ہماچل پردیش: کناڈا کی پیراگلائیڈر میگن ایلزبتھ کی لاش دھولادھر کے نشیبی علاقہ سے برآمد، بیڑ-بلنگ سے بھری تھی پرواز
میگن ایلزبتھ رابرٹس نے ہفتہ کی صبح تقریباً 9.45 بجے بیڑ-بلنگ سے پرواز بھری تھی۔ لاپتہ ہونے کی جانکاری ملنے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

کناڈا کی پیراگلائیڈر پائلٹ میگن ایلزبتھ رابرٹس گزشتہ دنوں ہماچل پردیش کی دھولادھار کی پہاڑیوں میں لاپتہ ہو گئی تھیں۔ کافی تلاش کے بعد ان کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ میگن کی لاش دھولادھار کے نشیبی علاقہ میں برآمد ہوئی ہے، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ کناگڑا کی اے ڈی ایم شلپی ویکٹا نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 19 اکتوبر کو خبر ملی تھی کہ 27 سالہ اوٹاوا باشندہ میگن ایلزبتھ نے بیڑ-بلنگ سے تنہا پرواز بھری تھی۔ پرواز بھرنے کے دوران وہ اونچائی والے علاقہ میں راستہ بھٹک گئیں اور دھولادھر کی پہاڑیوں میں لاپتہ ہو گئیں۔
میگن ایلزبتھ کے لاپتہ ہونے کی خبر ملتے ہی انتظامیہ نے ریسکیو ٹیم کو آدی ہمانی چامنڈا کی پہاڑیوں کی جانب روانہ کیا۔ صبح کے وقت ہیلی کاپٹر کی مدد سے تلاشی مہم شروع کی گئی۔ علاقہ میں گہرے بادل اور اونچائی کے سبب سرچ آپریشن بہت مشکل تھا۔ ہیلی کاپٹر بہت کوششوں کے بعد بھی وہاں لینڈ نہیں کر سکا، جس کے بعد ٹیم کو ’ایئر ڈراپ‘ کیا گیا۔ سخت مشقت کے بعد ٹیم نے خاتون کناڈائی پیراگلائیڈر کو مردہ حالت میں تلاش کر لیا۔ لاش کو کانگڑا لایا گیا اور پھر ٹانڈا میڈیکل کالج کے مردہ گھر میں رکھوایا گیا۔ اے ڈی ایم شلپی وکٹا کا کہنا ہے کہ یہ ’سولو فلائنگ‘ تھی، اس لیے معاملے کی تفتیش ہوگی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو گھر والوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق میگن ایلزبتھ رابرٹس نے ہفتہ کی صبح تقریباً 9.45 بجے بیڑ-بلنگ سے پرواز بھری تھی۔ انتظامیہ کو اندیشہ تھا کہ وہ اوپری دھرمشالہ یا تریونڈ علاقہ میں پھنس گئی ہوں گی۔ مقررہ وقت پر لینڈنگ نہ کرنے کے بعد بیڑ پیراگلائیڈنگ ایسو سی ایشن (بی پی اے) نے انتظامیہ کو خبر دی تھی۔ اس کے بعد تلاشی مہم شروع ہوئی۔ بی پی اے کو ذاتی ہیلی کاپٹر سے سرچ آپریشن چلانے کی خصوصی اجازت پولیس سے مل گئی تھی، جس کے بعد بیڑ-بلنگ سے لے کر دھرمشالہ تک سرچ آپریشن چلایا گیا۔ اتوار کی صبح سے ذاتی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ہوائی تلاشی مہم شروع کی گئی، جبکہ زمینی سطح پر مقامی انتظامیہ، پولیس ٹیم، بی پی اے اراکین اور پہاڑی بچاؤ ٹیم تلاشی مہم میں مصروف رہے۔ سخت تلاش و جستجو کے بعد ایلزبتھ کی لاش دھولادھر کے نشیبی علاقہ میں برآمد ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔