دہلی میں ہائی الرٹ! اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کے پیش نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری

16 سے 20 فروری 2026 کے درمیان ہونے والی سمٹ میں وزیراعظم مودی، گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین سمیت کئی بین الاقوامی رہنما اور صنعتی دنیا کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی پولیس، فائل تصویر ویپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی کے بھارت منڈپم میں 16 سے 20 فروری 2026 کے درمیان منعقد ہونے والی اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کے مدنظر دہلی میں ٹریفک کے وسیع انتظامات نافذ کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اور ٹریفک کی نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے سمٹ مقام کے اطراف کی کئی سڑکوں پر ٹریفک کو محدود یا موڑ دیا جائے گا۔ ایسی حالت میں دہلی کے باشندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جام سے بچنے کے لیے گھر سے نکلنے سے پہلے ٹریفک ایڈوائزری ضرور دیکھ لیں۔

خبر کے مطابق سمٹ میں وزیراعظم نریندرمودی، گوگل کے سی ای او سندر پچائی اوراوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین سمیت کئی بین الاقوامی رہنما اور صنعتی دنیا کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ لاکھوں لوگوں نے اس پروگرام کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے جب کہ تقریباً 10ہزارغیر ملکی مندوبین کے دہلی پہنچنے کی امید ہے۔ اس سمٹ کو ہندوستان میں مضنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے کی سمت طے کرنے والا اہم پروگرام مانا جارہا ہے۔ لہٰذا اس عالمی ایونٹ کے پیش نظر کئی راستوں پر ٹریفک محدود اور متاثر رہے گا۔ وہ گاڑیاں جن کی منزل دہلی نہیں ہے،انہیں ایسٹرن اور ویسٹرن پیریفرل ایکسپریس وے کے ساتھ متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔


اس دوران پروگرام کے مقام پرگتی میدان اور اس کے آس پاس کے کئی بڑے راستے متاثر رہیں گے۔ ان میں اکبر روڈ، تین مورتی مارگ، مدر ٹریسا کریسنٹ، سردار پٹیل مارگ، جن پتھ، فیروزشاہ روڈ، شانتی پاتھ، ستیہ مارگ، افریقہ ایونیو، کمال اتاترک مارگ، اے پی جے عبدالکلام روڈ، سی ہیکساگون، ڈاکٹر ذاکر حسین مارگ، مہاتما گاندھی مارگ (بھیکاجی کاما پلیس سے موتی باغ فلائی اوور)، سکندر روڈ،متھرا روڈ(چڑیا گھر سے تلک مارگ)، سبرامنیم بھارتی مارگ، بھیرون مارگ، اور راجیش پائلٹ مارگ شامل ہیں۔ ان راستوں پر ٹریفک کو محدود کیا جا سکتا ہے یا ڈائیورژن نافذ ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر ٹریفک پولیس نے مسافروں کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے کچھ متبادل راستے تجویز کیے ہیں۔ اس کے مطابق بھیرن مارگ کی طرف جانے والی گاڑیاں رنگ روڈ کے آئی ٹی او ۔آشرم سیکشن یا پرگتی میدان ٹنل کا استعمال کر سکتی ہیں۔ راجیش پائلٹ مارگ کی طرف جانے والوں کو آرک بشپ مارکیریس مارگ اور مہارشی رمن مارگ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موتی لال نہرومارگ، داراشکوہ مارگ، تالکٹورہ روڈ، سین مارٹن مارگ، ٹالسٹائے مارگ، بابا کھڑگ سنگھ مارگ، بہادر شاہ ظفر مارگ، نیتی مارگ، نیائے مارگ، لودھی روڈ، جواہر لال نہرو مارگ، دین دیال اپھادھیائے مارگ اور مان سنگھ روڈ جیسے راستے بھی متبادل کے طور پر استعمال کئے جاسکتے ہیں۔


سمٹ کے موقع پر راجدھانی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریباً 10 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں تقریباً 5ہزار ٹریفک پولیس اہلکار شامل ہیں۔ دہلی ٹریفک پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلسل ریئل ٹائم اپڈیٹس فراہم کرے گی تاکہ لوگ اپنے روٹ کو وقت رہتے بدل سکیں۔ کئی غیر ملکی مندوبین شہر کے مشہور ہوٹلوں میں قیام کریں گے جس میں دی اوبرائے، تاج محل، آئی ٹی سی موریا اور دی لیلا شامل ہیں۔ ان علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

بتادیں کہ بھارت منڈپم کے 5 کلومیٹر کے دائرے میں 30 سے ​​زیادہ اسکول اس خصوصی ٹریفک پلان سے متاثر ہوں گے۔ جبکہ وی وی آئی پی موومنٹ کے لیے مختص کردہ روٹ پر 10 اسکول ہیں جن میں بورڈ امتحان کے سینٹر بھی ہوں گے۔ وہاں تقریباً 2 ہزار 943 طلباء امتحان دیں گے۔ ان اسکولوں تک پہنچنے کے لیے بھی متبادل روٹ بنائے گئے ہیں۔ اس پلان کے تحت امتحان دینے والے طلباء کو پریشانی سے بچانے کے لیے ہراسکول کے آ س پاس افسران کو تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔