بی جے پی-پی ڈی پی کٹھوعہ عصمت دری جرم میں شراکت دار: پی ڈی پی وزیر

محبوبہ مفتی کے بھائی اور جموں و کشمیر میں وزیر سیاحت تصدیق مفتی کا کہنا ہے کہ اگر اتحادی حکومت کا مطلب لگاتار ناکامی اور بے عزتی کا سامنا کرنا ہے تو میں ایسی حالت میں اپنی بے چینی نہیں چھپا سکتا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی تصدق مفتی نے کٹھوعہ اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے میں اپنی ہی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تصدق مفتی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم کنٹرول میں ہیں، پھر بھی ہم پر بھروسہ نہیں کیا جاتا۔ ریاست کی حالت سنوارنے کے لیے ہم شراکت دار ہیں، لیکن اعتراف کرتے ہوئے انتہائی خراب لگتا ہے کہ کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوتے۔ ہم (پی ڈی پی-بی جے پی) جرم میں شراکت دار ہیں جس کے سبب کشمیریوں کی ایک نسل کو اپنے خون سے اس کی قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔‘‘

چونکہ تصدق مفتی ریاست کی بی جے پی-پی ڈی پی حکومت میں وزیر سیاحت ہیں اس لیے ان کا یہ بیان انتہائی اہمیت کا حا مل ہے۔ حالانکہ انھوں نے اپنے اس بیان کو نجی بیان قرار دیا ہے لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی پی کے زیادہ تر لیڈران ایسا ہی سوچتے ہیں۔ اپنی بات چیت کے دوران محبوبہ مفتی کے بھائی نے مرکزی حکومت سے اپیل بھی کی کہ ’’ضدی رویہ چھوڑ کر اصل مسئلہ پر توجہ دی جائے۔ ریاست میں کشیدگی کے حالات پر قابو کیا جائے اور سیاسی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا جائے۔‘‘

کٹھوعہ عصمت دری کو نہایت شرمناک قرار دیتے ہوئے تصدق مفتی نے اس پر فرقہ وارانہ سیاست کیے جانے کی مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’عصمت دری کے بعد معصوم بچی کا جس بربریت کے ساتھ قتل کیا گیا اور فرقہ وارانہ سیاست نے ریاست کو بدنام کیا جوکہ ہمارے لیے باعث شرم ہے۔ اگر اتحادی حکومت کا مطلب لگاتار ناکامی اور بے عزتی کا سامنا کرنا ہے تو میں ایسی حالت میں اپنی بے چینی کو نہیں چھپا سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔