گھُٹ گھُٹ کر گزر رہی تھی زندگی اس لیے ایشوریہ کو دے رہا ہوں طلاق: تیج پرتاپ

تیج پرتاپ نے میڈیا کو بیان دیا ہے کہ ایشوریہ ہائی سوسائٹی سے تعلق رکھتی ہیں اس لیے تال میل نہیں بن پا رہا اور گھُٹ گھُٹ کر زندگی گزارنے سے بہتر ہے کہ الگ ہو جائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کے ذریعہ 2 نومبر کو ایک مقامی عدالت میں ایشوریہ سے طلاق کی عرضی داخل کیے جانے کے بعد بہار کی سیاست میں بھی گہما گہمی پیدا ہو گئی ہے۔ اس تعلق سے تیج پرتاپ نے میڈیا میں اب ایک بیان دیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ آخر انھوں نے یہ قدم کیوں اٹھایا۔ ہفتہ کے روز تیج پرتاپ نے کہا کہ ’’یہ سچ ہے کہ میں نے طلاق کے لیے عرضی داخل کی ہے۔ اس کے لیے عدالت میں عرضی داخل کی گئی ہے اور اب ہم انصاف کی لڑائی لڑیں گے۔ گھُٹ گھُٹ کر جینے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔‘‘

تیج پرتاپ نے گھُٹ گھُٹ کر زندگی گزارنے کی وجہ بھی اپنے بیان میں بتائی اور کہا کہ ’’ایشوریہ ہائی سوسائٹی کی ہے۔ ہمارا اور ان کا میل نہیں۔ کمان سے تیر نکل چکا ہے تو یہ انجام تک پہنچے گا۔ یہ جھوٹ بات ہے کہ میں ایشوریہ کو بچپن سے جانتا ہوں۔‘‘ تیج پرتاپ کے اس بیان کے بعد یہ ظاہر ہو گیا ہے کہ ان کے اور ایشوریہ کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا اور تیج پرتاپ طلاق دے کر خود کو ایشوریہ سے الگ کرنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں ابھی تک ایشوریہ کا کوئی بیان نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ تیج پرتاپ اور ایشوریہ رائے کی شادی تقریباً 6 مہینے پہلے 12 مئی کو ہوئی تھی۔ اس شادی میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان سمیت ہر پارٹی کے لیڈر اور کئی معزز لوگ شریک ہوئے تھے۔ چارہ گھوٹالے کے معاملے میں قصوروار قرار دیے جانے کے بعد رانچی کی جیل میں سزا کاٹ رہے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے پیرول پر رِہا ہو کر شادی میں شرکت کی تھی۔ ابھی اس شادی کو ایک سال بھی نہیں ہوئے ہیں اور تیج پرتاپ نے طلاق کی عرضی داخل کر دی ہے اور عدالت نے اسے اپنی فہرست میں شامل بھی کر لیا ہے۔ اس معاملے میں سماعت کی تاریخ 29 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Nov 2018, 2:09 PM