آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر تیار

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے اتوار کو پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ اور پاکستانی وزیر اعظم کے مابین یہ ملاقات دبئی میں ہونے والی ’ورلڈ گورنمنٹ سمٹ‘ کے حاشیے میں ہوئی۔ یہ اجلاس آئی ایم ایف اور متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں منقعد ہو رہا ہے۔

لاگارڈ نے عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا، ’’میں نے یہ بات دہرائی ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کےساتھ تعاون کرنے پر تیار ہے۔‘‘ آئی ایم ایف کے ایک وفد نے ابھی نومبر میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد اسلام آباد حکومت کے لیے کسی ممکنہ بیل آؤٹ پیکج کے موضوع پر بات کرنا تھا۔ تاہم یہ بات چیت کسی نتیجے تک پہنچے بغیر ہی ختم ہو گئی تھی۔ اس کے بعد حکومتی اہلکار وں نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

1980ء کی دہائی سے پاکستان اپنی مالی مشکلات دور کرنے کے لیے تواتر کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے پاس جاتا رہا ہے اور ساتھ ہی اسے ادائیگیوں میں توازن کے بحران کا سامنا بھی ہے۔

لاگارڈ نے مزید کہا، ’’میں نے اس جانب بھی توجہ دلائی ہے کہ فیصلہ کن پالیسیاں اور اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے ذریعے ہی پاکستان اپنی معیشت پر اعتماد بحال کر سکتا ہے اور اس طرح مضبوط اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔‘‘

پاکستان نے آخری مرتبہ آئی ایم ایف سے 2013ء میں 6.6 ارب ڈالر کا قرضہ لیا تھا۔ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اندازوں کے مطابق پاکستان میں رواں برس جون میں ختم ہونے والے مالی سال کے دوران اقتصادی نمو4.0 اور 4.5 فیصد کے درمیان رہے گی۔ گزشتہ مالی سال میں یہ شرح 5.8 فیصد تھی۔

عمران خان نے گزشتہ برس برسر اقتدار آنے کے ساتھ ہی بڑے زور و شور کے ساتھ کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا۔ اس دوران انہوں نے حکومت کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کو اور وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسوں کو نیلام کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے دوست ممالک سے قرضہ لینے کی بھی مہم شروع کی تاکہ آئی ایم ایف کی ادائیگیوں کو ممکن بنایا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔