پر چھاپہ ماری کی۔ سی بی آئی کی ٹیم نے بہار کی سابق وزیر برائے سماجی فلاح کے پٹنہ واقع تین رہائش کی تلاشی لی۔

دہلی میں ایک سی بی آئی افسر نے اس سلسلے میں بتایا کہ اس معاملے کے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کے دوستوں کے مظفر پور، موتیہاری اور بیگو سرائے واقع احاطوں میں بھی تلاشی ہوئی۔

جولائی مہینے میں مظفر پور گرلز شیلٹر ہوم معاملہ سامنے آنے کے بعد سے منجو ورما لگاتار اپوزیشن کے نشانے پر ہیں۔ الزام ہے کہ گرلز شیلٹر ہوم میں 34 نابالغ لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری کرنے کے اہم ملزم کا منجو ورما کے شوہر چندریشور ورما کے ساتھ بہت قریبی رشتہ تھا۔ منجو ورما نے 8 اگست کو کافی دباﺅ کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس معاملے میں 2 جون کو گرفتاری کے بعد سے برجیش ٹھاکر مظفر پور جیل میں ہے اور شیلٹر ہوم کو سیل کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں بہار کے مظفر پور، چھپرہ، حاجی پور کے شیلٹر ہوم میں بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعات سامنے آئے۔ یہ پورا معاملہ اس وقت روشنی میں آیا جب ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس کی آڈٹ رپورٹ سامنے آئی۔ 31 مئی کو حکومت بہار کو رپورٹ سونپی گئی۔

اس آڈٹ رپورٹ کے مطابق بچیوں کی میڈیکل جانچ میں ان کے جسم کے کئی حصوں پر جلنے اور کٹنے کے نشان بھی ملے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق بچیوں کا روز جنسی استحصال ہوتا تھا۔ میڈیکل رپورٹ میں بھی بتایا گیا کہ جنسی استحصال سے پہلے بچیوں کو نشے کی دوائیاں اور انجکشن دیے جاتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔