’لالچی ٹرمپ نے پاکستان سے پیسے لے کر ہندوستان سے تعلقات خراب کر لیے‘، سابق امریکی سفیر امینوئل کا دعویٰ

سابق امریکی سفیر امینوئل نے کہا کہ ’’چین کے مقابلے ہندوستان امریکہ کے لیے ایک بڑا اسٹریٹجک توازن ہو سکتا تھا۔ لیکن امریکی صدر نے اپنے فیصلوں سے ہندوستان کے ساتھ رشتوں کو تباہ کر دیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>نریندر مودی / ڈونلڈ ٹرمپ (فائل)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

سابق امریکی صدر براک اوباما کے چیف آف اسٹاف اور جاپان میں امریکہ کے سابق سفیر رہے امینوئل نے ڈونالڈ ٹرمپ پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے جمعرات (16 اکتوبر) کو کہا کہ ٹرمپ نے ہندوستان-امریکہ تعلقات کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔ امینوئل نے ٹرمپ کو لالچی قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے تکبر اور پاکستان سے ملے کچھ پیسوں کے لیے ہندوستان کے ساتھ رشتوں کو خراب کر لیا ہے۔

سابق امریکی سفیر امینوئل نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ’’چین کے مقابلے ہندوستان امریکہ کے لیے ایک بڑا اسٹریٹجک توازن ہو سکتا تھا۔ وہ مینیوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبہ کے ساتھ ساتھ فوجی تعاون میں بھی امریکہ کے لیے فائدہ مند ہو سکتا تھا، لیکن امریکی صدر نے اپنے فیصلوں سے ہندوستان کے ساتھ رشتوں کو تباہ کر دیا۔ انہوں نے امریکہ کی 40 سالہ اسٹریٹجک تیاریوں پر پانی پھیر دیا۔‘‘


امینوئل نے ہندوستان کے ساتھ رشتوں کو خراب کرنے کے لیے مکمل طور سے ڈونالڈ ٹرمپ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے اسے ٹرمپ کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا ہے۔ سابق امریکی سفیر نے کہا کہ ’’دونوں ممالک کی جمہوری حکومتوں نے اس شرکت داری کو اعتماد کی بنیاد پر بنایا تھا، جسے برباد کر دیا گیا۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ماہ سے ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات ٹھیک نہیں چل رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ’آپریشن سندور‘ کے بعد سے ہی پاکستان کے کافی قریب ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر نے ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی کی تھی۔ دوسری جانب ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر کے دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کر دیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔