کرناٹک: دیوگوڑا کا اعلان ’انتخابات کے بعد بھی بی جے پی کو حمایت نہیں‘

ایچ ڈی دیو گوڑا نے بی جے پی پر علاقائی پارٹیوں کا استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے شیو سینا کے ساتھ جو کیا اس سے ظاہر ہے کہ وہ علاقائی پارٹیوں کا استعمال کر کے انھیں ٹھکرا دیتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے لیے ایک بری خبر ہے۔ سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے سربراہ ایچ ڈی دیو گوڑا نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ انتخابات کے نتائج کے بعد بھی ان کی پارٹی بی جے پی کو حمایت نہیں دے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر انتخابات کے نتائج اوپینین پول کے مطابق ہی رہے اور کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی تو ان کی پارٹی بی جے پی کو حمایت نہیں دے گی۔

ایچ ڈی دیو گوڑا نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کرناٹک انتخابات میں جیت حاصل کرے گی۔ پورے ملک میں مودی لہر کے ختم ہونے کی بات کرتے ہوئے انھوں نے بی جے پی پر علاقائی پارٹیوں کا استعمال کر کے انھیں ٹھکرا دینے کا الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے شیو سینا کے ساتھ جیسا سلوک کیا اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ علاقائی پارٹیوں کا استعمال کرنے کے بعد ان کا ساتھ چھوڑ دیتیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے 2006 کی غلطیوں سے سبق مل گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں 12 مئی کو انتخابات ہونے ہیں اور 15 مئی کو نتائج آئیں گے۔ حال ہی میں آئے اوپینین پول سے ایچ ڈی دیو گوڑا بہت پرجوش ہیں۔ اوپینین پول کے مطابق ان کی پارٹی جے ڈی ایس کو تقریباً 34 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ ریاست میں دیوگوڑا کی شبیہ سیکولر رہی ہے۔ 2004 میں دیوگوڑا نے کانگریس کا ساتھ دیتے ہوئے ریاست میں دھرم سنگھ کی حکومت بنوائی تھی۔ حالانکہ ان کے بیٹے کمارسوامی کا جھکاؤ بی جے پی کی طرف رہا ہے۔ 2006 میں کمارسوامی نے کانگریس سے حمایت واپس لے کر بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لی تھی۔ لیکن سال بھر بعد ہی ان کی حکومت گر گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔